• Mon, 09 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

خیالی یا کتابی کرداروں کو جینے کا موقع فراہم کرتا ہے معیشت کا یہ نیا ماڈل (فینٹیسی فینڈم)

Updated: November 09, 2026, 6:21 PM IST | Shahebaz Khan | Mumbai

کیا خیالی دنیا میں داخل ہونے کیلئے کتاب کھولنا یا کوئی فلم دیکھنا ضروری ہے؟ مگر اب Fantasy World یعنی خیالی دنیا میں داخل ہونے کیلئے لوگ ٹکٹ خریدتے ہیں، فینٹیسی کی مناسبت سے لباس تیار کرواتے ہیں اور اجنبیوں کے ساتھ رقص سیکھتے ہیں۔

The image shown is from a "Beauty and the Beast" themed party held in Melbourne (Australia). File photo.
زیر نظر تصویر میلبورن (آسٹریلیا) میں منعقد ’’بیوٹی اینڈ دی بیسٹ‘‘ تھیم پارٹی کی ہے۔ فائل فوٹو

کیا خیالی دنیا میں داخل ہونے کیلئے کتاب کھولنا یا کوئی فلم دیکھنا ضروری ہے؟ مگر اب Fantasy World یعنی خیالی دنیا میں داخل ہونے کیلئے لوگ ٹکٹ خریدتے ہیں، فینٹیسی کی مناسبت سے لباس تیار کرواتے ہیں اور اجنبیوں کے ساتھ رقص سیکھتے ہیں۔ 

گزشتہ ماہ میلبورن، آسٹریلیا کے اسٹارفال بال میں خیالی مخلوقات، پریوں اور فینٹیسی ناولوں کے کرداروں جیسے ملبوسات پہنے بالغ افراد جمع ہوئے۔ اس تقریب میں لوگ ’کہانی‘ کا حصہ بننے کیلئے فیس ادا کرکے شامل ہوئے تھے۔ یہ رجحان تیزی سے مستحکم ہورہا ہے جسے ’’فینٹیسی فینڈم کی معیشت‘‘ (Economy of Fantasy Fandom)کہا جا سکتا ہے۔ اس کی بنیاد کتابوں، فلموں، گیمز اور آن لائن کمیونٹیز سے پرورش پانے والی وابستگی ہے مگر آمدنی اب اسکرین یا کتاب تک محدود نہیں۔ شائقین کرداروں سے متاثر لباس، زیورات، وِگ، پروپس اور ہاتھ سے بنے لوازمات خریدتے ہیں؛ پھر ان کرداروں کو تقریبات میں بھی زندہ کرتے ہیں۔ ایک کہانی یوں کئی کاروباری اکائیوں کیلئے بازار کھولتی ہے: کاسٹیوم ڈیزائنر، ٹیلر، میک اَپ آرٹسٹ، فوٹوگرافر، ایونٹ آرگنائزر اور مقام فراہم کرنے والا، سب اس خرچ میں حصہ دار بنتے ہیں۔ واضح ہو کہ دنیا کے مختلف شہروں میں باربی، ہیری پوٹر، اسٹار وار، ڈُون، ٹام اینڈ جیری، بریجرٹن، اور مارول سپر ہیروز کے فینٹیسی ورلڈز کی پارٹیاں ہوتی رہتی ہیں، خاص طور پر سال کے اختتامی مہینوں میں۔ میلبورن کا اسٹارفال بال اس ماڈل کی مثال ہے۔ شہر کے ٹاؤن ہال میں منعقدہ اس پروگرام میں فینٹیسی لباس، موسیقی، رقص کی تربیت، لائیو پرفارمنس اور تصاویر بنوانے کے مواقع شامل تھے۔ مقامی سیاحتی فہرست کے مطابق عام ٹکٹ ۳۶۰؍ آسٹریلوی ڈالر ( ہندوستان کے ۲۴؍ ہزار روپے تک) سے شروع ہو کر ۴۸۰؍ ڈالر تک (۳۲؍ ہزار روپے تک) تھے، یعنی صارف صرف داخلہ فیس نہیں دے رہا تھا؛ وہ ایک تیار شدہ ماحول، پروگرام، سماجی میل جول اور یادگار تجربے کی قیمت ادا کررہا تھا۔

یہ بھی پڑھئے: معاشیانہ: ’ڈارک ٹورزم‘ سیاحتی شعبے کا تجربہ آہستہ آہستہ بدل رہا ہے

یہاں کاروبار کا اہم فرق ہے۔ روایتی تفریح میں صارف بیٹھ کر شو دیکھتا ہے؛ تجرباتی تفریح میں وہ خود منظر کا حصہ بنتا ہے۔ منتظمین کیلئے اس کا مطلب ہے کہ سجاوٹ، موسیقی، کرداروں کی اداکاری، رقص، خوراک، مشروبات اور فوٹوگرافی کو ایک ہی ٹکٹ کے اندر یا اضافی پیکیجز کی صورت میں بیچا جاسکتا ہے۔ کامیاب پروگرام کے بعد یہی کمیونٹی اگلے ایونٹ، خصوصی ورکشاپ، لباس سازی یا محدود نشستوں والے تجربے کیلئے دوبارہ فیس ادا کر سکتی ہے۔ اس کاروبار کی ایک اور خوبی یہ ہے کہ خرچ ایونٹ کے دن سے بہت پہلے شروع ہوجاتا ہے۔ کوئی شائق ہفتوں پہلے لباس بنواتا ہے، وِگ یا زیورات خریدتا ہے، سفر اور ہوٹل بک کرتا ہے۔ اس طرح رات کی تقریب مقامی ہوٹلوں، ریستوراں، نقل و حمل، چھوٹے کاروبار اور کاریگروں تک کی آمدنی کا ذریعہ بن سکتی ہے۔ اگر ایونٹ دوسرے شہروں کے لوگوں کو بھی متوجہ کرے تو یہ محض تفریحی تقریب نہیں رہتا؛ یہ ایونٹ ٹورزم کا حصہ بن جاتا ہے۔ ہندوستان میں اس رجحان کیلئے پہلے سے ایک وسیع میدان موجود ہے۔ ای وائی پارتھینون اور بک مائی شو کی مارچ ۲۰۲۶ء کی رپورٹ کے مطابق ملک کا لائیو ایونٹس مارکیٹ تقریباً ۱۳؍ ہزار کروڑ روپے کا ہے جبکہ سروے میں شامل ۷۸؍ فیصد صارفین نے کہا کہ اشیاء کے مقابلے میں کسی نئے تجربے کیلئے خرچ کرنے میں تردد نہیں کرتے۔ دوسری طرف کامک کون انڈیا نے ۲۷۔۲۰۲۶ء کیلئے ۱۴؍ شہروں میں شراکت داری کے مواقع پیش کئے، اور منتظمین کے مطابق اس کے ایونٹس سالانہ پانچ لاکھ سے زیادہ افراد کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں۔ یہ اعداد وشمار بتاتے ہیں کہ شائقین پر مبنی تقریبات ایک قابلِ توجہ کاروباری پلیٹ فارم بن چکی ہیں۔ موقع صرف بڑے منتظمین کیلئے نہیں۔ مقامی ڈیزائنر فینٹیسی لباس کی کسٹم تیاری کرسکتے ہیں؛ فنکار کرداروں کے پورٹریٹ، پوسٹر اور محدود ایڈیشن فروخت کرسکتے ہیں؛ تھیٹر گروپ مختصر پرفارمنس پیش کرسکتے ہیں؛ اور ہوٹل یا کیفے تھیم ایوننگز منعقد کرسکتے ہیں۔ برانڈز بھی ایسی تقریبات میں اسپانسر شپس کے ذریعے حصہ لے سکتے ہیں۔ تاہم ہر خوبصورت ایونٹ منافع بخش نہیں ہوتا۔ بڑے ہال کا کرایہ، سجاوٹ، عملہ، انشورنس، فنکاروں کی فیس اور حفاظتی انتظامات سے خرچ بڑھتا ہے۔ مشہور فینٹیسی کہانیوں کے نام، کردار یا ڈیزائن استعمال کرتے وقت دانشورانہ ملکیت کے حقوق بھی اہم ہیں۔فینٹیسی تقریبات کی اصل قدر صرف لوگوں کو ملبوسات پہنانے میں نہیں، انہیں ایک مشترکہ دنیا اور کمیونٹی دینے میں ہے۔ اسلئےیہ رجحان محض وقتی کاسٹیوم پارٹی سے آگے بڑھ سکتا ہے، بشرطیکہ کاروبار کہانی، تخلیقی صلاحیت اور انتظام کو ساتھ لے کر چلے۔ کل تک شائقین خیالی کرداروں کو کتابوں میں پڑھتے یا اسکرین پر دیکھتے تھے؛ اب وہ اپنا پسندیدہ کردار خود بن سکتے ہیں اور یہی فینٹیسی فینڈم کی معیشت کا راز ہے۔ ہر چند کہ یہ اس کیلئے ہے جس کے پاس افراط  پیسے ہیں مگر کاروبار کا امکان تو ہر ایک کیلئے ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK