• Thu, 15 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جمہوریت کی جیت میں حصہ دار بنئے!

Updated: January 15, 2026, 5:43 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

ہمیشہ سنتے ہیں کہ ووٹ ہماری طاقت ہے مگر ہم میں سے کتنے لوگ اس طاقت کو محسوس کرتے ہیں؟ اس سوال پر غور کیا جانا چاہئے۔ ووٹ محض جمہوری حق نہیں ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

ہمیشہ سنتے ہیں کہ ووٹ ہماری طاقت ہے مگر ہم میں سے کتنے لوگ اس طاقت کو محسوس کرتے ہیں؟ اس سوال پر غور کیا جانا چاہئے۔ ووٹ محض جمہوری حق نہیں ہے۔ ووٹ جمہوریت کی اپنی شناخت کو مستحکم کرنے کا ذریعہ بھی ہے۔ ووٹ ملک میں جمہوریت کو طاقت دینے کا بھی ذریعہ ہے۔ ووٹ جمہوریت پر اپنے یقین کا بھی ذریعہ ہے۔ ووٹ اُمیدواروں کو اُن کی حقیقت بتانے کا بھی ذریعہ ہے تاکہ وہ سمجھیں کہ عوام کی نگاہ میں وہ محبوب ہیں یا معتوب، پسندیدہ ہیں یا ناپسندیدہ۔

یہ بھی پڑھئے: ایک ناقابل تلافی نقصان

 بہت سے لوگ کہتے نہیں ہیں مگر شاید اُن کے دلوں میں یہ سوال رہتا ہے کہ جن لوگوں کو ہم ووٹ دیتے آئے ہیں اُن میں سے تو کبھی کوئی نہیں جیتا۔ یہ احساس غلط نہیں مگر ایسے لوگوں کو یہ سوچنا چاہئے کہ بھلے ہی آپ نے جس کو ووٹ دیا وہ نہیں جیتا بلکہ کبھی نہیں جیتا لیکن آپ کے ووٹ کی وجہ سے ووٹنگ کا فیصد بڑھا یہ جمہوریت کی جیت ہے۔ آپ کے ووٹ کی وجہ سے آپ کو ایک اہم جمہوری عمل میں حصہ داری کا شرف حاصل ہوا یہ آپ کی جیت ہے۔

یہ بھی پڑھئے: معاہدہ ہو یا نہ ہو، بے عزتی ہرگز نہ ہو!

سوچئے اگر (خدانخواستہ) یہ ہوتا کہ سماج کے محض چند طبقات کو ووٹ دینےکا حق حاصل ہوتا اور بقیہ تمام اس سے محروم رہتے تب کیا ہوتا؟ تب آپ اس جمہوری حق کو حاصل کرنے کیلئے جدوجہد کررہے ہوتے۔ چونکہ یہ حق ہر خاص و عام کو بآسانی مل گیا ہے اس لئے بہت سے لوگ اس کی قدر کرنا نہیں چاہتے۔ ہر وہ نعمت جو کسی مشکل، پریشانی یا محنت اور جدوجہد کے بغیر میسر آتی ہے اُس کی قدر نہیں کی جاتی۔ دانشمند وہ ہے جو آسانی سے مل جانے والی نعمت کو بھی سر آنکھوں پر رکھے اور اس کی حفاظت کیلئے ہر ممکن کوشش کرے۔ ووٹ دینا اپنے ووٹ کے حق کی حفاظت بھی ہے یہ بات ہر خاص و عام کے ذہن و دل پر نقش ہوجانی چاہئے۔

یہ بھی پڑھئے: عمر اور شرجیل:ضمانت نہیں ملی مگر...

ووٹ کا حق آپ کو یہ احساس بھی دلاتا ہے کہ ہم اس ملک کے شہری ہیں اور ہمیں دیگر معاملات میں بھلے ہی برابری کا حق نہ ملتا ہو مگر ہمارا ووٹ کا حق بالکل ویسا ہے جیسا کسی اور کا ہے۔ اس ملک کے ہر طبقہ، ہر فرقے اور ہر سماجی حیثیت کے  شخص کو ایک ووٹ کا حق ہے۔ اُس پر کوئی جبر بھی نہیں ہے کہ وہ کس کو ووٹ دے۔ وہ اپنی مرضی سے اپنے حق کا استعمال کرتا ہے۔ ووٹ، برابری کا احساس کرنے کا بھی ذریعہ ہے۔ آج ممبئی اور مہاراشٹر کے دیگر شہروں میں میونسپل کارپوریشن اور میونسپل کونسلوں کیلئے پولنگ ہوگی۔ ہوسکتا ہے آپ اپنے شہر کے انتظامیہ (بلدیہ) کی کارکردگی سے مطمئن نہ ہوں۔ ہوسکتا ہے آپ شہری انتظامیہ کے کارکنان کے ستائے ہوئے ہوں اور اس بنیاد پر آپ ووٹ کے حق کا استعمال نہ کرکے اپنا احتجاج درج کرانا چاہتے ہوں مگر ووٹنگ نہ کرنے سے پہلےسوچئے، ناراضگی ایک چیز ہے اور حق کا استعمال دوسری چیز۔ ناراضگی کے سبب اپنے حق کو تیاگ دینا کہاں کا انصاف ہے؟ ممبئی میں چند ایک ہاؤسنگ سوسائٹیاں ایسی ہیں جنہوں نے ناراضگی کے اظہار کیلئے ووٹنگ سے دور رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہم ان کی ناراضگی کو خارج کئے بغیر کہنا چاہتے ہیں کہ اپنے ’’حق کو ضائع‘‘ کرنا خود سے انتقام لینا ہے۔ خدارا ایسا مت کیجئے۔ ووٹ ناکارہ کارپوریٹروں کو سبق سکھانے کا بھی ذریعہ ہے۔ ناراضگی ظاہر کرنی ہے تو ووٹ کے ذریعہ کیجئے اور کسی کارپوریٹر کی ستائش کرنی ہے تو وہ بھی ووٹ کے ذریعہ کیجئے۔ پولنگ جمہوریت کا جشن ہے اور ووٹ اس میں شرکت کا گیٹ پاس۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK