• Fri, 13 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

علی میاں کی حق بیانی اور ملّت کی بے حسی

Updated: November 13, 2026, 3:28 PM IST | Shamim Tariq | Mumbai

مولانا علی میاں کے نکتہ چیں چاہے وہ حکومت کے باہر رہ کر ورغلانے والے ہوں یا اقتدار کے نشے میں حقیقت بھولنے والے ہوں ملیامیٹ ہوں گے۔ مولانا کی کتابیں اور تحریریں زندہ رہیں گی اور زندگی دیتی رہیں گی۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

راقم الحروف فکر و فن کے سلسلے میں کوتاہ نظر ہے نہ کوتاہ نظروں کو پسند کرتا ہے۔ مولانا آزاد کے ’الہلال‘ اور ’البلاغ‘ کے مشمولات اس کی نظر میں ہیں۔ اقبال نے جتنے دانشوروں سے استفادہ کیا ہے اور جس طرح؎

اٹھو مری دُنیا کے غریبوں کو جگا دو

کاخِ امراء کے در و دیوار ہلا دو

کہا ہے اس کے پس منظر کو بھی وہ سمجھتا ہے۔ اس کے علم میں یہ حقیقت بھی ہے کہ خوشونت سنگھ نے سلمان رشدی کو دوسرے درجے کا ناول نگار سمجھنے کے باوجود اس کے تیسرے درجے کے ناول The Satanic Verses پر پابندی عائد کرنے کی سفارش کی تھی یعنی قانون کی زبان میں ’فریڈم آف اسپیچ‘ کو Absolute نہیں مانا تھا۔ اس سے چھپے ہوئے لفظ و حرف کا تقدس بھی ظاہر ہوتا ہے اور یہ اصول بھی کہ اظہار رائے کی آزادی کو تسلیم کرنے کے باوجود بعض کتابوں پر پابندی عائد اور تسلیم کی جاسکتی ہے مگر اس کیلئے سوشل میڈیا کی یہ خبر پسندیدہ نہیں تھی کہ سعودی عرب نے جن ۱۰۰؍ مصنفین کی تصانیف کو ناپسندیدہ قرار دیا ہے ان میں مولانا علی میاں اور مولانا مودودی بھی ہیں۔ اسی دوران مولانا علی میاں کی تحریر یا تقریر کا ایک حصہ کسی نے بھیجا تو یوں محسوس ہوا کہ حبس میں ٹھنڈی ہوا چل پڑی۔ میں نماز روزہ کی پابندی کی کوشش کرتا ہوں مگر حضرت مولانا کے اس خیال سے قطعی متفق ہوں کہ ’’اگر قوم کو پنج وقتہ نمازی نہیں بلکہ سو فیصد تہجد گزار بنا دیا جائے لیکن اس کے سیاسی شعور کو بیدار نہ کیا جائے اور ملک کے احوال سے ان کو واقف نہ کیا جائے تو ممکن ہے اس ملک میں آئندہ تہجد تو دور پانچ وقت کی نمازوں پر بھی پابندی عائد ہوجائے۔‘‘ سیاسی شعور میں تہذیبی، لسانی، مذہبی اور دیگر شعور بھی شامل ہے۔ مولانا نے بڑی جرأت سے یہ بات کہی بھی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: اسرائیلی قیادت: بدل کر نہ بدلنے کی مصیبت

دُنیا میں ایسے ممالک ہیں جہاں اسلام کے ماننے والے مغلوب ہیں یا غالب مگر ہندوستان میں انہیں ایک تیسرے قسم کا تجربہ حاصل ہے۔ یہاں اسلام کبھی غالب آجاتا ہے اور کبھی مغلوب ہوجاتا ہے۔ ہزاروں تہجد گزار ہیں اور لاکھوں اسلامی معتقدات اور شعائر اسلامی کا مذاق اُڑانے کو بھی اپنے عقیدے کے منافی تصور نہیں کرتے۔ اسی لئے راقم الحروف تسبیح و سجادہ کا پورا احترام کرنے اور فرائض و واجبات کی کسی حد تک پابندی کرنے کے باوجود حالات حاضرہ کے ساتھ ماضی کے دریچوں پر بھی روشنی ڈالتا رہتا ہے۔ مقصد یہ ہے کہ ملت میں ایسے ڈاکٹر، انجینئر، آرکیٹیکٹ، چارٹرڈ اکاؤنٹینٹ، بیرسٹر، وکیل وغیرہ پیدا ہوں جن کے ہاتھوں میں تسبیح و سجادہ ہو یا نہ ہو دلوں میں اللہ کا خوف اور اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو ایمانداری سے بجا لانے کا جذبہ ضرور ہو۔ مگر مشکل یہ ہے کہ اس کی راہ میں ہی نہیں اشاعت ِ حق کی راہ میں بھی سب سے زیادہ روڑا انہوں نے ڈالا ہے جو توکل، مدد الٰہی، کرامت کی غلط تشریح کرتے ہیں یا جنہیں ’پدرم سلطان بود‘ کا احساس ہے یعنی جو اس روش پر گامزن ہیں کہ میں فلاں کا بیٹا یا پوتا یا رشتہ دار ہوں یا امر بالمعروف کے بہانے اپنی خواہش مسلط کرنے کا حق ہمیں وراثت میں حاصل ہوا ہے۔ کیا ملت میں دینی شعائر کا مذاق اڑانے یا علمائے کرام میں اپنا ٹولہ بنانے یا عقیدتمندوں کی تعداد بڑھانے کا رجحان نہیں بڑھا ہے؟ ایک سوال اور۔ یونیورسٹیوں یا عصری دانش گاہوں میں تو ایک یونیورسٹی یا فیکلٹی میں پڑھانے والا شخص دوسری یونیورسٹی یا فیکلٹی میں مدعو کیا جاتا ہے مگر مدارس و جامعات میں ایک دوسرے کو مدعو نہیں کیا جاتا ہے۔ ذاتی معلومات کی بنیاد پر شاید یہ فرض کرنا غلط نہ ہو کہ مولانا علی میاں پر دیوبند کے بعض حلقوں میں اس لئے تنقید کی جاتی تھی کہ وہ چوڑی مہری کا پائجامہ پہنتے تھے۔ ’’کیا زمانے میں پنپنے کی یہی باتیں ہیں؟‘‘ ہمارا وطیرہ خیر میں شر تلاش کرنے کا ہونا چاہئے یا شر میں خیر تلاش کرنے کا؟ کسی عالم دین کو کوئی برا کہتا ہے تو ہمیں برا لگتا ہے مگر بعض علمائے دین یا دینی وضع قطع کے اشخاص کے متعلق یہ کہنا بھی غلط نہیں کہ انہوں نے اپنی وضع قطع سے دُنیا کمانے یا کسی سیاسی پارٹی کا ٹریڈ مارک بننے کے سوا دین کا کوئی کام کیا ہی نہیں ہے یا انہوں نے دین کا وہ تعارف کرایا ہے کہ حد جاری کئے جانے کا مستحق ہے مگر نسبت یا ٹولہ بازی کی بنیاد پر بڑے سمجھے جاتے ہیں۔ مسلم معاشرہ کا حال یہ ہے کہ جادو کرنے اور ٹونا کرنے والیوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ ایسے میں مزارات پہ خرافات اور خود پر جنات آنے کا جھانسہ دینے والوں یا باباؤں کی تعداد بڑھے گی یا کم ہوگی؟ کچھ عرصہ ہوا یورپ سے خبر آئی تھی کہ یہاں گرجا گھروں میں عامل بھی رکھے جائینگے یا پادریوں کو بھی عملیات سکھائی جائیں گی۔ برصغیر کے معاشرہ میں تو مسنون دعائیں حتیٰ کہ نمازِ جنازہ یاد رکھنے والے بھی کم ہی ہیں۔ جاہلوں کے حوالے کئے جانے سے تو اس کا حال اور زیادہ بُرا ہوگا۔

کچھ عرصہ ہوا راقم الحروف اپنے آبائی شہر گیا وہاں گالی دے کر ایک صاحب نے بتانا شروع کیا کہ ایک پیغمبر کے چچا، ایک پیغمبر کی بیوی اور ایک پیغمبر کے بیٹے کا شمار کفار میں ہوتا ہے مگر کسی نے یہ نہیں کہا کہ وہ پہلے ایمان لائیں پھر آپ دعوت دیجئے مگر آپ کا نام لے کر مسجد دھرھرا میں بیٹھا ہوا ایک مولانا نما شخص کہتا ہے شمیم پہلے فلاں کی ہدایت کا سامان کریں پھر مضامین لکھیں۔ میں نے انہیں منع کیا کہ میری برائی کرنے والے کا اللہ بھلا کرے، جہاں آپ کو حق بیانی کرنا چاہئے تھا وہاں تو غیبت کرنے والے یا بہتان باندھنے والے کو بولنے دیا، اب بے موقع باتیں کرنے سے کیا فائدہ؟

مولانا علی میاں ہمیشہ کے حق گو تھے اور ملّت ایک عرصہ کی بے حس۔ اس کی زبوں حالی کی بنیادی وجہ یہی ہے کہ اس کو برے کاموں سے روکنے ٹوکنے والے بھی کم ہوتے جا رہے ہیں۔ یہ کہنے والے تو کم سے کم ہیں کہ ہندوستان میں اتنی ہی مذہبی آزادی ہے جتنا حکومت چاہتی ہے۔ اسی لئے وہ اندیشہ بالکل صحیح ہے جس کا اظہار مولانا علی میاں نے کیا ہے البتہ اس اندیشے سے پریشان ہونے کی ضرورت اس لئے نہیں ہے کہ اول تو ہندوستان کے اکثریتی مذہب میں خدا تک پہنچنے کی اتنی ہی راہیں ہیں جتنی سانس دوسرے یہ کہ جن ملکوں میں نماز روزہ پر پابندی عائد ہوئی وہاں کیا ہوا؟ (سوویت یونین) اپنی پرانی ڈگر پر قائم نہیں رہا بلکہ بکھر گیا اور چین ایک نئی راہ پر گامزن ہوگیا۔ مولانا علی میاں کے نکتہ چیں چاہے وہ حکومت کے باہر رہ کر ورغلانے والے ہوں یا اقتدار کے نشے میں حقیقت بھولنے والے ہوں ملیامیٹ ہوں گے۔ مولانا کی کتابیں اور تحریریں زندگی دیتی رہیں گی۔ ملت کبھی ایسے نہج پر مجتمع نہیں ہوسکتی کہ دنیا کو ’دین ِ مُلا فی سبیل ِ اللہ فساد‘ کہنے کا موقع ملے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK