اردن میں قائم تحقیقی ادارے ’رائل اسلامک اسٹرٹیجک اسٹڈیز سینٹر‘ کی اس فہرست میں میر واعظ عمر فاروق کو مسلسل ۱۳؍ ویں مرتبہ جگہ دی گئی۔
EPAPER
Updated: November 16, 2026, 12:02 PM IST | Srinagar/ New Delhi
اردن میں قائم تحقیقی ادارے ’رائل اسلامک اسٹرٹیجک اسٹڈیز سینٹر‘ کی اس فہرست میں میر واعظ عمر فاروق کو مسلسل ۱۳؍ ویں مرتبہ جگہ دی گئی۔
اردن میں قائم تحقیقی ادارے ’رائل اسلامک اسٹرٹیجک اسٹڈیز سینٹر‘ (آر آئی ایس ایس سی) نے اپنی سالانہ اشاعت ’دی مسلم۵۰۰؍‘ کے ۲۰۲۷ءکے ایڈیشن میں کشمیر کے مذہبی و سیاسی لیڈر میرواعظ مولوی محمد عمر فاروق کو مسلسل۱۳؍ویں مرتبہ دنیا کی۵۰۰؍بااثر مسلم شخصیات کی فہرست میں شامل کیا ہے۔ اس فہرست میں۲۲؍ ہندوستانی مسلم شخصیات شامل ہیں۔سیاسی شخصیات میںحریت کانفرنس کے میر واعظ عمر فاروق کے علاوہ اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسدالدین اویسی اوراےآئی یو ڈی ایف کے لیڈر مولانا بدرالدین اجمل کے نام ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: بلقیس بانو کے ہاتھوں کیرالا میں خواتین کی بین الاقوامی کانفرنس کا افتتاح
اشاعت میں میرواعظ عمر فاروق کو سیاسی شخصیات کے زمرے میں رکھتے ہوئے انہیں کشمیر کے چودھویں میرواعظ کے طور پر متعارف کرایا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق انہوں نے۱۹۹۰ء میں اپنے والد مولوی محمد فاروق کے قتل کے بعد محض۱۷؍ برس کی عمر میں دینی قیادت کی ذمہ داریاں سنبھالیں اور تب سے وہ سرینگر کی تاریخی جامع مسجد کے مرکزی خطیب کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
’دی مسلم ۵۰۰‘ کے ایڈیشن میں مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے مذاکرات اور پرامن ذرائع اختیار کرنے سے متعلق ان کے دیرینہ موقف کا ذکر کیا گیا ہے۔ اشاعت کے مطابق میرواعظ پائیدار امن کے قیام کے لیے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بات چیت کی وکالت کرتے رہے ہیں اور علاقائی مسائل کے حل کیلئے عدم تشدد پر مبنی طرزِ عمل پر زور دیتے ہیں ۔ رپورٹ میں اگست ۲۰۱۹ء سے ستمبر۲۰۲۳ءتک ان کی طویل خانہ نظربندی کا حوالہ دیتے ہوئے تحریر کیا گیا ہے کہ ’’انہیں اب بھی حکام کی جانب سے اچانک اور وقفے وقفے سے نظربندی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔‘‘ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ جامع مسجد سرینگر کے مرکزی دینی پیشوا کی حیثیت سے وہ ’روایتی دینی قیادت کی ذمہ داریوں اور انسانی حقوق کی مسلسل وکالت کے درمیان مؤثر ہم آہنگی قائم رکھے ہوئے ہیں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: چھوٹ گئے ووٹرس کے ناموں کی شمولیت کا وعدہ
واضح رہےکہ۲۲؍ ہندوستانی مسلم شخصیات کا تعلق ۴؍ مختلف شعبہ ہائے حیات سے ہے۔مذہبی لیڈران اور اسکالرز کے زمرے میںمولانا محمود مدنی ، مولانا ارشد مدنی ،مفتی اعظم شیخ ابوبکر احمد،سیدنا مفضل سیف الدین ، مفتی ابوالقاسم نعمانی ،ڈاکٹرذاکر نائیک ،مولانا سعد کاندھلوی ،مولانا زہیرالحسن کاندھلوی،مولانا قمر الزماں اعظمی،سید ابراہیم الخلیل البخاری ،ڈاکٹر بہاؤالدین محمد جمال الدین ندوی،مولانا شاکر نوری اور ڈاکٹر ثانیہ اثنین خان شامل ہیں۔فن وثقافت کے زمر ے میںشاہ رخ خان ، سلمان خان ، عامر خان ، شبانہ اعظمی اور اے آر رحمٰن کے نام شامل ہیں۔کاروبار، خدمت خلق اورسائنس کے زمرے میںعظیم پریم جی اورناسا کی ایسٹروفزسسٹ ڈاکٹر ہا شمہ حسن کا شمار ہوتا ہے۔