احمد آباد کے تپن برہم بھٹ نے بلٹ بائک پر برگر بیچنا شروع کیا ، آج ان کے ۳؍ آئوٹ لیٹ ہیں اور ہراسٹور کا منافع ۱۰؍لاکھ ہے
EPAPER
Updated: August 28, 2023, 3:04 PM IST | Agency | Ahemdabad
احمد آباد کے تپن برہم بھٹ نے بلٹ بائک پر برگر بیچنا شروع کیا ، آج ان کے ۳؍ آئوٹ لیٹ ہیں اور ہراسٹور کا منافع ۱۰؍لاکھ ہے
برگر دنیا بھر میں سب سے زیادہ پسند کیے جانے والے فاسٹ فوڈ میں سے ایک ہے۔ ہمارےملک میں اس کو اس حد تک ہندوستانی بنا دیا گیاہے کہ ویج نان ویج سے لے کر فروٹ برگر تک بازار میں دستیاب ہیں ۔ہندوستان میں برگر کے جنون کے درمیان، یہ آپ کو حیران کر سکتا ہے کہ برگر کے ہندوستانی برانڈز بہت کم ہیں ۔ ایسے میں ٹمی ٹکی برگر کا نام آتا ہے، ٹمی ٹکی احمد آباد کی ایک کمپنی ہے، جس کےمالک تپن برہم بھٹ ہیں ۔محض ۷۰۰؍ روپے کی سرمایہ کاری سے بلٹ موٹر سائیکل پر شروع کیا گیا’ٹمی ٹکی برگر‘ نامی کاروبار کافی مقبولیت حاصل کرچکاہے۔ آج احمد آباد میں ٹمی ٹکی کے ۳؍ آؤٹ لیٹس ہیں، اور ہر آؤٹ لیٹ سے منافع ۱۰؍لاکھ روپےسے زیادہ ہے۔
تپن برہم بھٹ نےانجینئرنگ کی تعلیم حاصل کی۔اصل میں امباجی گجرات کے رہنے والے تپن کویہ کاروباری خیال پڑھائی کے دوران آیا۔ملک میں پھلتے پھولتے آن لائن کھانے کے کاروبار کو دیکھ کر تپن نےاپنے کالج کے دو دوستوں کے ساتھ ریور فرنٹ سے برگر کا کاروبار شروع کیا۔ ریور فرنٹ شہر کا وہ علاقہ ہے جہاں لوگ اپنے گھر والوں اور دوستوں کے ساتھ گھومنے پھرنے آتے ہیں ،ریور فرنٹ کے آس پاس کھانے پینے کے اسٹال نہیں تھے۔ تپن اور اس کے دوستوں نے اچھےمعیار کے گھریلو برگر بیچنا شروع کیے جو لوگوں میں مقبول ہوئے۔ صارفین کو برگر پیش کرنے کے ساتھ ساتھ، تپن ان سے رائےلیتے، اور انہیں اپنا فون نمبر بھی دیتے تاکہ گاہک اگر پسند کریں تو دوبارہ آرڈر کر سکیں ۔ کاروبار زور پکڑ ہی رہا تھا کہ تپن کے دوستوں نے کام چھوڑ کر نوکری کرنے کا فیصلہ کرلیا۔تپن نے بھی کچھ ایسا ہی کیا لیکن اس دوران برگر کا ذائقہ گاہکوں کی زبانوں پر چڑھنے لگا تھا۔ لوگ فون کر کے برگر مانگ رہے تھے، جس کے بعد تپن نے نوکری چھوڑ کر کاروبار کرنے کا فیصلہ کیا اور اپنی بلٹ پر ہی دن کے ۲۴؍ گھنٹے اور ہفتہ کے ساتوں دن ڈلیوری کی سہولت کے ساتھ برگر بیچنا شروع کر دیا۔ تپن کے پاس سرمایہ کاری کے لیے نہ تو کوئی بڑی رقم تھی اور نہ ہی کوئی پارٹنر، لیکن سخت محنت اور منفردسوچ نے اسے اپنا کاروبار بڑھانے میں مدد دی۔ آج، صرف۵؍ برسوں میں، ٹمی ٹکی ایک مقبول برگر برانڈ بن گیا ہے۔