الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ہدایات کے مطابق مہاراشٹر کے دیگر علاقوں کی طرح ناندیڑ میں بھی ایس آئی آر کا کام جاری ہے۔
EPAPER
Updated: July 16, 2026, 11:33 AM IST | Z. A. Khan | Nanded
الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ہدایات کے مطابق مہاراشٹر کے دیگر علاقوں کی طرح ناندیڑ میں بھی ایس آئی آر کا کام جاری ہے۔
الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ہدایات کے مطابق مہاراشٹر کے دیگر علاقوں کی طرح ناندیڑ میں بھی ایس آئی آر کا کام جاری ہے۔ پولنگ بوتھ لیول آفیسرز (بی ایل او) گھر گھر جا کر اینیومریشن فارم تقسیم کرنے، جمع کرنے اور اس کے ڈیجیٹل اندراج کا کام جنگی پیمانے پر کر رہے ہیں۔ضلع کلکٹر و ضلع الیکشن آفیسر راہل کرڈیلے نے تمام ووٹروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنا ای ایف فارم لازمی طور پر پُر کرکے متعلقہ بی ایل او کے پاس مقررہ وقت میں جمع کروائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو ووٹر ای ایف فارم جمع نہیں کروائیں گے، ان کے نام ابتدائی ووٹر فہرست (ڈرافٹ الیکٹرول رول) میں شامل نہیں ہوں گے۔ اسلئے ہر اہل ووٹر کو چاہئے کہ وہ بروقت فارم بھر کر محکمۂ انتخابات سے تعاون کرے۔ضلع انتظامیہ کے مطابق جن ووٹروں کی میپنگ ہوئی ہے ، یا نہ ہوئی ہو یا پھر جنہیں مشتبہ قرار دیا گیا ہو ہر صورت میں، ای ایف فارم جمع کرعانا لازمی ہے۔ خاص طور پر Anomalies ( مشتبہ)زمرے کے ووٹر اگر فارم جمع کرواتے ہیں تو ان کا نام ابتدائی فہرست میں شامل کیا جائے گا۔ بعد ازاں دعووں اور اعتراضات کی مدت کے دوران سماعت کے وقت الیکشن کمیشن کی جانب سے مقرر کردہ ۱۱؍ اقسام کے دستاویزی ثبوتوں میں سے مطلوبہ ثبوت پیش کرنے پر اہل ووٹروں کے نام حتمی فہرست میں درج کئے جائیں گے۔ راہل کرڈیلے خود مختلف اسمبلی حلقوں کا دورہ کر کے ای ایف فارم کی تقسیم، وصولی اور ڈیجیٹل اندراج کے کام کا جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو کام میں مزید تیزی لانے کی ہدایت دی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: دھولیہ میں انہدامی کارروائی کے دوران مقامی باشندوں کی لوٹ مار
ادھر میونسپل کمشنراور ایڈیشنل الیکشن آفیسر نے تمام اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرز( اے ای آر او) کی میٹنگ بلائی اورہدایت دی کہ وہ شہری علاقوں میں بی ایل اوز کو مکمل تعاون فراہم کریں۔ اس کے علاوہ زمینی سطح پر دورے کرکے کام کی رفتار بڑھانے کی بھی خصوصی کوششیں جاری ہیں۔
۱۵؍ جولائی ۲۰۲۶ء تک ضلع ناندیڑ کے ۲۷؍ لاکھ ۷۷؍ ہزار ۷۳؍ ووٹروں میں سے ۲۰؍ لاکھ ۶۶؍ ہزار ۷۷۱؍ ووٹروں میں فارم تقسیم کئے جا چکے ہیں، جو مجموعی تعداد کا ۷۴ء۴۲؍فیصد ہے۔ اسی طرح ۱۲؍ لاکھ ۳۹؍ ہزار ۶۹۷؍ ای ایف فارمز کا ڈیجیٹل اندراج مکمل ہو چکا ہے، جو ۴۴ء۶۴؍فیصد کے برابر ہے۔ کلکٹر راہل کرڈیلے نے تمام ووٹروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بوتھ لیول آفیسر (بی ایل او) سے موصول ہونے والا ای ایف فارم فوری طور پر درست معلومات کے ساتھ بھر کر جمع کرائیں، تاکہ ووٹر فہرست کو مکمل، درست اور تازہ رکھا جا سکے۔