• Sun, 22 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

۱۰۰؍ سال کا ٹیچر

Updated: November 22, 2026, 12:22 PM IST | Mumbai

۱۰۰؍ سال کی عمر مکمل کرنے والا صرف اس لئے مبارکباد کا مستحق نہیں کہ اُس نے سو سال پورے کرلئے۔ اُسے، اس لئے مبارکباد دینی چاہئے کہ وہ، موت کے برحق ہونے کے باوجود، زندگی کی علامت بن کر طویل عرصے سے سماج کا حصہ ہے۔

Photo: X
تصویر: ایکس

۱۰۰؍ سال کی عمر مکمل کرنے والا شخص صرف اس لیے مبارکباد کا مستحق نہیں کہ اُس نے زندگی کے سو سال پورے کرلیے۔ اُسے اس لیے مبارکباد دینی چاہیے کہ وہ موت کی حقیقت سے آگاہ ہونے کے باوجود زندگی کی علامت بن کر ایک طویل عرصے سے سماج کا حصہ ہے۔ ایسی ہی ایک شخصیت حیدرآباد میں مقیم ڈاکٹر چکا رمیا (Dr Chukka Ramaiah) ہیں۔ ان کی پیدائش موجودہ تلنگانہ کے سابقہ ورنگل ضلع کے گودور گاؤں میں ۲۰؍ نومبر ۱۹۲۵ء کو ہوئی تھی۔ گزشتہ دنوں ان کی ۱۰۰؍ ویں سالگرہ منائی گئی تو تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ سمیت کئی سیاست دانوں اور خیر خواہوں نے انہیں مبارکباد پیش کی۔ چکا رمیا کی اہمیت صرف اس بات میں نہیں ہے کہ انہوں نے عمر کی ایک صدی مکمل کرلی ہے بلکہ ان کا قابلِ قدر کارنامہ آئی آئی ٹی میں داخلے کے خواہش مند ہزاروں طلبہ کو ریاضی کی تعلیم و تربیت دینا ہے۔ حالانکہ انہوں نے بحیثیت مدرس طویل عرصے تک ملازمت کی، مگر ۱۹۸۳ء میں مقررہ مدتِ ملازمت پوری ہونے سے پہلے رضاکارانہ طور پر سبکدوش ہونے کے باعث انہیں پنشن اور دیگر سرکاری مراعات حاصل کرنے میں دشواری پیش آئی۔ وہ زمیندارانہ نظام کے خلاف جدوجہد میں پیش پیش رہتے تھے، پسماندہ طبقات کے حقوق کے علم بردار تھے اور مہاتما گاندھی کی چھوا چھوت مخالف تحریک کا بھی حصہ رہے۔ خود برہمن خاندان میں پیدا ہوئے، مگر دلتوں کے ساتھ میل جول اور سماجی برابری کے نظریات کی وجہ سے انہیں اپنی ہی برادری کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھئے: صنعتکاروں پر مودی کی برہمی کتنی درست؟

سبکدوشی کے بعد جب ان کے پاس کوئی مستقل ذریعۂ معاش نہیں تھا تو انہوں نے فیصلہ کیا کہ آئی آئی ٹی کے داخلہ امتحان میں شرکت کرنے والے طلبہ کی مدد کریں گے اور انہیں ریاضی پڑھائیں گے۔ ان کی یہ کوشش کامیاب رہی اور آئی آئی ٹی میں داخلے کی تیاری کرنے والے طلبہ کی بڑی تعداد ان سے رجوع کرنے لگی۔ اسی کا نتیجہ تھا کہ انہوں نے ’’رمیا آئی آئی ٹی اسٹڈی سرکل‘‘ قائم کیا، جس کی مقبولیت اس قدر بڑھی کہ اس میں داخلے کے لیے بھی طلبہ کو انٹرنس ٹیسٹ دینا پڑتا تھا، یعنی داخلے کے لیے بھی داخلہ امتحان! چکا رمیا نے یہ ادارہ ۱۹۸۵ء میں قائم کیا تھا۔ تب سے اب تک کئی ہزار طلبہ اس ادارے سے فیض یاب ہوکر آئی آئی ٹی میں داخلہ حاصل کرنے اور اپنی تعلیم مکمل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ تلنگانہ میں ان کا نام محتاجِ تعارف نہیں ہے۔ اگر کوئی طالب علم چکا رمیا کو نہیں جانتا تو ’’آئی آئی ٹی رمیا‘‘ کو ضرور جانتا ہے۔ آئی آئی ٹی ان کے نام کا حصہ بن گیا ہے اور اسی حوالے سے انہیں شہرت حاصل ہوئی۔ محبت اور احترام کے جذبے سے انہیں ’’رمیا ماسٹر‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: عالمی عدالت کا تاریخی فیصلہ اور روہنگیا

چکا رمیا تلنگانہ کی ریاستی قانون ساز کونسل کے رکن (ایم ایل سی) بھی رہے ہیں۔ اس سے قبل وہ جدوجہدِ آزادی اور تلنگانہ تحریک کا حصہ رہ چکے تھے۔ ان کی ۱۰۰؍ ویں سالگرہ کے موقع پر جب تلنگانہ کے موجودہ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے ان کے گھر جاکر انہیں مبارکباد پیش کی تو ان کی طویل اور گوناگوں خدمات کا بھی ذکر کیا۔ ریونت ریڈی کا کہنا تھا کہ بحیثیت ایم ایل سی انہیں جب بھی قانون ساز کونسل میں تقریر کا موقع ملتا، وہ سماجی مسائل ہی اٹھایا کرتے تھے۔ بحیثیت مدرس انہوں نے اپنے طلبہ کو ہمیشہ یہ نصیحت کی کہ وہ اپنے دن کی ابتدا جتنی جلد ہوسکے، کریں۔ یہی وجہ تھی کہ ان کی کلاسوں کا وقت صبح ۴؍ بجے مقرر تھا۔ وہ اس وقت پر اصرار کرتے تھے، چنانچہ طلبہ اور والدین کو بھی یہ شرط ماننی پڑتی تھی۔ ایسی شخصیات کی زندگیاں صرف طلبہ ہی نہیں بلکہ اساتذہ کے لیے بھی حوصلہ افزائی اور تحریک کا ذریعہ بنتی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK