Inquilab Logo

عید پرمنفرد سجاوٹ کیلئے تھوڑی سی توجہ اور تخلیقی ذہنیت کی ضرورت

Updated: March 27, 2024, 12:10 PM IST | Odhani Desk | Mumbai

ضر وری نہیں کہ مہنگی ہی چیزوں سے مکان کو سجایا جائے، اگر آپ غور کریں گی تو اس خاص موقع پرکم محنت اور کم خرچ ہی میں اپنے مکان کو خاص بنا دیں گی۔

This kind of decoration is the result of creative mindset, which has made the house attractive. Photo: INN
اس طرح کی سجاوٹ تخلیقی ذہنیت ہی کا نتیجہ ہوتی ہے، اسی سے مکان پر کشش ہوگیا ہے۔ تصویر : آئی این این

خواتین کی ایک بڑی تعداد رمضان کی خریداریوں اور پکوان وغیرہ بنانے میں مصروف ہونے کے بعد عید پر اپنے مکان کی سجاوٹ سے غافل ہوجاتی ہے اور اس پر دھیان ہی نہیں دیتی ہے۔ اچانک عید سر پہ آجاتی ہے، ایسے میں عید سے ایک دن پہلے یا چاند رات ہی کو جلد ی جلدی اور جیسے تیسے مکان کو سجا دیا جاتا ہے جس سے سلیقہ مندی ظاہر نہیں ہوتی ہے بلکہ عید کے دن آنے والے مہمان یہی سوچتے ہیں کہ سجاوٹ سے پہلے ہی یہ مکان بھلا تھا۔ اسی کے پیش نظر آپ کوعید سے ۱۵؍ دن پہلے ہی مکان کی سجاوٹ کے طریقے بتائے جارہے ہیں۔ ان کی مدد سے آپ سلیقہ مندی کی داد وصول کرسکتی ہیں، اسی لئے ابھی سے گھر کی سجاوٹ کیلئے کمربستہ ہوجائیے۔ 
سب سے پہلے ڈرائنگ روم سجایئے، یہ وہ حصہ ہے جسے مہمان سب سے پہلے دیکھتا ہے اور اگر آپ کا ڈرائنگ روم سلیقے سے سجا ہوا نہ ہو تو اس سے آپ کے گھر آنے والا مہمان آپ کی شخصیت سے متاثر نہیں ہوگا۔ عام طور پر ڈرائنگ روم کی سجاوٹ میں بہت پیسے خرچ کئے جاتے ہیں، حالانکہ تھوڑی سوجھ بوجھ کا مظاہرہ کرکے ڈرائنگ روم کو جاذب نظر بنایا جاسکتا ہے۔ اگر ڈرائنگ روم کی سجاوٹ میں کچھ باتوں کا خیال رکھا جائے تو سادہ سا ڈرائنگ روم بھی آنے والے مہمانوں پر بہت اچھا تاثر قائم کرسکتا ہے۔ 
 ڈرائنگ روم کی سجاوٹ میں سب سے پہلی بات تو یہ یاد رکھی جائے کہ اپنی سینٹر ٹیبل کو مختلف شو پیس سے نہ بھریئے، کیونکہ جب آپ مہمانوں کیلئے چائے، مشروبات اور دیگر لوازمات کی ٹرے رکھیں گی تو سب سے پہلے وہ شو پیس آپ کو ہٹانی ہوگی۔ اس وقت سب کچھ بکھر جائے گا اور آپ کو شرمندگی تو ہو گی ہی ساتھ مہمان آپ کو بدسلیقہ اور لاپروا تصور کرے گا۔ سینٹر ٹیبل پر اگر آپ ایک گلدان میں تازہ یا کاغذی پھول رکھ دیں تو اس سے ایک تو ٹیبل بھی خالی خالی نہیں لگے گا اور ٹرے رکھتے وقت آپ کو جلدی جلدی چیزیں بھی نہیں ہٹانی ہوں گی۔ اگر آپ کے ڈرائنگ روم کے صوفوں کا رنگ گہرا ہے تو اس پر ہلکے رنگ کے کشن رکھیںاور اگر صوفوں کا رنگ ہلکا ہے تو پھر اس پر گہرے رنگ کے بیک کشن نمایاں اور اچھے لگیں گے۔ اگر کشن سادہ ہیں تو پھر آپ ان پر خوبصورت سی کڑھائی یا پینٹنگ کرلیں، اس سے ان کی خوبصورتی میں اضافہ ہوجائے گا۔ اگر ڈرائنگ روم کی کسی دیوار پر آپ نے بڑی سی پینٹنگ لگائی ہے تو اس دیوار پر دوسری پینٹنگز نہ لگائیں بلکہ دوسری چھوٹی چھوٹی پینٹنگز اور شو پیس آپ اس کے سامنے والی دیوار پر لگائیں۔ ڈرائنگ روم میں رکھے شوپیسز کی جگہیں تھوڑے تھوڑے عرصے کے بعد تبدیل کرتی رہیں۔ اسی طرح بیڈ روم کی سجاوٹ کرتے وقت اس بات کا ضرور خیال رکھیں کہ آپ کے بیڈ روم میں کون سا رنگ پینٹ کیا گیا ہے؟ اسی رنگ کی مناسبت سے آپ کارپٹ کا رنگ منتخب کریں، یعنی اگر آپ کے بیڈ روم کا پینٹ ہلکا گلابی ہے تو اس میں میرون، سرخ یا گلابی شیڈ کا کارپٹ خوبصورت معلوم ہوگا۔ اس کے برعکس اگر آپ نیلے یا ہرے رنگ کا کارپٹ بچھائیں گی تو وہ بدنما معلوم ہو گا۔ اگر آپ کے کمرے میں سفید پینٹ کیا ہوا ہے تو اس پر آپ کسی بھی رنگ کے کارپٹ اور پردے کا استعمال کرسکتی ہیں۔ اسی طرح بچوں کے کمرے میں ایک ٹوائےریک ہونا بہت ضروری ہے تاکہ بچے کھیلنے کے بعد کھلونے اس ریک میں رکھ دیں۔ اسی طرح کے بہت سے طریقوں سے عید پر آپ اپنے مکان کا جاذب نظر بناسکتی ہیں، سجاوٹ میں یو ٹیوب کے ویڈیوز کی بھی مددلے سکتی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK