آگرہ میںدلت سمیلن سے سماجوادی کے سربراہ اکھلیش یادوکا خطاب ،کہا کہ ملک منوودھا سے نہیںبلکہ آئین سے چلے گا۔
EPAPER
Updated: November 16, 2026, 11:55 AM IST | Agra
آگرہ میںدلت سمیلن سے سماجوادی کے سربراہ اکھلیش یادوکا خطاب ،کہا کہ ملک منوودھا سے نہیںبلکہ آئین سے چلے گا۔
آگرہ (ایجنسی):سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے دلت سمیلن سے خطاب کرتے ہوئے اتوار کو ایک نیا نعرہ دیا’’ووٹ بچاؤ، آئین بچاؤ‘‘۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ اگر وہ آئندہ سال ہونے والے اتر پردیش ریاستی اسمبلی انتخابات میں اقتدار میں آتے ہیں تو وہ قانون کی حکمرانی اور سماجی انصاف قائم کریں گے۔ہندو ووٹوں میں کمی سے متعلق وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے، پارٹی صدر نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ جاری اسپیشل سمری ریویژن(ایس ایس آر)کے دوران ’ووٹ کی ہیرا پھیری ‘ (انتخابی دھاندلی) کے خلاف محتاط رہیں۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی کے دور اقتدار میں دلتوں کا سب سے زیادہ استحصال ہوا ہے اورآئندہ انتخابات میں دلت بی جے پی کے پیروں تلے زمین کھینچ لیں گے ۔اکھلیش نے۲۶؍ نومبر کو پارٹی کا انتخابی منشورجاری کرنے کا بھی اعلان کیا ۔
یہ بھی پڑھئے: بلقیس بانو کے ہاتھوں کیرالا میں خواتین کی بین الاقوامی کانفرنس کا افتتاح
مسلمانوں نے ایس آئی آر میںاپنے ووٹ محفوظ بنائے ہیں
ایس ایس آر کی ضرورت پر سوال اٹھاتے ہوئے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی خوفزدہ ہے کیونکہ دلتوں نے کامیابی کے ساتھ اپنے ووٹ رجسٹر کرائے ہیں اور مسلمانوں نے ایس آئی آر کے دوران اپنے ووٹوں کو محفوظ بنایا ہے۔لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کی کامیابیوں کا حوالہ دیتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا’’انہیں احساس ہو گیا ہے کہ وہ ووٹوں کی جنگ ہارنے لگے ہیں۔‘‘
یوگی آدتیہ ناتھ پر تنقید کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ جو شخص۸۰/۲۰؍کی بات کرتا ہے وہ سچا یوگی نہیں ہو سکتا، انہوں نے زور دے کر کہا کہ اصل مقابلہ۹۵؍ فیصد اور۵؍فیصد کے درمیان ہے۔انہوں نے کہا’’یہ ملک منو ودھا (منوواد) سے نہیں چلے گا، یہ سنویدھان (آئین) کے تحت چلے گا۔‘‘
اکھلیش یادو پارٹی کے سینئر لیڈراور راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ رام جی لال سمن کی جانب سے منعقدہ ایک ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔ اس ریلی کو سماج وادی پارٹی کی جانب سےشیڈولڈ کاسٹ(ایس سی)ووٹروں تک رسائی حاصل کرنے کی مسلسل کوششوں کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی) کے سیاسی زوال کے بعد یہ ووٹ بینک بکھر گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: دسمبر کے پہلے ہفتے پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس
پی ڈی اے میں ’ڈی ‘ یعنی دَم دار دلت
ایودھیا کی غیر محفوظ نشست پر ایس سی امیدوار کو میدان میں اتارنے کی پارٹی کی حکمت عملی کامیاب ثابت ہوئی ۔ آگرہ میں، جہاں دلت ووٹروں کی تعداد کل ووٹروں کا تقریباً۳۰؍ فیصد ہے، اکھلیش یادو نے لوک سبھا انتخابی مہم کے نعرے’ آئین بچاؤ‘ کے ساتھ اب ’ ووٹ بچاؤ‘ جوڑ دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سے دلتوں کے وقار کا تحفظ ہوگا، خاص طور پر بی جے پی کے اس دورِ حکومت میں جس نے دلتوں کے ساتھ مسلسل امتیازی سلوک روا رکھا ہے۔لکھنؤ میں بی جے پی کارکنوں سے خطاب کے دوران امیت شاہ نےکہا تھا کہ اترپردیش میں بی جےپی انگد کاپیر ہے جسے کوئی ہلا نہیں سکتا۔ اس کے جواب میں اکھلیش یادوپی ڈی اے میں شامل ’ڈی‘ کی تشریح دم دار دلت کے طور پر کی اور کہا کہ دلت بی جے پی کے پیروں تلے سے زمین کھینچ لیں گے اور انہیں اقتدار سے باہر کر دیں گے۔
آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین اور آزاد سماج پارٹی (کانشی رام) کے درمیان اتحاد کا براہِ راست نام لیے بغیر اکھلیش یادو نے انہیں ’ ’سیاست کے سیاح‘ قرار دیا اور کہا کہ ان کا او ٹی پی کسی اور کے ہاتھ میں ہے۔ ایم آئی ایم کی جانب اشارہ کرتے ہوئے، جس کا انتخابی نشان ’پتنگ ‘ ہے، یادو نے کہا کہ ان کی پتنگ کی ڈور کسی اور کے ہاتھ میں ہے ۔ اپنی تقریر کے دوران اکھلیش نے پیپر لیک، پرائمری اسکول بند ہونے، سرکاری عہدوں کے خالی ہونے اور خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے جرائم، جین زی اور جین الفا کے احتجاج پر حکومت کو گھیرا اورکہا کہ یہ نسل حکومت کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی اے اتحادکا مقصد سماجی انصاف قائم کرنا ہے اور محروم اور استحصال زدہ طبقات کا تحفظ ہے۔انہوں نے ریاست بھر میں امبیڈکر کے مجسموں کو نقصان پہنچائے جانے پرتشویش کا اظہار کیا اور وعدہ کیا کہ اگر وہ اقتدار میں آئے تو ان مجسموں کے قانونی تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔انہوں نے پسماندہ ذاتوں(ایس سی) اور پسماندہ طبقات(ایس ٹی) کیلئے ایک خصوصی فلاحی پیکیج دینے کا بھی وعدہ کیا۔انہوں نے الزام لگایاکہ حکومت نہیںچاہتی کہ پی ڈی اے سماج کے بچے تعلیم یافتہ بنیں۔