• Wed, 23 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

فتاوے: انشورنس میں ملی زائد رقم کا حکم، کپڑا پاک کرنے کا طریقہ، مسجد کیلئے سولر پینل کی سرکاری سبسڈی

Updated: September 23, 2026, 3:57 PM IST | Mufti Azizurrehman Fatehpuri | Mumbai

شریعت کی روشنی میں اپنے سوالوں کے جواب پایئے۔ آج پڑھئے: (۱) انشورنس میں ملی زائد رقم کا حکم (۲) کپڑا پاک کرنے کا طریقہ (۳) مسجد کیلئے سولر پینل کی سرکاری سبسڈی۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

انشورنس میں ملی زائد رقم کا حکم 

ایک شخص کا ایکسیڈنٹ سے انتقال ہوا۔ وارثین نے کیس کیا  تو انشورنس کمپنی نے وارث کے نام کا اکاؤنٹ بنا کر ۲۴؍ لاکھ روپے انشورنس کے منظور کر کے ۱۲۔۱۲؍ لاکھ کی دو قسطیں ادا کیں اور رقم اکاؤنٹ میں جمع کروا دی لیکن دو سال تک نکالنے کی اجازت نہیں تھی۔ جب نکالنے کی اجازت ملی اس وقت تک رقم سود کے ساتھ ۲۵؍ لاکھ ہو گئی تو یہ زائد ایک لاکھ کا کیا حکم ہے؟ کیا زائد رقم سرکاری ٹیکسیز مثلاً جی ایس ٹی، انکم ٹیکس وغیرہ میں دے سکتے ہیں؟ عبداللہ، ممبئی

باسمہ تعالیٰ۔ھوالموفق: ایکسیڈنٹ کی صورت میں حکومت اپنی پالیسی کے مطابق کوئی رقم دے تو وہ تعاون ہے۔ جس سے ایکسیڈنٹ ہوا ہے اس سے ملے تو دیت کی نوعیت ہے لیکن انشورنس کی صورت مختلف ہے۔ انشورنس کمپنی سے جو رقم ملے اس میں پالیسی ہولڈر کے لئے اتنی رقم کا استعمال درست ہے جتنا اس نے جمع کیا ہے۔  زاید کا حکم یہ ہے کہ بغیر ثواب کی نیت کے غرباء ومساکین کو دے دی جائے البتہ اگر متاثر شخص یا اس کے لواحقین خود مفلس اور نادار ہیں تو زائد رقم کا استعمال ان کیلئے درست ہوگا۔ صورت مسئولہ کے مطابق چوبیس لاکھ ملے اور دوسال بعد سود ملاکر پچیس لاکھ ہو گئے،  اگر خود نادار ہیں تو وہ خود بھی استعمال کرسکتے ہیں ورنہ بغیر ثواب کی نیت کے غریبوں میں تقسیم کردیں یا ان کی ضروریات میں خرچ کردیں۔ انکم ٹیکس اور جی ایس ٹی وغیرہ کے متعلق بہت سے علماء اجازت دیتے ہیں لیکن بعض دوسرے متفق نہیں ہیں، اس طرح یہ عصر حاضر کے علماء کا متففہ فیصلہ نہیں ہے نیز ٹیکس کئی طرح کے ہیں کئی ٹیکسوں میں استعمال کی اجازت ان کے یہاں بھی نہیں ہے جو جواز کے قایل ہیں۔ جی ایس ٹی کا معاملہ بھی غور طلب ہے۔ اس میں سیلس ٹیکس بھی شامل ہے جبکہ سیلس ٹیکس تو ہر تاجرکو صارفین سے مل جاتا ہے لہٰذا بہتر یہی ہے کہ یہ رقم بغیر ثواب کی نیت کے صدقہ کردی جائے  تاہم اگر کوئی شخص خود کو مجبور سمجھتاہے یا مطمئن نہیں تو مقامی جن علماء پر اعتماد ہے ان سے رجوع کرکے اپنی مجبوریاں ان کے سامنے رکھ کر رہنمائی حاصل کرے،  واللہ اعلم وعلمہ اتم

یہ بھی پڑھئے: فتاوے: ماں باپ کے ترکہ میں تمام لڑکے لڑکیاں سہام شرعیہ کے مطابق حقدار ہوتے ہیں

کپڑا پاک کرنے کا طریقہ

ناپاک کپڑوںکو پاک کرنے کا شرعی اور صحیح طریقہ کیا ہے؟  کلیم الدین ،اورنگ آباد

باسمہ تعالیٰ۔ ھوالموفق: لباس یا کپڑے پر نجاست لگی ہو تو نجاست سے پاک کرنا ضروری ہے ورنہ اسے پہن کر نماز پڑھنا  صحیح نہ ہوگا۔ کپڑے کو پاک کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ اس کو تین مرتبہ دھوکر ہر مرتبہ اچھی طرح نچوڑ لیا جائے اور آخری مرتبہ اس طرح نچوڑیں کہ قطرے گرنا بند ہوجائیں۔ یہ اس صورت میں ہے جب کسی برتن وغیرہ میں رکھ کر دھوئے جائیں۔  بہتے پانی یا بڑے تالاب میں دھوکر رکھ دیں کہ  اوپر سے اتنا پانی بہہ جائے کہ نجاست کے زائل ہونے پر دل کو اطمینان ہوجائے۔ اس صورت میں تین مرتبہ دھونے کی ضرورت نہ ہوگی۔ کپڑا اتنا موٹا اور بھاری ہو کہ نچوڑنا دشوار ہو تو دھوکر اتنی دیر تک لٹکا دیں کہ قطرے ٹپکنا بند ہو  جائیں تو یہ کافی ہوگا۔ اصل مقصود ہے نجاست کا دور ہوجانا اور جب اس کا اطمینان حاصل ہو جائے کپڑا پاک کہلائے گا۔واللہ اعلم وعلمہ اتم

یہ بھی پڑھئے:صغیرہ گناہوں سے بچئے جوکبیرہ گناہوں تک پہنچا دیتے ہیں!

مسجد کیلئے سولر پینل کی سرکاری سبسڈی 

ہمارے علاقے میں سرکار ۳؍ کلو واٹ کے سولر سسٹم پر سبسڈی دیتی ہے، مسجد میں ۱۰؍ کلو واٹ کی ضرورت ہے تو کیا سبسڈی حاصل کرنے کیلئے مسجد میں ۳؍ افراد کے نام سے ۳۔۳ کلو واٹ کا سولر سسٹم لے سکتے ہیں؟یعنی تین سبسڈی لے سکتے ہیں ؟ محمد صادق، یوپی

باسمہ تعالیٰ ھوالموفق:  فی نفسہ سبسڈی حاصل کرنا منع نہیں ہے۔ حکومت عوام سے جو ٹیکس وصول کرتی ہے اس کا ایک مصرف یہ بھی ہے کہ عوام کی فلاح وبہبود میں اسے خرچ کیا جائے تا ہم اس کے بھی کچھ اصول ہوں گے  اور ان اُصولوں کی رعایت ضروری ہوگی:

صورت مسئولہ میں تین مختلف اشخاص کے نام سے کنکشن لینے کا ذکر ہے تو کیا سبسڈی کے اصول وضوابط میں اس کی گنجائش ہے؟ اگر گنجائش ہو تو حرج نہیں اور ایسا کیا جاسکتا ہے لیکن گنجائش نہ ہو اور غلط بیانی وغیرہ کے ذریعہ سبسڈی حاصل کی جائے تو شرعا ًاس کی اجازت نہیں ہوگی۔ واللہ اعلم وعلمہ اتم

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK