۱۳؍بار ناکامی کے باوجود عزم وحوصلہ برقرار رکھا، ۱۴؍ویں کوشش میں انیکیت واڈکر فوج میں لیفٹیننٹ بن گیا۔
EPAPER
Updated: September 24, 2026, 2:47 PM IST | Inquilab News Network | Ratnagiri
۱۳؍بار ناکامی کے باوجود عزم وحوصلہ برقرار رکھا، ۱۴؍ویں کوشش میں انیکیت واڈکر فوج میں لیفٹیننٹ بن گیا۔
ناکامی سے مایوس ہوئے بغیر مستقل مزاجی، صبر اور انتھک محنت کے ذریعے کس طرح اپنے مقصد کو حاصل کیا جا سکتا ہے، اس کی بہترین مثال رتناگیری کے انیکیت واڈکر نے پیش کی ہے۔ مسلسل ۱۳؍مرتبہ ناکامی کا سامنا کرنے کے باوجود اس نے ہمت نہیں ہاری اور۱۴؍ویں کوشش میں فوج میں انڈین آرمی میں لیفٹیننٹ کا عہدہ حاصل کر لیا۔
۵؍ ستمبر کو آفیسرز ٹریننگ اکیڈمی(او ٹی اے)، گیا میں منعقدہ پاسنگ آؤٹ پریڈ کے بعد انیکیت کی فوج کی ’کور آف انجینئرز‘ میں بطور افسر باقاعدہ تقرری ہوگئی۔ انیکیت، اصل میں ساونت واڑی کے رہنے والے اور کوکن ریلوے میں ملازمت کی وجہ سے فی الحال رتناگیری میں مقیم ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: امریکہ میں اعلیٰ تعلیم پانا مہنگا لیکن کریئر کے مواقع بھرپور
بچپن ہی سے فوجی وردی، نظم و ضبط اور ملک کی خدمت کا شوق رکھنے والے انیکیت نے اسکول کے زمانے میں این سی سی میں شمولیت اختیار کی۔ یہیں سے ان کے دل میں فوج میں افسر بننے کا خواب پروان چڑھا۔ گریجویشن کی تعلیم کے دوران ہی انہوں نے اس مقصد کے لیے تیاری شروع کردی۔ تاہم انیکیت کا فوجی افسر بننے کا سفر آسان نہیں تھا۔ اگلے پانچ سال ان کے صبر، حوصلے اور عزم کا سخت امتحان ثابت ہوئے۔ انہیں کئی مرتبہ تحریری امتحان اورایس ایس بی انٹرویو میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔سکال کی رپورٹ کے مطابق انیکیت نے ۲؍ مرتبہ ایس ایس بی بھی پاس کیا، لیکن اس کے باوجود حتمی میرٹ لسٹ میں جگہ نہیں بنا سکے۔ تاہم انہوں نے یہ سوچ ہمیشہ اپنے ذہن میں رکھی کہ:’’ناکامی شکست نہیں، بلکہ دوبارہ کھڑے ہونے کا ایک موقع ہے۔‘‘ اسی سوچ کے ساتھ انیکیت نے ہار نہیں مانی اور اپنی کوشش جاری رکھی۔ آخرکار۱۴؍ویں کوشش میں انکی محنت رنگ لائی اور وہ فوج میں لیفٹیننٹ بن گئے۔ انیکیت کی اس کامیابی پر انکے اہلِ خانہ، دوستوں اور رتناگیری و ساونت واڑی کے لوگوں کی جانب سے انہیں مبارکباد دی جا رہی ہے۔ انیکیت نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فوجی وردی حاصل کرنا انتہائی فخر کا لمحہ ہے، لیکن اس وردی کی عزت اور وقار کو برقرار رکھنے کی اصل ذمہ داری آج سے شروع ہوئی ہے۔
ناکامی سے ہمت ہارنا نہیں چاہئے، چاہے آپ کتنی ہی بار اس کا سامنا کریں، اسے آپ خود کو مزید بہتر بنانےکا موقع سمجھیں اور کامیابی ملنے تک کوشش جاری رکھیں۔
-انیکیت واڈکر