• Sun, 15 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کیا اے آئی چیٹ بوٹس انسان کے راز دار بن سکتے ہیں؟ ڈجیٹل پرائیویسی کا نیا بزنس

Updated: November 15, 2026, 10:57 AM IST | Shahebaz Khan | Mumbai

کیا ڈجیٹل پرائیویسی اے آئی کا اگلا بڑا بازار بننے والی ہے؟ تصور کریں کہ آپ ایک نیا کاروبار شروع کرنے والے ہیں۔

اگر کمپنیاں اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن دیں تو ان کے صارفین کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔ تصویر: آئی این این
اگر کمپنیاں اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن دیں تو ان کے صارفین کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔ تصویر: آئی این این

کیا ڈجیٹل پرائیویسی اے آئی کا اگلا بڑا بازار بننے والی ہے؟ تصور کریں کہ آپ ایک نیا کاروبار شروع کرنے والے ہیں۔ ابھی سرمایہ کاروں کو اس کی بھنک تک نہیں لگی، حریف کمپنیاں بھی بے خبر ہیں اور آپ اپنے کاروباری منصوبے پر کسی سے بات نہیں کرنا چاہتے۔ لیکن اس منصوبے کے کچھ پہلو سمجھنے کیلئے آپ کو مدد درکار ہے۔ آپ اپنا پورا پلان کسی اے آئی چیٹ بوٹ کے سامنے رکھ دیتے ہیں اور اس سے مشورہ مانگتے ہیں۔ جواب تو مل جاتا ہے لیکن ذہن میں یہ سوال بھی اٹھتا ہے: کہیں میری یہ باتیں کسی اور تک تو نہیں پہنچیں گی؟ جس کمپنی کا چیٹ بوٹ استعمال کر رہا ہوں، کیا اس کے ملازمین بھی میری گفتگو پڑھ سکتے ہیں؟ یہ سوال اب محض ٹیکنالوجی کا نہیں، ایک نئے کاروباری موقع کا دروازہ کھول رہا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: مودی حکومت کو راہل گاندھی میں اب ایک قابل حریف نظر آنے لگا ہے

زومیٹو اور بلنک اِٹ کی مالک کمپنی ایٹرنل کے بانی دیپیندر گوئل اسی موقع کو Dark.ai کے ذریعے آزمانے کی تیاری کر رہے ہیں۔ وہ ایسا اے آئی پلیٹ فارم پیش کرنے والے ہیں جہاں صارف حساس معلومات پر گفتگو تو کرسکے لیکن کمپنی کے دعوے کے مطابق خود پلیٹ فارم بھی اس گفتگو کا مواد نہ پڑھ سکے۔ واضح رہے کہ اب تک اے آئی کمپنیوں کی دوڑ میں زیادہ تر مقابلہ اس بات پر تھا کہ کس کا چیٹ بوٹ زیادہ ذہین اور تیز ہے مگر گوئل کا سوال ہے: اگر کسی اے آئی کا جواب بہت اچھا ہو، لیکن صارف اسے اپنا راز بتانے میں ہچکچائے تو اس کی کتنی افادیت رہ جاتی ہے؟

اکتوبر ۲۰۲۶ء میں شیئر ہولڈرز کو لکھے گئے خط میں گوئل نے بتایا کہ Dark.ai کو رواں سال کے اختتام تک عالمی سطح پر شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔ یہ پلیٹ فارم ایٹرنل کے اپنے ٹیک نظام پر چلے گا۔ کمپنی کے مطابق گفتگو کو محفوظ رکھنے کیلئے اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن اور صارف کے اختیار میں رہنے والی انکرپٹڈ میموری بھی فراہم کی جائیگی۔ آسان الفاظ میں یوں سمجھئے کہ آپ کسی دوست کو اپنی کوئی اہم بات بتاتے ہیں اور چند دن بعد دوبارہ ملاقات ہونے پر وہ اسے بھولتا نہیں مگر وہ آپ کا رازدار ہے اور یہ بات کسی سے شیئر بھی نہیں کرتا۔ Dark.ai کی مجوزہ میموری کا مقصد بھی ایسا ہی ہے۔ صارف کی مختلف نشستوں میں ہونے والی گفتگو کا پس منظر برقرار رہے گا، لیکن کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس معلومات تک رسائی اس کے اپنے اختیار میں بھی نہیں ہوگی۔ یعنی اے آئی کو آپ کی پچھلی بات یاد رہے گی مگر کمپنی کو آپ کے راز معلوم نہیں ہوں گے! یہاں ایک بڑی کاروباری منڈی دکھائی دیتی ہے۔ عام صارف کو شاید کھانے کی ترکیب، چھٹیوں کا منصوبہ یا ای میل لکھوانے کیلئے سخت رازداری کی ضرورت محسوس نہ ہو۔ لیکن ایک کاروباری شخص اپنی نئی مصنوعات کا منصوبہ، ایک محقق غیر شائع شدہ تحقیق، وکیل اپنے مؤکل کی خفیہ معلومات اور کمپنی اپنے مالی تخمینے کسی ایسے پلیٹ فارم ہی کے سپرد کرنا چاہے گی جہاں ان کے افشا ہونے کا خطرہ کم سے کم ہو۔ ان کیلئے اے آئی کی ذہانت اہم ہے لیکن معلومات کا تحفظ اس سے بھی زیادہ اہم ہوسکتا ہے۔ یہیں Dark.ai کیلئے پیسہ کمانے کا امکان ہے۔ ممکن ہے اس کے گاہک کم ہوں لیکن کاروباری ادارے محفوظ اے آئی خدمات کیلئے زیادہ قیمت ادا کرنے پر تیار ہوسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: ہمارے معاشرے کے تین کردار

کمپنیوں کو اپنے ملازمین کیلئے خاص اکاؤنٹس، محفوظ دستاویزات پر کام کرنے کی سہولت اور بڑے ادارہ جاتی معاہدوں کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ اس طرح ایٹرنل صرف ایک چیٹ بوٹ نہیں بلکہ ڈجیٹل رازداری کی خدمت فروخت کرنے کا موقع تلاش کر رہی ہے۔ تاہم، اس منصوبے کے سامنے چند مشکل سوالات بھی ہیں: 

سب سے پہلے یہ ثابت کرنا ہوگا کہ کمپنی واقعی صارف کی گفتگو نہیں پڑھ سکتی۔ صرف یہ کہہ دینا کافی نہیں کہ معلومات انکرپٹڈ ہیں۔ صارف کو سمجھنا ہوگا کہ ڈیٹا کہاں محفوظ ہوتا ہے، اس کی چابی کس کے پاس ہے، اکاؤنٹ یا پاس ورڈ کھو جانے پر کیا ہوگا اور قانونی حکم ملنے کی صورت میں کمپنی کیا کرسکتی ہے۔ آزاد ماہرین سے سیکوریٹی آڈٹ اور تکنیکی جانچ بھی اس اعتماد کیلئے ضروری ہوگی۔

دوسرا مسئلہ لاگت کا ہے۔ اپنے انفراسٹرکچر پر اے آئی ماڈلز چلانا، انہیں بہتر بنانا، محفوظ میموری فراہم کرنا اور مسلسل سائبر حملوں سے بچاؤ کرنا سستا کام نہیں۔ اس کے علاوہ بڑے حریف پہلے ہی اے آئی خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ Dark.ai کو یہ بھی ثابت کرنا ہوگا کہ رازداری کے ساتھ اس کے جوابات کا معیار بھی قابلِ مقابلہ ہے۔ محض محفوظ ہونا کافی نہیں، اگر چیٹ بوٹ ہر دوسرے سوال پر صارف کو مایوس کرنے لگے تو؟ فی الحال منصوبہ آزمائش کے مرحلے میں ہے۔ اس کی قیمت، آمدنی کا ماڈل، سرمایہ کاری اور کارکردگی کے تقابلی نتائج سامنے نہیں آئے ہیں۔ اس لئے اسے کامیاب کاروبار قرار دینا قبل از وقت ہوگا۔

یہ بھی پڑھئے: ترقی کے نام نہاد گجرات ماڈل میں اسکولی تعلیم کی بدتر صورتحال

لیکن اس منصوبے سے اے آئی صنعت کے مستقبل کا ایک اہم رخ ضرور سامنے آتا ہے۔ ہوسکتا ہے کہ آنے والے وقت میں صارفین صرف یہ نہ پوچھیں کہ کون سا چیٹ بوٹ زیادہ ذہین ہے، زیادہ تیز ہے یا کتنی اسمارٹلی جوابات دے سکتا ہے بلکہ یہ بھی دیکھیں کہ کون سا پلیٹ فارم ان کی باتوں کو زیادہ محفوظ رکھ سکتا ہے۔ آخرکار ہر بات گوگل پر تلاش کرنے یا ہر راز کسی چیٹ بوٹ کو بتانے کی چیز نہیں۔ اور اگر کوئی کمپنی آپ کے راز محفوظ رکھنے کا وعدہ کرکے اس کے عوض رقم کمانا چاہتی ہے تو اسے پہلے یہ ثابت کرنا ہوگا کہ وہ واقعی اس وعدے پر پورا اتر سکتی ہے۔ لیکن کیا یہ ممکن ہوگا؟

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK