تمل ناڈو کا ۱۷؍سالہ طالب علم ۳ء۵۵؍کروڑ روپے کا حقداربنا، ریاضی کے اس ’ورلڈٹاپر‘کوبراؤن یونیورسٹی میں داخلہ ملا۔
EPAPER
Updated: August 12, 2026, 4:02 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai
تمل ناڈو کا ۱۷؍سالہ طالب علم ۳ء۵۵؍کروڑ روپے کا حقداربنا، ریاضی کے اس ’ورلڈٹاپر‘کوبراؤن یونیورسٹی میں داخلہ ملا۔
اگر آپ اپنے اہداف بڑے رکھیں تو سخت محنت اور مستقل مزاجی کے ذریعے انہیں حاصل کیا جا سکتا ہے۔ کچھ چیزیں مشکل ضرور ہوتی ہیں، لیکن ناممکن نہیں۔ محنت سے کامیابی کی بلندیوں تک پہنچا جا سکتا ہے۔ تمل ناڈو کے ایروڈ ضلع سے تعلق رکھنے والے ۱۷؍ سالہ پرنَو ایلانگے نے یہ بات ثابت کر دکھائی ہے۔ پرنَو کو امریکہ کی معروف ’آئیوی لیگ‘ یونیورسٹی، براؤن یونیورسٹی میں داخلہ مل گیا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ اسے۳ء۵۵؍کروڑ روپے کی مکمل اسکالرشپ بھی حاصل ہوئی ہے۔اس اسکالرشپ میں اس کی چار سالہ تعلیم کے اخراجات کے ساتھ رہائش اور کھانے کے اخراجات بھی شامل ہیں۔ یہ کامیابی پورے ملک کے لیے باعث فخر ہے۔اکثر یہ سمجھا جاتا ہے کہ صرف بڑے شہروں کے طلبہ ہی معروف بین الاقوامی یونیورسٹیوں میں داخلہ حاصل کر سکتے ہیں، لیکن پرنَو نے سخت محنت اور صحیح رہنمائی کے ذریعے اس تصور کو غلط ثابت کر دیا۔ براؤن یونیورسٹی کے علاوہ یونیورسٹی آف ہانگ کانگ نے بھی اسے صدفیصد اسکالرشپ کی پیشکش کی تھی۔ یہ ایک چھوٹے شہر کے نوجوان کی بڑی کامیابی تک پہنچنے کی کہانی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: آئی آئی ٹی بامبے کے شوریہ گوئل کا پروجیکٹ جی ایس سی میں ٹاپ ۵؍ میں منتخب ہوا
پرنَو کو یہ کامیابی راتوں رات حاصل نہیں ہوئی بلکہ یہ کئی برسوں کی سخت محنت، توجہ اور مسلسل تیاری کا نتیجہ ہے۔ایروڈ کی سی ایس اکیڈمی کا طالب علم پرنَو محض۱۳؍ سال کی عمر میں یہ محسوس کر چکا تھا کہ اسے زندگی میں کچھ منفرد اور خاص کرنا ہے۔ اس نے ڈیکسٹرٹی گلوبل کے نیشنل اسکالر ڈیولپمنٹ پروگرام میں شرکت کی۔ وہاں حاصل ہونے والی رہنمائی اور تربیت نے اس کے نقطۂ نظر کو ہی بدل دیا۔پرنَو تعلیمی میدان میں ہمیشہ نمایاں رہا ہے۔ اس نےکیمبرج آئی جی سی ایس ای میتھمٹکس کے امتحان میں ورلڈ ٹاپر یعنی عالمی سطح پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔ طلبہ اکثر ریاضی کو صرف امتحان میں اچھے نمبر حاصل کرنے کے لیے پڑھا جانے والا ایک مضمون سمجھتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: ۱۹؍ سالہ نوجوان کو مائیکروسافٹ میں ’سافٹ ویئر انجینئر‘ کی ملازمت
لیکن پرنَو کے لیے ریاضی محض نصابی کتابوں یا فارمولوں تک محدود نہیں تھی۔اس کا پختہ یقین ہے کہ ریاضی انتہائی پیچیدہ عالمی مسائل کو سمجھنے اور انہیں حل کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔ اسی سوچ کے تحت اس نے اعلیٰ تعلیم کے لیے ایک منفرد راستہ منتخب کیا اور بظاہر مختلف نظر آنے والے دو شعبوں کو آپس میں جوڑ دیا۔ پرنَو اب براؤن یونیورسٹی میں پبلک ہیلتھ (صحت عامہ) اور اپلائیڈ میتھمیٹکس (اطلاقی ریاضی) کی تعلیم حاصل کرے گا۔آپ کے ذہن میں یہ سوال آسکتا ہے کہ ریاضی اور صحت کا آپس میں کیا تعلق ہے؟ مختصراً، پرنَو کا مقصد ڈیٹا، ٹیکنالوجی اور ریاضی کو یکجا کرکے صحت کے شعبے میں درپیش چیلنجز کو حل کرنا ہے۔
وہ ایسا پلیٹ فارم یا منصوبہ شروع کرنا چاہتا ہے جس کے ذریعے حکومت اور عام لوگوں کو صحت سے متعلق قابلِ اعتماد اعداد و شمار اور درست معلومات فراہم کی جا سکیں، خصوصاً ان دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں جہاں آج بھی صحت کی مناسب سہولیات اور درست معلومات کا فقدان ہے۔(بشکریہ:ای سکال)