ڈیجیٹل عہد میں ہر تصویر، ہر ویڈیو اور ہر جملہ محض ایک ذاتی اظہار نہیں رہتا بلکہ وہ ایک اجتماعی تاثر تشکیل دیتا ہے۔ قربانی کے موقع پر ایسی پوسٹس جو غیر ضروری اشتعال، مذہبی حساسیت یا منفی تاثر کا باعث بنیں، نہ صرف سماجی حکمت کے خلاف ہیں بلکہ اسلامی مزاج سے مطابقت ہی نہیں رکھتیں۔ سنتِ ابراہیمی کی اصل روح تو انسان کے باطن میں انکسار اور تقویٰ پیدا کرنا ہے، نہ کہ دوسروں پر اپنی مذہبی شناخت کا بصری اظہار مسلط کرنا۔
ڈیجیٹل عہد میں ہر تصویر، ہر ویڈیو اور ہر جملہ محض ایک ذاتی اظہار نہیں رہتا بلکہ وہ ایک اجتماعی تاثر تشکیل دیتا ہے۔ تصویر: آئی این این
مذہب ِ اسلام میں عبادات ،شعائر اور تہوار محض مذہبی رسوم اورثقافت کے رسمی مظاہر نہیں بلکہ ایک طرف انسانی شعور، اخلاقی تربیت اور اجتماعی کردار سازی کا وسیلہ ہیں تو دوسری طرف اسلامی تہذیب کے فکری ڈھانچے، اخلاقی ترجیحات اور اجتماعی نفسیات کے ترجمان ہیں۔ عید الاضحی بھی انہی میں سے ایک ہے، جس کی بنیاد بند ہ ٔمومن کے ایثار، عملی وفاداری اور بارگاہِ ایزدی میں بہ عجز و نیاز کامل سپردگی پر قائم ہے۔
عیدالاضحی کو اگر صرف ایک مذہبی تہوارکے طور پر دیکھا جائے تو اس کی معنوی وسعت اور فکری گہرائی کا بڑا حصہ نظروں سے اوجھل رہ جاتا ہے۔ یہ دراصل انسان اور خدا کے تعلق، خواہش اور اطاعت کی کشمکش، اور مادّی وابستگیوں کے مقابل روحانی ترجیحات کی اُس تاریخ کا استعارہ ہے جس نے فکرِ اسلامی کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کیا ہے۔ عید الاضحی کی اساس حضرت ابراہیمؑ کے اُس تاریخی واقعہ پر قائم ہے جسے قرآنِ کریم نے انسانی وفاداری، ایثار اور بندگی کے اعلیٰ ترین نمونے کے طور پر محفوظ کیا ہے۔ حضرت ابراہیمؑ کی پوری زندگی دراصل جمود کے خلاف شعوری مزاحمت، روایت پرستی کے مقابل فکری بیداری، اور مصلحتوں کے برخلاف حق پسندی کی ایک مسلسل داستان ہے۔
یہ بھی پڑھئے: سفر حج عشق و محبت کا سفر ہے
عیدالاضحی کی اصل روح محض جانور کی قربانی میں نہیں بلکہ اُس جذبہ ٔ سپردگی میں مضمر ہے جس کے تحت انسان اپنی محبوب ترین شے کو بھی حق کے تقاضے پر قربان کرنے کے لئے آمادہ ہو جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ قرآنِ کریم نے قربانی کے ظاہری عمل کے بجائے اُس کے باطنی جوہر کو اہمیت دی ہے: ”اللہ تک نہ اُن کا گوشت پہنچتا ہے اور نہ خون، بلکہ اُس تک تمہارا تقویٰ پہنچتا ہے۔‘‘ (سورہ الحج: ۳۷) گویاقربانی کی حقیقی معنویت پرہیز گاری کی روحانی کیفیت میں پوشیدہ ہے، نہ کہ محض ظاہری عمل میں۔ یہی کیفیت ِ تقویٰ بارگاہِ مستجاب میں معتبر ہے۔ یہ امر قابلِ غور ہے کہ اسلام نے عبادات میں وقار، تہذیب اور داخلی سنجیدگی کو ہمیشہ بنیادی اہمیت دی ہے۔ عبادت کا مقصد انسان کے اندر خشوع، انکسار اور اخلاقی تطہیر پیدا کرنا ہے، نہ کہ سماجی توجہ حاصل کرنا۔ یہی وجہ ہے کہ اسلامی روایت میں اخفا اور اخلاص کو نمایاں فضیلت حاصل رہی ہے۔
ہندوستان جیسے کثیر مذہبی معاشرے میں اس مسئلے کی حساسیت مزید بڑھ جاتی ہے۔ یہ ملک مختلف تہذیبوں، مذہبی روایتوں اور سماجی حساسیتوں کا مجموعہ ہے، جہاں ہر مذہبی عمل محض ایک داخلی معاملہ نہیں رہتا بلکہ اُس کے سماجی اور تہذیبی اثرات بھی مرتب ہوتے ہیں۔ ایسے ماحول میں مسلمانوں کی ذمہ داری دوہری ہو جاتی ہے کہ وہ ایک طرف اپنے مذہبی شعائر کی پاسداری کریں اور دوسری طرف اپنے طرزِ عمل سے اسلام کے اخلاقی حسن، تہذیبی وقار اور سماجی اعتدال کو بھی نمایاں کریں۔
یہ حقیقت پیشِ نظر رہنی چاہئے کہ شریعت نے کبھی قانون شکنی، سماجی اشتعال یا دوسروں کی دل آزاری کو مذہبی فضیلت قرار نہیں دیا۔ فقہ اسلامی کی پوری روایت مصالحِ عامہ، معاشرتی نظم اور اجتماعی امن کے اصولوں پر استوار ہے اسی لئے ہندوستان جیسے جمہوری اور آئینی ملک میں قربانی کے سلسلے میں ملکی قوانین اور انتظامی ضابطوں کی پابندی کو محض قانونی مجبوری نہیں بلکہ ایک اخلاقی اور دینی ذمہ داری کے طور پر دیکھنا چاہئے۔قانون کی پاسداری دراصل اُس وسیع تر اسلامی تصور کا حصہ ہے جس کے تحت معاشرتی نظم، امنِ عامہ اور اجتماعی مفاد کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ اگر کوئی عمل معاشرتی تناؤ، فرقہ وارانہ اشتعال یا غلط فہمی کا سبب بننے لگے تو اُس کے اظہار میں حکمت، احتیاط اور سماجی شعور کو ملحوظ رکھنا ناگزیر ہو جاتا ہے۔ یہی وہ اعتدال ہے جو اسلامی تہذیب کو محض جذباتی مذہبیت سے ممتاز کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: اخلاقی بنیادوں سے دوری اُمت کو کمزور کرتی ہے
اسی تناظر میں سوشل میڈیا کے استعمال پر بھی سنجیدہ غور کی ضرورت ہے۔ ڈیجیٹل عہد میں ہر تصویر، ہر ویڈیو اور ہر جملہ محض ایک ذاتی اظہار نہیں رہتا بلکہ وہ ایک اجتماعی تاثر تشکیل دیتا ہے۔ قربانی کے موقع پر اور اس کے بعد بھی ایسی پوسٹس جو غیرضروری اشتعال، مذہبی حساسیت یا منفی تاثر کا باعث بنیں، نہ صرف سماجی حکمت کے خلاف ہیں بلکہ خود اسلامی مزاج سے بھی مطابقت نہیں رکھتیں۔ سنتِ ابراہیمی کی اصل روح تو انسان کے باطن میں انکسار اور تقویٰ پیدا کرنا ہے، نہ کہ اپنی مذہبی شناخت کا بصری اظہارمسلط کرنا۔
یہ بھی حقیقت ہے کہ قربانی کی معنویت صرف مذہبی دائرے تک محدود نہیں بلکہ اس کا ایک گہرا اخلاقی اور تمدنی پہلو بھی ہے۔ قربانی انسان کو اپنی ذات کے حصار سے باہر نکلنے کا شعورعطا کرتی ہے۔ یہ اُس ذہنیت کی نفی کرتی ہے جو ہر چیز کو صرف ذاتی مفاد، لذت اور حصول کے زاویے سے دیکھتی ہے۔ حضرت ابراہیمؑ کا واقعہ دراصل اسی نفسیاتی انقلاب کی علامت ہے جس میں انسان اپنی محبوب ترین شے کو بھی ایک اعلیٰ اخلاقی مقصد کے لئے قربان کرنے پر آمادہ ہو جاتا ہے۔آج انسان گرچہ مادی ترقی کے اعتبار سے ایک غیر معمولی دور میں داخل ہو چکا ہے، لیکن اخلاقی سطح پر اُس کے اندر خود غرضی، انفرادیت اور جذباتی بے حسی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ خاندانی رشتے کمزور ہو رہے ہیں، معاشرتی اعتماد مجروح ہو رہا ہے، اور اجتماعی زندگی میں مفاد پرستی غالب آتی جا رہی ہے۔ اس تناظر میں سنتِ ابراہیمی کا پیغام یہ بھی ہے کہ انسان اپنی انا، حرص، تعصب اور خود غرضی کو بھی قربان کرے۔ یہی وہ باطنی قربانی ہے جو ظاہری قربانی کے عمل کو معنویت عطا کرتی ہے۔
عید الاضحی کی تہذیبی اہمیت کا ایک پہلو یہ بھی ہے کہ یہ مسلمانوں کے اندر اجتماعی احساس اور سماجی ربط کو مضبوط کرتا ہے۔ قربانی کے گوشت کی تقسیم، ضرورت مند طبقات کا خیال، اور اجتماعی خوشی میں محروم لوگوں کو شریک کرنا دراصل اُس سماجی عدل کا ابتدائی تصور ہے جسے اسلام نے اپنی تہذیبی بنیادوں میں شامل کیا ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ نئی نسل کے لئے عید الاضحی کی تعلیم صرف فقہی احکام تک محدود نہ رکھی جائے بلکہ اُس کے فکری، اخلاقی اور تہذیبی پہلوؤں سے بھی روشناس کرایا جائے۔ اگر سنّت ابراہیمیؑ محض ایک ثقافتی روایت بن کر رہ جائے تو اُس کی فکری تاثیر محدود ہو کر رہ جائیگی۔ لیکن اگر اسے حضرت ابراہیمؑ کی فکری جرأت، اخلاقی وفاداری اور روحانی سپردگی کے استعارے کے طور پر سمجھنے کی کوشش کی جائے تو یہ انسانی شخصیت کی تعمیر میں غیرمعمولی کردار ادا کر سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: شخصیت سازی کے چند اصول جن کے ذریعے خود میں تبدیلی لا سکتے ہیں
آج جب مذہبی شناختیں دنیا بھر میں مختلف سیاسی، سماجی اور تہذیبی مباحث کا حصہ بن چکی ہیں، مسلمانوں کے لئے یہ اور بھی ضروری ہو جاتا ہے کہ وہ اپنے مذہبی شعائر کو حکمت، وقار اور اخلاقی توازن کے ساتھ پیش کریں۔ عید الاضحی کا حقیقی حسن اسی وقت نمایاں ہوگا جب قربانی کے ساتھ تہذیب، عبادت کے ساتھ حکمت، اور مذہبی وابستگی کے ساتھ سماجی شعور نظر آئے۔اور شاید یہی وہ پیغام ہے جسے موجودہ وقت میں وطن عزیز کے مسلمانوں کو سب سے زیادہ سمجھنے کی ضرورت ہے۔ یہی وہ پیغام ہے جس کو ہمہ وقت ملحوظ رکھنے اور اس پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