بنگلور اس وقت زبردست فارم میں ہے اور پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر براجمان ہے، اب تک کھیلے گئے۸؍میچوں میں سے ٹیم نے۶؍ میں جیت حاصل کی ہے جبکہ اس کا نیٹ رن ریٹ۱ء۹۱۹؍ ہے جو انتہائی متاثر کن ہے، گجرات کی کارکردگی ملی جلی رہی ہے، پلے آف میں کوالیفائی کیلئے ۱۶؍ پوائنٹس کی ضرورت ہے۔
بنگلور کے وراٹ کوہلی اورگجرات کے راشد خان کےدرمیان گیند اور بلے کا دلچسپ مقابلہ متوقع ہے-تصویر:آئی این این
رواںآئی پی ایل کے ۴۲؍ویں میچ میں آج دفاعی چمپئن رائل چیلنجرز بنگلور(آر سی بی) کا سامنا گجرات ٹائٹنز سے ہوگا۔ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ہونے والے اس اہم مقابلے میں آر سی بی کی نظریں فتح حاصل کر کے پلے آف کی دوڑ میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کرنے پر ہوں گی۔ بنگلور اس وقت زبردست فارم میں ہے اور پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر براجمان ہے۔ اب تک کھیلے گئے۸؍میچوں میں سے ٹیم نے۶؍ میں جیت حاصل کی ہے جبکہ اس کا نیٹ رن ریٹ۱ء۹۱۹؍ ہے جو کہ انتہائی متاثر کن ہے۔ گزشتہ میچ میں دہلی کے خلاف یکطرفہ جیت نے ٹیم کے حوصلے بلند کر دیے ہیں۔ اس میچ میںبنگلور نے حریف ٹیم کو محض۷۵؍ رن پر ڈھیر کر دیا تھا۔
وراٹ کوہلی ۵۸ء۵۰؍ کے اوسط سے۳۵۱؍رن بنا کر بیٹنگ لائن کی ریڑھ کی ہڈی بنے ہوئے ہیں۔جوش ہیزل ووڈ اور بھونیشور کمار گیند بازی میں اس جوڑی نے قہر برپا کر رکھا ہے۔ ہیزل ووڈ نے پچھلے میچ میں۱۲؍ رن دے کر۴؍وکٹیں حاصل کیں جبکہ بھونیشور کمار اب تک ٹورنامنٹ میں۱۴؍ شکار کر چکے ہیں۔
دوسری جانب گجرات ٹائٹنز کی کارکردگی اس سیزن میں اب تک ملی جلی رہی ہے۔۴؍ فتوحات اور۴؍ شکستوں کے ساتھ وہ پوائنٹس ٹیبل کے وسط میں جدوجہد کر رہی ہے۔ اگرچہ ٹیم نے چنئی سپر کنگز کے خلاف حالیہ میچ میں جیت حاصل کی ہے لیکن ہوم گراؤنڈ پر ان کا ریکارڈ تشویشناک ہے۔ احمد آباد میں کھیلے گئے تین میچوں میں سے وہ صرف ایک جیت پائے ہیں۔
سائی سدرشن۴۶؍ گیندوں پر۸۷؍ رن کی ناقابل تسخیر اننگز کھیل کر فارم میں واپسی کے اشارے دے چکے ہیں۔کاگیسوربادا ۱۳؍وکٹوں کے ساتھ گیند بازی کے شعبے میں ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔شبھ من گل اور جوس بٹلر ٹاپ آرڈر میں رن بنانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
احمد آباد کی پچ بلے بازوں کیلئے سازگار سمجھی جاتی ہے جہاں پہلی اننگز کا اوسط اسکور۱۸۰؍ کے قریب رہتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق موسم صاف رہے گا، البتہ دوسری اننگز میں اوس میچ کے نتیجے پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔حالیہ فارم اور نفسیاتی برتری کو مدنظر رکھتے ہوئے ماہرین بنگلور کو اس مقابلے کے لیے فیورٹ قرار دے رہے ہیں، تاہم گجرات ٹائٹنز اپنے ہوم گراؤنڈ پر کسی بھی وقت پلٹ وار کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
بنگلور کیلئے وراٹ کوہلی، دیو دت پڈیکل اور جوش ہیزل ووڈ ایسے اسٹار کھلاڑی ہو سکتے ہیں جن پر ہر کوئی نظر رکھے گا۔ گجرات ٹائٹنز کے لیے سائی سدرشن، شبھ من گل اور کاگیسو ربادا چمک سکتے تھے۔یہاں کھیلے گئے آخری ٹی ۲۰؍ میچ کی بات کریں تو اس میں ممبئی انڈینس نے۱۹۹؍رن کا دفاع کرنے کے بعد گجرات کو۹۹؍رن سے شکست دی تھی ۔آئی پی ایل کی تاریخ میں گجرات اور بنگلور کے درمیان کل ۷؍میچ کھیلے گئے جن میں سے گجرات نے۳؍ اور بنگلور نے ۴؍میچ جیتے ہیں۔ رواں سیزن میں دونوں کے درمیان کھیلا جانے والا یہ دوسرا میچ ہے۔ چناسوامی اسٹیڈیم میںاس سے قبل۲۴؍ اپریل کو کھیلے گئے میچ میں آر سی بی نے گجرات کو۵؍وکٹ سے شکست دی تھی۔ ایسے میں گجرات اپنے ہوم گراؤنڈ پر آر سی بی کے ساتھ حساب برابر کرنا چاہے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے آخری ۵؍ میچوں میں سے بنگلورنے۳؍ اور گجرات نے ۲؍ میں کامیابی حاصل کی ہے۔