• Fri, 13 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

قرآن مجید کو اللہ نے ایمان و عمل کی تعلیم اور قلب وروح کے تزکیہ کیلئے اتارا ہے

Updated: November 13, 2026, 11:25 AM IST | Maulana Ameen Ahsan Islahi | Mumbai

رب العالمین کی اس پاک کتاب کا فیض صرف انہی لوگوں پر پہنچ سکتا ہے جو اس کے پاس پاک دل اور سننے والے کان لے کر حاضر ہوں، (عمل کے جذبہ سے آئیں) جنگجو دماغ اور الجھانے والی عقل لے کر نہ آئیں۔

Allah the Almighty revealed the Holy Quran for the purpose of teaching faith and righteous deeds, and for the purification of the heart and soul—not for intellectual indulgence or contentious, twisted arguments. Image: INN
قرآن مجید کو اللہ تعالیٰ نے ایمان و عمل کی تعلیم اور قلب وروح کے تزکیہ کے لئے اتارا ہے، دماغی عیاشیوں اور کج بحثیوں کے لئے نہیں اتارا ہے۔ تصویر: آئی این این

قرآن مجید میں دو طرح کی آیات

قرآن مجید میں دو طرح کی آیات ہیں۔ ایک محکمات اور دوسری متشابہات۔ محکمات اپنے مفہوم ومطلب میں بالکل واضح ہیں۔ ان میں کسی پہلو سے کسی طرح کا اشتباہ نہیں ہے۔ ان کا تعلق ہماری عملی اور اعتقادی زندگی کے اساسی مسائل سے ہے، اس لئے ہم ان کے تمام پہلوؤں کو اچھی طرح اپنی گرفت میں لے سکتے ہیں اور منطق و استدلال کی تمام کسوٹیوں پر جانچ کر ان کی نسبت اپنے قلب کو ہر طرح مطمئن کر سکتے ہیں۔ متشابہات کا حال ان سے کچھ مختلف ہے۔ اصولی طور پر تو وہ عقل و استدلال کی نہایت محکم بنیادوں پر مبنی ہوا کرتی ہیں اس لئے ان پر اجمالاً ایمان لانے اور یقین کرنے میں عقل کو ذرا بھی الجھن نہیں ہوتی۔ لیکن چونکہ ان کا تعلق اس عالم محسوسات سے ماوراء احوال و امور سے ہوتا ہے اس لئے ان کی تفصیل ہماری عقل و منطق کے دائرہ میں نہیں سماتی۔ 

یہ بھی پڑھئے: وراثت کا اسلامی فلسفہ

قرآن پڑھنے والوں کی دوقسمیں

پھر جس طرح قرآن مجید کی آیتوں کی دو قسمیں ہیں اسی طرح قرآن مجید کے پڑھنے والوں کی بھی دو قسمیں ہیں۔ 

پہلی قسم

ایک وہ لوگ ہیں جو اپنے ارادہ اور نیت کو درست کر کے اس کی طرف بڑھتے ہیں اور ان کا مقصود طلب ِرشد و ہدایت کے سوا اور کچھ نہیں ہوتا۔ قرآن مجید فوراً ایسے لوگوں کا ہاتھ پکڑ کر ان کو اپنی تربیت میں لے لیتا ہے۔ وہ اس کی محکمات میں اپنے روح و قلب کے لئے پوری آسودگی اور اپنی اعتقادی و عملی زندگی کیلئے پوری رہنمائی پاتے ہیں۔ ایک مدت کی گم گشتگی اور ہرزہ گردی (آوارہ گردی) کے بعد ان کو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ گویا سکون قلب اور طمانیت عقل کی بہشت میں پہنچ گئے ہیں۔ ان کے دل کی تمام خلشیں دور ہو جاتی ہیں، شبہات و شکوک کے تمام کانٹے ایک ایک کر کے نکل جاتے ہیں۔ متشابہات سے ان کے دل میں کوئی وحشت نہیں پیدا ہوتی ، کیونکہ اصولی طور پر وہ بالکل عقل و حکمت پر مبنی ہوتی ہیں اور اجمالاً ان پر ایمان لانے میں عقل کوکوئی رکاوٹ نہیں ہوتی، صرف یہ بات ہوتی ہے کہ ان کی جزئیات کے متعلق کوئی تفصیلی تصور عقل کی گرفت میں نہیں آتا تو یہ ایسی چیز نہیں ہے جو سب انکار و اعراض ہو۔ اگر ہمارے پاس ۹۹؍ روپے موجود ہیں تو بہتر ہوگا کہ اگر یہ پورے ۱۰۰؍ ہو جائیں لیکن اگر ایسا نہ ہو تو کیا ہم اپنی جیب سے ۹۹ روپے پھینک دیں گے؟ پس اس طرح کی آیات کے باب میں وہ خدا کی طرف رجوع کرتے ہیں اور کہتے ہیں، ترجمہ: ’’ہم ان پر ایمان لائے۔ یہ سب ہمارے رب ہی کے پاس سے ہے۔‘‘ اور ان کا یہ کہنا بیوقوفی اور نا سمجھی کی وجہ سے نہیں ہوتا۔ بلکہ عقل و دانش اور علم کی پختگی کی وجہ سے ہوتا ، چنانچہ قرآن نے ان کو پختہ کارانِ علم کے عظیم الشان لقب سے پکارا کیونکہ ان کا آیاتِ متشابہات کے متعلق یہ اعتراف در حقیقت کمال عقل و حکمت ، انتہائے فکر و تدبر اور علم کی پختگی کی سب سے بڑی شہادت ہے، اس کے معنی یہ ہیں کہ انہوں نے معاملہ کو ، جہاں تک اس کی اصل و بنیاد کا تعلق ہے، اچھی طرح سمجھ لیا ہے۔ اس کے متعلق ان کو کسی طرح کا تذبذب باقی نہیں رہ گیا ہے۔ صرف اس کے بعض گوشوں کے متعلق ان کو شرح صدر کا انتظار ہے سو اس کیلئے وہ امیدوار ہیں کہ اللہ تعالیٰ ان کو جلد تشفی وطمانیت سے بہرہ مند فرمائے گا ۔ اور اگر کبھی یہ شکوک خلجان اور پریشانی کا سبب ہونے لگتے ہیں اور قلب کی طمانیت میں کچھ فتور نظر آتا ہے تو فوراً وہ دعا ان کی زبان پر جاری ہو جاتی ہے جو اسی آیت کے بعد ہی وارد ہے جس کا ترجمہ ہے: ’’اے ہمارے پروردگار! ہمارے دلوں کوہدایت بخشنے کے بعد حج نہ کر اور ہمیں اپنے پاس سے رحمت بخش، تو نہایت بخشنے والا ہے۔‘‘ (سورہ آل عمران ۸)

