• Fri, 13 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پونے: سینہہ گڑھ ایجوکیشن سوسائٹی کی بے ضابطگیوں کی جانچ کا حکم

Updated: November 13, 2026, 3:47 PM IST | Agency | Pune

۸؍سال سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور۱۳؍ اساتذہ کی خودکشی سے جڑے الزامات سے متعلق ۲۲۰؍عرضیوں پر سماعت کرتے ہوئے بامبے ہائیکورٹ کی ۲؍رکنی بینچ نےادارے کی انتظامیہ کے طرزعمل پر سوال قائم کئے۔ سی بی آئی، ای ڈی اور انکم ٹیکس کو جانچ کاحکم دیا ہے اور ۱۹؍نومبر تک ابتدائی رپورٹ طلب کی ہے۔

Several colleges under the institution are operating in the Sinhagad area. Photo: INN
سینہہ گڑھ علاقے میں ادارے کے ماتحت کئی کالج جاری ہیں۔ تصویر: آئی این این

یہاں واقع سینہہ گڑھ ٹیکنیکل ایجوکیشن سوسائٹی(ایس ٹی ای ایس) اور اس سے وابستہ ۴۴؍ تعلیمی اداروں کی مالی بے ضابطگیوں کی اب ۳؍ مرکزی ایجنسیاں تحقیقات کریں گی۔ بامبے ہائی کورٹ نے اس معاملے میں مرکزی تفتیشی بیورو(سی بی آئی)، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ(ای ڈی) اور محکمہ انکم ٹیکس کو تحقیقات کا حکم دیا ہے۔عدالت نے ادارے کے کام کاج اور انتظامیہ کے رویے پر انتہائی سخت تبصرہ کیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ ادارے نے عدالتی احکامات کی بھی خلاف ورزی کی اور وہ بھی کسی پروا کے بغیر۔ ادارے کا طرز عمل عدالتی ضمیر کو جھنجھوڑ دینے والا ہے۔یہ پورا معاملہ ادارہ کے اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کو طویل عرصے سے تنخواہوں، پنشن اور دیگر بقایاجات کی ادائیگی نہ کیے جانے سے متعلق ہے۔

معاملہ کیا ہے؟

الزام ہے کہ گزشتہ ۸؍ سال سے زائد عرصے سے ادارے کے ملازمین کو ان کا حق نہیں ملا ہے۔ ملازمین کی مجموعی بقایا رقم۴۰۰؍ کروڑ روپے سے زیادہ بتائی جارہی ہے۔اس معاملے سے پریشان ملازمین نے انصاف کے لیے بامبے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ عدالت میں تقریباً۲۲۰؍ عرضیوں کی سماعت کے دوران ادارے کے مالی انتظام اور فنڈز کے استعمال پر سنگین سوالات اٹھے۔

دیوالی سے قبل۶۰؍ کروڑ روپے دینے کا وعدہ کیا تھا

جسٹس جی ایس کلکرنی اور جسٹس اے ایم سیٹھنا کی خصوصی بنچ نے ادارے کی انتظامیہ کے رویے پر ناراضگی ظاہر کی۔عدالت کو پہلے یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ دیوالی سے قبل ملازمین کے بقایاجات کی ادائیگی کے لئے ۶۰؍ کروڑ روپے فراہم کئے  جائیں گے۔ تاہم ادارے نے اپنا یہ وعدہ پورا نہیں کیا اور ملازمین کو ایک روپیہ بھی نہیں ملا۔عدالت نے اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لیتے ہوئے کہا کہ ملازمین کو ان کی تنخواہیں اسی صورت میں مل سکتی ہیں، جب ادارے کی جانب سے جمع کیے گئے فنڈز کو کسی دوسرے مقصد کے لیے منتقل نہ کیا جائے۔

یہ بھی پڑھئے: انڈونیشیا: ڈگری تنازع پر نائب صدرجبران کو استعفیٰ دینا پڑا

۴۰۰؍ کروڑ روپے ہڑپ کئے جانے کا خدشہ 

ہائی کورٹ نے اپنے حکم میں کہا کہ بادی النظر میں ایسے ٹھوس اشارے ملتے ہیں، جن سے یہ خدشہ پیدا ہوتا ہے کہ ملازمین کو ادائیگی کے لیے دستیاب رقم کہیں اور منتقل کی جارہی ہے۔عدالت کے مطابق، ملازمین کے۴۰۰؍ کروڑ روپے سے زائد کے بقایاجات کی ادائیگی نہ ہونا اس معاملے کی سنگینی کو ظاہر کرتا ہے۔عدالت نے کہا کہ بادی النظر میں اس بات کا قوی امکان ہے کہ ملازمین کے حصے کی رقم میں خرد برد یا مالی ہیر پھیر کی گئی ہو۔

۱۳؍ اساتذہ کی خودکشی کا بھی ذکر

عدالت نے اس پورے معاملے میں ملازمین کی بدحالی کا ذکر کرتے ہوئے ایک انتہائی سنگین تبصرہ کیا۔ عدالت نے کہا کہ ادارے کی انتظامیہ کی بے عملی کی وجہ سے یہ بحران پیدا ہوا ہے اور تدریسی و غیر تدریسی عملے کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔بنچ نے یہ بھی کہا کہ موصولہ معلومات کے مطابق، ادارے کے تقریباً۱۳؍ اساتذہ خودکشی کرچکے ہیں۔عدالت نے کہا کہ حالات اتنے سنگین ہیں کہ وہ خاموش تماشائی بن کر نہیں رہ سکتی۔  ملازمین کو اپنے بنیادی ذریعہ معاش کیلئے عدالت کے دروازے کھٹکھٹانے پڑ رہے ہیں۔

 ٹرسٹیوں کے اثاثوں کے حلف ناموں پر سوالات 

اس سے قبل ہائی کورٹ نے ادارے کے ٹرسٹیوں کو اپنی جائیدادوں اور اثاثوں کی تفصیلات حلف نامے کے ذریعے پیش کرنے کی ہدایت دی تھی۔عدالت نے ان حلف ناموں کی جانچ کے بعد کہا کہ بادی النظر میں اس امکان کو مسترد نہیں کیا جاسکتا کہ تعلیمی اداروں کیلئے دستیاب فنڈز غائب ہوگئے ہوں یا انہیں کسی دوسرے کاروبار میں استعمال کیا گیا ہو۔

بینک اکاؤنٹس، سرمایہ کاری اور جائیدادیں منجمد کرنے کا حکم 

ہائی کورٹ نے تحقیقات مکمل ہونے تک سینہہ گڑھ ایجوکیشن سوسائٹی کے ٹرسٹ اور اس کے ٹرسٹیوں کے بینک اکاؤنٹس، سرمایہ کاری اور جائیدادوں کو منجمد کرنے کا حکم دیا ہے۔اسکے علاوہ عدالت نے آٹھ ٹرسٹیوں کو توہین عدالت کے معاملے میں وجہ بتاؤ نوٹس بھی جاری کیا ہے۔عدالت نے ان سے پوچھا ہے کہ عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنے کے لیے ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کیوں نہ کی جائے؟ عدالت نے انتظامیہ کے رویے کو غیر معمولی اور انتہائی سنگین قرار دیا ہے۔

ہائی کورٹ نے اس خدشے کو بھی سنجیدگی سے لیا ہے کہ ملازمین کی تنخواہوں اور دیگر واجبات کی ادائیگی کے لیے مختص رقم کو دوسرے کاموں میں استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ بیرون ملک بھی منتقل کیا گیا ہو سکتا ہے۔اسی وجہ سے منی لانڈرنگ کے خدشے کے پیش نظر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ(ای ڈی)کو بھی تحقیقات کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ سی بی آئی کو مالی بے ضابطگیوں اور مبینہ طور پر فنڈز دوسری جگہ منتقل کیے جانے کے معاملے کی تحقیقات کرنی ہے، جبکہ محکمہ انکم ٹیکس ادارے کے مالی لین دین اور اس سے جڑے دیگر پہلوؤں کی جانچ کرے گا۔عدالت نے تینوں ایجنسیوں کو۱۹؍ نومبر تک اپنی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK