جموں یونیورسٹی میں اس موضوع پر بین الاقوامی سمینار کا انعقاد اس اعتبار سے بھی اہم ہے کہ جموں و کشمیر خود مختلف زبانوں، تہذیبوں اور ادبی روایتوں کا مرکز ہے۔ یہاں اُردو کا ایک تاریخی اور تہذیبی رشتہ موجود ہے۔ مگر ہمیں اُردو کے علمی سرمائے کو نئی نسل تک منتقل کرنے کیساتھ اسے جدید علوم کے اظہار کا وسیلہ بھی بنانا ہوگا۔
ہندوستان آج اپنی تاریخ کے ایک ایسے دوراہے پر کھڑا ہے جہاں ماضی کی تہذیبی عظمت، حال کی معاشی و سائنسی پیش رفت اور مستقبل کے ترقیاتی خواب ایک دوسرے سے ہم آغوش نظر آتے ہیں۔ ہندوستان کی آزادی کے سو سال مکمل ہونے کا ایک ایسا سنگ ِ میل ۲۰۴۷ء جس کے ساتھ ایک ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کا خواب وابستہ ہے۔ اس خواب کو آج کل ’’وِکست بھارت ۲۰۴۷ء‘‘ کے عنوان سے پیش کیا جا رہا ہے۔ ملک کی پارلیمنٹ سے لے کر یونیورسٹیوں اور علمی و ادبی حلقوں تک اس موضوع پر گفتگو ہو رہی ہے۔ لیکن اس پورے منظرنامے میں ایک سوال ایسا بھی ہے جس پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے کہ جب ہم ۲۰۴۷ء کے ہندوستان کی تصویر بنائیں گے تو اس میں ہماری زبانوں، تہذیبوں اور ادبی روایتوں کی جگہ کیا ہوگی؟ بالخصوص اُردو زبان و ادب اس نئے ہندوستان کی تعمیر میں کیا کردار ادا کرے گا؟ اسی سوال نے مجھے جموں یونیورسٹی، جموں کے شعبۂ اُردو کے زیر اہتمام ۱۱؍ اور ۱۲؍ نومبر ۲۰۲۶ء کو منعقد ہونے والے دو روزہ بین الاقوامی سمینار کے موضوع کی طرف متوجہ کیا، جس کا عنوان تھا: ’’وِکست بھارت ۲۰۴۷ء میں اُردو زبان و ادب‘‘۔ بظاہر یہ ایک علمی و ادبی موضوع ہے، لیکن اس کے اندر ہندوستان کے مستقبل، اس کی تہذیبی شناخت اور قومی ترقی کے تصور سے متعلق کئی بنیادی سوالات پوشیدہ ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: انتخابی ہار کے بعد بڑی تبدیلیاں ہوں گی امریکہ میں
میرے نزدیک اس سمینار کی سب سے بڑی معنویت یہ ہے کہ اس نے اُردو کو محض ماضی کی ایک یادگار زبان یا کلاسیکی ادب کے مطالعے کا وسیلہ سمجھنے کے بجائے مستقبل کے ہندوستان کے ایک فعال علمی اور تہذیبی کردار کے طور پر دیکھنے کی دعوت دی ہے۔ آج اُردو کے سامنے سب سے بڑا چیلنج یہی ہے کہ وہ اپنے کلاسیکی ادبی سرمایے کی حفاظت کے ساتھ جدید علمی دنیا میں اپنی جگہ کس طرح بنائے۔ مصنوعی ذہانت، ڈجیٹل ٹیکنالوجی، سائنس، معاشیات، سماجیات اور جدید ابلاغی ذرائع نے علم کی دنیا کو یکسر تبدیل کردیا ہے۔ ایسے میں اُردو کو بھی ان نئے علمی امکانات سے مربوط کرنا ہوگا۔
بہر کیف، جموں یونیورسٹی کے شعبہ اُردو کے صدر پروفیسر شہاب عنایت ملک اور ان کے روفقا پروفیسر ریاض احمد، ڈاکٹر عبد الرشید منہاس، پروفیسر فرحت شمیم نے ملک کی بیشتر یونیورسٹی کے اساتذہ و ریسرچ اسکالروں کو اس سمینار میں اس موضوع پر غور و فکر کیلئے سر جوڑ کر بیٹھنے کی پہل کی۔ اس میں پروفیسر مظہر مہدی دہلی، پروفیسر محمد علی جوہر علی گڑھ، پروفیسر مشتاق احمد دربھنگا، پروفیسر الطاف انجم، پروفیسر مشتاق حیدر ڈاکٹر کوثر رسول، پروفیسر نصرت جبین، ڈاکٹر الطاف نقشبندی سبھی کشمیر اور ڈاکٹر علی عباس چنڈی گڑھ، ڈاکٹر رخسانہ رحیم، ڈاکٹر شہناز قادری جموں، ڈاکٹر درانی شبانہ نادیر مہاراشٹر اور پروفیسر زماں آزردہ جیسے نامور ناقد، شفق شو پوری جیسے نامور شاعر و ادیب کے ساتھ ساتھ دیگر ممالک سے اُردو زبان کے ادباء نے اس موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار آن لائن کیا جن میں ڈاکٹر تقی عابدی کنیڈا، غلام ربانی بنگلہ دیش وغیرہ شامل تھے۔
یہ بھی پڑھئے: جواہر لال سے باتیں، جواہر لال کی باتیں!
اُردو کے شعبہ جات میں صرف قدیم نصاب کی تدریس اور روایتی موضوعات پر تحقیق کافی نہیں ہوگی۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اُردو کے طلبہ کو ترجمہ نگاری، ڈجیٹل صحافت، مشینی ترجمہ، کمپیوٹیشنل لسانیات، ڈجیٹل ہیومینٹیز اور مصنوعی ذہانت کے استعمال سے بھی واقف کرایا جائے۔ یہاں یونیورسٹیوں کی ذمہ داری سب سے زیادہ اہم ہوجاتی ہے۔ یونیورسٹی محض ڈگری تقسیم کرنے کا ادارہ نہیں ہوتی بلکہ وہ سماج کے فکری مستقبل کی تشکیل کا مرکز ہوتی ہے۔ ایک اہم مسئلہ اُردو اور روزگار کا بھی ہے۔ آج کا نوجوان یہ جاننا چاہتا ہے کہ اُردو پڑھنے کے بعد اس کیلئے عملی زندگی میں کیا امکانات موجود ہیں۔ اگر ہم اسے صرف تدریس اور روایتی سرکاری ملازمتوں تک محدود رکھیں گے تو اس زبان کی طرف نئی نسل کی دلچسپی برقرار رکھنا مشکل ہوگا۔ اس کیلئے ضروری ہے کہ یونیورسٹیوں میں عملی تربیت اور صنعتوں سے اشتراک کے پروگرام شروع کئے جائیں۔ اُردو کے حوالے سے ایک اور اہم پہلو اس کا تہذیبی اور قومی کردار ہے۔ ہندوستان کی ترقی کا تصور صرف جی ڈی پی، صنعتی پیداوار، سڑکوں، عمارتوں اور ٹیکنالوجی کی ترقی تک محدود نہیں ہونا چاہئے۔ کسی بھی ملک کی اصل ترقی اس کے شہریوں کے فکری شعور، سماجی مساوات، ثقافتی تنوع اور انسانی اقدار سے بھی متعین ہوتی ہے۔ اُردو کا ادبی سرمایہ ان تمام اقدار کی ترجمانی کرتا ہے۔
جموں یونیورسٹی میں اس موضوع پر بین الاقوامی سمینار کا انعقاد اس اعتبار سے بھی اہم ہے کہ جموں و کشمیر خود مختلف زبانوں، تہذیبوں اور ادبی روایتوں کا مرکز ہے۔ یہاں اُردو کا ایک تاریخی اور تہذیبی رشتہ موجود ہے۔ تاہم، ایسے سمیناروں کی کامیابی صرف اس بات سے نہیں ناپی جانی چاہئے کہ کتنے مقالے پڑھے گئے، کتنے دانشور شریک ہوئے اور کتنی علمی نشستیں منعقد ہوئیں۔ اصل کامیابی اس وقت ہوگی جب ان مباحث کے نتیجے میں کوئی قابلِ عمل لائحۂ عمل سامنے آئے۔ یہاں ایک سوال اُردو کے دانشوروں اور اساتذہ سے بھی ہے۔ کیا ہم اُردو کے مستقبل کو صرف حکومتوں کی پالیسیوں اور سرکاری اداروں کی سرپرستی سے وابستہ کرکے مطمئن ہوسکتے ہیں؟ یقیناً نہیں۔ زبان کی ترقی کیلئے اس کے اہل ِ علم کو بھی اپنی ذمہ داری محسوس کرنا ہوگی۔ ہمیں اُردو کے علمی سرمائے کو نئی نسل تک منتقل کرنے کے ساتھ اسے جدید علوم کے اظہار کا وسیلہ بھی بنانا ہوگا۔
یہ بھی پڑھئے: ترکی کانفرنس ’’کاپ ۳۱‘ ‘
میرا خیال ہے کہ وِکست بھارت ۲۰۴۷ء کے تناظر میں اُردو کے سامنے اصل چیلنج اپنی شناخت کا تحفظ نہیں بلکہ اپنی صلاحیتوں کا نئے عہد میں اظہار ہے۔ ہمیں یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ زبانیں محض ماضی کی تہذیبی یادگاریں نہیں ہوتیں، وہ مستقبل کی تعمیر میں بھی حصہ لیتی ہیں۔ اُردو اگر اپنے ادبی ورثے کے ساتھ جدید علمی تقاضوں کو قبول کرتی ہے تو اس کے امکانات محدود نہیں رہیں گے ایک ترقی یافتہ ہندوستان کا خواب اس وقت تک مکمل نہیں ہوسکتا جب تک اس کی تمام زبانوں کو ترقی کے یکساں مواقع میسر نہ ہوں۔
مختصر یہ کہ وِکست بھارت ۲۰۴۷ء کی اصل کامیابی صرف ایک معاشی طاقت بننے میں نہیں بلکہ ایک ایسے علمی، تہذیبی اور انسانی معاشرے کی تشکیل میں ہے جہاں ترقی کے ساتھ رواداری، جدیدیت کے ساتھ روایت اور ٹیکنالوجی کے ساتھ انسانی اقدار بھی زندہ رہیں۔ اُردو اسی ہندوستانی خواب کی ایک خوبصورت آواز ہے۔ ضرورت صرف اس بات کی ہے کہ ہم اس آواز کو ماضی کی بازگشت بننے کے بجائے مستقبل کا نغمہ بنائیں۔
جموں یونیورسٹی قابل مبارکباد ہے کہ اس نے عصری تقاضے کو پورا کیا جیسا کہ حکومت جموں کشمیر کی وزیر صحت سکینہ ایتو اور وائس چانسلر پروفیسر امیش رائے نے اعتراف کیا کہ اُردو کا شعبہ نے اس سمینار کا انعقاد کر یونیورسٹی کا نام روشن کیا ہے۔