دوسری قسم

دوسری جماعت ان لوگوں کی ہے جو اپنے ارادہ ونیت کی اصلاح کئے بغیر محض اپنے اغراض وخواہشات کی تائید ڈھونڈنے کے لئے قرآن پڑھتے ہیں اور بجائے اس کے کہ اپنی باگ قرآن کے ہاتھ میں دے دیں ، چاہتے ہیں کہ قرآن کی باگ اپنے ہاتھ میں لے کر اس کو جس طرف چاہیں پھیریں۔ ان کا مقصود رشد و ہدایت کی طلب یا حصول سے زیادہ یہ ہوتا ہے کہ اپنے کسی قرار دادہ مسلک کی تائید کیلئے اس میں دلیلیں تلاش کریں، یا جن سے ان کو اختلاف ہے ان کو چپ کرانے کیلئے اس میں سے اعتراضات اور کج بحثیں ڈھونڈھ ڈھونڈھ کر نکالیں۔ ظاہر ہے ایسے لوگ جب قرآن مجید پڑھیں گے تو وہ محکمات پر نہیں نکلیں گے کیونکہ وہ ان کے مطلب کی چیز نہیں بن سکتی ہیں۔ ان کو تسلی و طما نیت یا عمل و اطاعت کی راہ مطلوب نہیں ہے کہ اس کو پا کر مطمئن ہو جائیں۔ ان کو دراصل ٹھوکروں اور لغزشوں کی تلاش ہے اس لئے پورے قرآن میں صرف وہ بات ان کو پسند آئے گی جس سے اپنی خواہشوں کو تسلی دے سکیں یا اپنے مخالفوں کو چپ کراسکیں۔ ظاہر ہے کہ جس شخص کی تلاش یہ ہوگی اس کو قرآن کے محکمات کے ساتھ کوئی دلچسپی نہیں ہو سکتی، ایسے لوگ تو صرف متشابہات کی طرف بڑھیں گے اور جن باتوں کا اجمالاً مان لینا ان کے لئے کافی ہوتا وہ ان کی جزئیات و تفصیلات کے بخئے ادھیڑیں گے اور بالکل یہود کی طرح، جن کو اس بات پر اعتراض تھا کہ دوزخ کی آگ میں درخت کیسے پائے جا سکتے ہیں اور اس اعتراض کی وجہ سے انہوں نے اپنے اوپر اللہ کی ہدایت کے دروازے بند کر لئے تھے ، یہ لوگ بھی طرح طرح کے شبہات و شکوک پیداکریں گے اور اس طرح اپنے آپ کو اللہ کی ہدایت سے محروم کر لیں گے۔

یہ بھی پڑھئے: دسترخوان پر جمع ہونا ہماری روایت، ملت کے مسائل پر جمع ہونا ہماری ذمہ داری

ان لوگوں کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ یہ اپنے تئیں عقل و دانش کا پتلا سمجھتے ہیں لیکن قرآن نے مندرجہ صدر آیت میں ان کو احمق اور بے عقل قرار دیا ہے اور فی الوقع ان لوگوں سے بڑھ کر بیوقوف کون ہو سکتا ہے جن کی سب سے بڑی آرزو یہ ہو کہ وہ پورے قرآن میں کوئی ایسی بات پالیں جو ان کی خواہشوں کے سانچہ میں ڈھل سکے یا جس کو بنیاد قرار دے کروہ قرآن پر اعتراضات کر سکیں؟ اس سے بڑھ کر بیوقوفی کی بات اور کیا ہوسکتی ہے کہ ایک شخص حکمت کے نو سوننانوے اصولوں کو اس لئے ٹھکرا دے کہ اس کے ہزارویں اصول کی تمام جزئیات پورے طور پر اس کی گرفت میں نہ آسکیں۔ یہاں ’’پورے طور پر‘‘ کے الفاظ پر ہم خاص زور دینا چاہتے ہیں اس لئے کہ متشابہات عقل اور ادراک سے بالکل خارج نہیں ہوا کرتی ہیں بلکہ عقل و ادراک کے دائرہ کے اندر ہوتی ہیں، البتہ ان کی جزئیات کی تفصیل ہم نہیں سمجھ سکتے ، کیونکہ ہمارے علم و مشاہدہ کی تمام معلومات ان کی مثالیں فراہم کرنے سے قاصر ہوتی ہیں۔

تاریخ کے دو گروہ؛ 

راسخون فی العلم، اور ارباب زیغ

یہ اصلاً تو ان محرومین کا بیان ہے جو عہد نزول قرآن میں موجود تھے لیکن اگر غور کیجئے تو اس آیت نے ہر دور کے راسخون فی العلم اور ارباب زیغ کی حقیقت واضح کر دی ہے۔ تاریخ کے ہر دور میں قرآن کے پڑھنے والے انہی دو گروہوں میں تقسیم رہے ہیں۔ ایک راسخون فی العلم اور اولو الالباب، دوسرے طالبین فتنہ اور ارباب زیغ ۔ ایک گروہ کا اصلی مرکز نظر قرآن کا وہ حصہ رہا ہے جو محکمات سے متعلق ہے۔ کیونکہ اس کا مقصود طلب رشد و ہدایت تھا۔ اس گروہ نے قرآن سے فیض پایا اور صراط مستقیم کی ہدایت حاصل کی۔ دوسرا گروہ ارباب زیغ و تاویل کا تھا۔ اس نے قرآن کی طرف ہدایت کے لئے نہیں، بلکہ شرارت کیلئے قدم بڑھائے۔ ان کی نیتیں فاسد اور ان کے ارادے برے تھے۔ اس لئے قدرتاً یہ قرآن کے اس حصہ کی کھوج کرید میں مشغول ہو گیا جو متشابہات سے متعلق تھا اور جس میں عقل انسانی اگر سنبھل کرنہ چلے اور ہر قدم پر خدا کی توفیق شامل حال نہ ہو تو طرح طرح کی ٹھوکریں لگ سکتی ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: کیا اُمت کو اپنے مسائل کے حل کی سنجیدہ فکر ہے؟ اگر ہے تو اُسے کیا کرنا چاہئے؟

قرآن مجید کو اللہ تعالیٰ نے ایمان و عمل کی تعلیم اور قلب وروح کے تزکیہ کے لئے اتارا ہے، دماغی عیاشیوں اور کج بحثیوں کے لئے نہیں اتارا ہے۔ اس لئے اس کا فیض صرف انہی لوگوں پر پہنچ سکتا ہے جو اس کے پاس پاک دل اور سننے والے کان لے کر حاضر ہوں، جنگجو دماغ اور الجھانے والی عقل لے کر نہ آئیں۔ سورہ ق میں فرمایا ہے، ترجمہ: ’’بیشک اس میں ان لوگوں کے لئے بڑی یاد دہانی ہے جن کے پاس دل ہو یا وہ بات متوجہ ہوکر سننے کے لئے کان لگا ئیں۔‘‘ اسی طرح سورہ صافات میں قلب کے متعلق یہ تصریح فرمائی ہے کہ وہ سلیم ہو، ’’ جبکہ وہ حاضر ہوا اپنے رب کے حضور میں قلب سلیم کے ساتھ‘‘۔ سورہ ق میں ہے: ’’اور حاضر ہوا متوجہ رہنے والے دل کے ساتھ‘‘۔

ان دونوں لفظوں سے یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ جو خدا کا کلام سننے کیلئے آئے وہ قلب سلیم اور قلب منیب لے کر آئے متکبر اور جبار کا قلب لے کر نہ آئے۔ کیونکہ ایسے دلوں پر اللہ کی مہر ہوتی ہے وہ خدا کی باتوں کے سمجھنے سے قاصر ہوتے ہیں۔ قرآن کے تدبر کے پہلے ہی مرحلہ میں جو بات واضح ہوتی ہے وہ یہی ہے کہ اس کی طرف صرف وہی بڑھنا موجب خیر و برکت ہے جو ایمان اور عمل صالح کے حصول کیلئے ہو۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK