کیا سوچتی ہیں انقلاب کی وہ قارئین جنہوں نے ’’اوڑھنی‘‘ کیلئے لکھا اور اپنی صلاحیتوں کو منوایا
EPAPER
Updated: January 31, 2026, 5:52 PM IST | Odhani Desk | Mumbai
کیا سوچتی ہیں انقلاب کی وہ قارئین جنہوں نے ’’اوڑھنی‘‘ کیلئے لکھا اور اپنی صلاحیتوں کو منوایا
’’ایسا کہاں سے لاؤں کہ تجھ سا کہیں جسے‘‘
روزنامہ انقلاب کے کسی بھی قاری سے اگر اس اخبار کے بارے میں پوچھا جائے تو سب کا جواب یہی مصرعہ ہوگا۔ انقلاب سرِ فہرست یونہی تو نہیں! کچھ تو یقیناً اس میں خاص ہے کہ دہائیوں سے اس مؤقر اخبار کے قارئین کی کوئی صبح اسکے بغیرشروع ہی نہیں ہوتی۔ اپنے مشمولات میں روز بروز ندرت کے ساتھ ہر حلقۂ فکر کے قارئین کیلئے وسیع تر موضوعات پر تحریری گفتگو کرنے والا یہ روزنامہ ایک اخبار نہیں، ایک جہاں نما دستاویز لگتا ہے۔ یوں تو اس کے تمام مشمولات اپنی مثال آپ ہیں مگران میں خصوصی امتیاز خواتین کے صفحہ ’اوڑھنی‘ کو حاصل ہے۔ خواتین معاشرہ کا اہم ستون ہوتی ہیں اس بات کو تسلیم کرنے اور خواتین کی اس حیثیت کو اعزاز دینے کی بہترین کوشش صفحہ اوڑھنی ہے۔ اس صفحہ کے مشمولات سے بے شمار خواتین استفادہ کرتی ہیںیہ مضامین خواتین کو با اختیار بنانے میں معاون ہیں۔ اس صفحے کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ اس نے کئی قلمکار ہاتھوں اور حساس دلوں کو قلم اور کتاب سے جوڑ دیا۔ اس صفحے نے اُنہیں ایسا پلیٹ فارم مہیا کیا ہے جہاں وہ اپنوں سے جُڑتی ہیں، اپنی باتیں اور اپنے تجربات منظر عام پر لاتی ہیں۔ بے شک ہم خواتین اس صفحے کو ایک ایسے انعام کی صورت میں دیکھتی ہیں جو ہر صبح ہمیں کسی نعمت کی طرح موصول ہوتا ہے۔
خالدہ فوڈکر، ممبئی
’اوڑھنی‘ صفحہ خواتین کو بیدار کرتا ہے
انقلاب کا خصوصی صفحہ ’’اوڑھنی‘‘ خواتین کو فکری، سماجی اور عملی سطح پر مستفید کرتا ہے۔ اس صفحے کے ذریعے خواتین کو اُن کی روزمرہ زندگی سے جڑے مسائل، گھریلو نظم و نسق، صحت، تعلیم، اخلاقی تربیت، ازدواجی زندگی حوصلہ افزائی اور خود اعتمادی جیسے موضوعات پر رہنمائی فراہم کی جاتی ہے۔ یہاں شامل تحریریں محض نظری نہیں ہوتیں بلکہ عملی تجربات اور زمینی حقائق پر مبنی ہوتی ہیں، جس سے خواتین اپنی ذاتی اور خاندانی زندگی میں مثبت تبدیلی لاسکتی ہیں۔ یہ صفحہ خواتین کو اظہارِ رائے کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔ مجھے روزانہ انقلاب کا بےچینی سے انتظار رہتا ہے۔ اخبار ہاتھ میں آتے ہی سب سے پہلے میری نگاہ ’’اوڑھنی‘‘ صفحے پر جاتی ہے، اور اس کے بعد ہی میں دیگر خبروں کی طرف متوجہ ہوتی ہوں۔ یہ بات وثوق سے کہی جاسکتی ہے کہ ’اوڑھنی‘ صفحہ خواتین کو بیدار کرتا ہے۔ روزانہ خواتین کے لئے مخصوص ایک مکمل صفحہ دستیاب ہونا خود ایک منفرد بات ہے۔ چند ماہ قبل شروع کیا گیا خصوصی کالم ’غذا اور صحت‘ میں خواتین کو صحت اور نیوٹریشن سے متعلق نہایت مفید اور کارآمد معلومات فراہم کی جا رہی ہیں، جو خواتین کیلئے عملی زندگی میں بے حد معاون ثابت ہو رہی ہیں۔ یہی جامع، حقیقت پسندانہ اور حساس انداز ’’اوڑھنی‘‘ کو خواتین کیلئے ایک معتبر اور قابلِ اعتماد صفحہ بناتا ہے۔
فردوس انجم، بلڈانہ، مہاراشٹر
یہ صفحہ خواتین کو کئی پہلوؤں سے مستفید کرتا ہے
روزنامہ انقلاب کا خصوصی صفحہ ’’اوڑھنی‘‘ محض ایک اخبار کا صفحہ نہیں بلکہ خواتین کے احساسات، مسائل، خوابوں اور جدوجہد کی ترجمانی ہے۔ یہ صفحہ خواتین کو ایسے کئی پہلوؤں سے مستفید کرتا ہے جو عام خبروں میں عموماً نظرانداز ہو جاتے ہیں۔ ’’اوڑھنی‘‘ خواتین کی زندگی سے جڑے موضوعات کو نہایت سنجیدگی اور وقار کے ساتھ پیش کرتا ہے۔ تعلیم، صحت، ملازمت، گھریلو زندگی، ذہنی دباؤ، رشتوں کی نزاکت، بچوں کی پرورش اور خود انحصاری جیسے موضوعات پر شائع ہونیوالے مضامین خواتین کو نہ صرف معلومات فراہم کرتے ہیں بلکہ اُنہیں سوچنے، سمجھنے اور خود پر اعتماد کرنے کی ترغیب بھی دیتے ہیں۔ یہ صفحہ خواتین کو یہ احساس دلاتا ہے کہ اُن کی آواز اہم ہے اور اُن کے مسائل قابلِ توجہ ہیں۔ بلاشبہ، بہت سی خواتین ’’اوڑھنی‘‘ کو ایک ایسے تحفے کے طور پر دیکھتی ہیں جو انہیں روزانہ ایک صفحے کی شکل میں ملتا ہے، اور جو ہر اخبار میں دستیاب نہیں۔ یہ صفحہ خواتین کیلئے ذہنی سکون، رہنمائی اور حوصلہ افزائی کا ذریعہ بنتا ہے۔ ایک مصروف گھریلو یا ملازمت پیشہ خاتون کیلئے ’’اوڑھنی‘‘ چند لمحوں کا ایسا وقفہ ہوتا ہے جہاں وہ خود کو پہچان سکتی ہے، اپنے جیسے تجربات پڑھ سکتی ہے اور یہ محسوس کر سکتی ہے کہ وہ اکیلی نہیں ہے۔ یہ خصوصی صفحہ واقعی خواتین کیلئے ایک قیمتی سرمایہ ہے۔
مومن رضوانہ محمد شاہد، ممبرا، تھانے
’اوڑھنی‘ کی افادیت اور اہمیت کی مداح ہوں
انقلاب کا مخصوص صفحہ ’’اوڑھنی‘‘ انقلاب کی صحافتی روایت میں ایک ایسا معتبر اور باوقار اضافہ ہے جو خواتین کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو سنجیدگی، توازن اور شعور کے ساتھ پیش کرتا آرہا ہے۔ یہ صفحہ محض معلومات یا وقتی مشوروں تک محدود نہیں بلکہ خواتین کے احساسات، تجربات اور عملی زندگی کا ایسا آئینہ ہے جس میں وہ خود کو پہچانتی اور اپنے مسائل کو سمجھتی ہیں۔ ’’اوڑھنی‘‘ کی اصل قوت اس کا فکری زاویہ اور تحریری سمت ہے۔ یہاں خواتین کو کسی ایک کردار یا خانے میں محدود نہیں کیا جاتا بلکہ انہیں ایک مکمل، باشعور اور ذمہ دار فرد کے طور پر پیش کیا جاتا ہے۔ بطور مضمون نگار مجھے انقلاب کی جانب سے جو اعتماد اور شناخت عطا ہوئی ہے، وہ میرے لئے صرف ایک صحافتی منصب نہیں بلکہ ایک فکری امانت ہے۔ یہ ذمہ داری میرے قلم کو صرف اظہار تک محدود نہیں رکھتی بلکہ سمت عطا کرتی ہے۔ مَیں بطور قلمکار اور بطور قاری، دونوں حیثیتوں میں ’اوڑھنی‘ کی افادیت اور اہمیت کی مداح ہوں۔ خاتون قارئین کو اس صفحے میں رہنمائی بھی ملتی ہے، حوصلہ بھی اور یہ احساس بھی کہ ان کے مسائل کو سمجھنے والی اور انہیں دلاسہ دینے والی کئی آوازیں موجود ہیں۔ ’’اوڑھنی‘‘ انقلاب کا وہ معتبر اور باوقار صفحہ ہے جو خواتین کو مخاطب کرکے انہیں ایک سنجیدہ اور بامعنی مکالمے کا حصہ بناتا ہے۔
نکہت انجم ناظم الدین، جلگاؤں، مہاراشٹر
قلمی سفر کا آغاز کرنے اور پہچان بنانے کا پلیٹ فارم
’اوڑھنی‘ صفحہ انقلاب کا ایک مقبول اور کارآمد حصہ ہے جو خواتین کو گھریلو ہنر، ذاتی تجربات اور لکھنے کے شوق کو فروغ دینے میں مدد دیتا ہے۔ بہت سی خواتین کے لئے یہ اپنے قلمی سفر کا آغاز کرنے اور پہچان بنانے کا پلیٹ فارم ہے جہاں وہ اپنی تحریریں شائع کروا کر حوصلہ افزائی حاصل کرتی ہیں۔ ان کے اندر خوداعتمادی اور حوصلہ پروان چڑھتا ہے۔ انہیں معاشرے میں پہچان ملتی ہے۔ اس سے خواتین کو گھریلو اور سماجی زندگی میں فعال کردار ادا کرنے پر تحریک ملتی ہے۔ یہ خواتین کو اپنے تجربات، رائے اور مسائل پر بات کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے جس سے دوسروں کو رہنمائی ملتی ہے۔ حالات حاضرہ کی معلومات ملتی ہے۔ روزمرہ زندگی میں عورتوں کے بہت سے مفید مشورے ہوتے ہیں جیسے خاندانی تنظیم، بچوں کی دیکھ بھال اور خود کی صحت، تعلیم، روزگار کے بارے میں جانکاری، شخصیت سازی اور توازن وغیرہ۔ اس طرح ’اوڑھنی‘ صرف ایک صفحہ نہیں بلکہ خواتین کے لئے اظہارِ خیال اور باہمی تعاون کا ایک مضبوط ذریعہ ہے۔
انصاری عائشہ آبشار احمد، گرانٹ روڈ، ممبئی
یہ میری اوڑھنی ہے، یہ میرا صفحہ ہے
انقلابکا ایک صفحہ جو خواتین کیلئے مختص کیا گیا، اس اخبار کی انفرادیت اور مقبولیت کا مظہر ہے۔ اس صفحہ کا نام بڑا سوچ سمجھ کر رکھا گیا ہے ’اوڑھنی‘ جو ہر خاتون قاری کو اپنائیت کا احساس دلاتا ہے، اس کی شخصیت کی عکاسی کرتا ہے، اس کے کردار کو سنوارتا، نکھارتا اور مکمل بناتا ہے۔ ہم جیسی قارئین کو قلمکار بنانے کا سہرا بھی اسی کو جاتا ہے، اوڑھنی کے ذریعہ دیئے گئے عنوانات پر اپنے خیالات اور نظریات کو تحریر میں لانے کا ایک بے مثال پلیٹ فارم ملا، احقر اسکی ایک مثال ہے۔ افسانہ، نظمہو یا کوئی بھی چھوٹی بڑی تحریر اس صفحہ کی زینت بن کر یادگار ہوجاتی ہے۔ اس میں شائع ہونے پر ہر قلمکار نے خود پر ناز کیا۔ اس سے مزید لکھنے کا حوصلہ ملا۔ ایک عام خاتون کا معاشرہ میں اپنا مقام بنانا اور اس کو بڑھانا اور قائم رکھنا، ایک عورت کی خواہشات، جذبات اور ضروریات کا لحاظ رکھتے ہوئے تمام امور و نکات کا احاطہ اس صفحہ پر کیا گیا۔ الحمدللہ، امید اور دعا ہے کہ مزید اس کام کو جاری رکھا جائے جس کے لئے ہم سب بول سکیں کہ یہ میری اوڑھنی ہے یہ میرا صفحہ ہے۔
رضوانہ رشید انصاری، امبرناتھ، تھانے
اوڑھنی صفحہ: خواتین کی توقعات پر پورا اُترتا ہے
انقلاب کا خصوصی صفحہ ’اوڑھنی‘ میرے لئے بہت کارآمد رہا ہے۔ لکھنے کے شوق نے مجھے ہمت دی، اس پلیٹ فارم سے میں نے قلم کا خوب استعمال کیا۔ اپنے خیالات، تجربات اور روز مرہ کی ذمہ داری کے اتار چڑھاؤ میں اور آنے والی مشکلوں میں مددگار اوڑھنی کا صفحہ خواتین کو جینے کا سلیقہ سکھاتا ہے۔ ’’اوڑھنی‘‘ سے خواتین کو گھریلو ذمہ داری کے علاوہ صحت، بچوں کی تربیت، خانگی مسائل، بڑے بزرگوں کے احترام جیسے موضوعات پر بیداری پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔ امور خانہ داری کے متعلق بھی رہنمائی کی گئی۔ گھریلو نسخوں سے بھی خاتون قارئین فیض یاب ہوئیں۔ لذیذ پکوانوں کی ریسیپی بھی اہم ہے جن کے ویڈیو بنا کر مَیں اپنے چینل پر اپلوڈ کرتی ہوں۔ سلائی بنائی گھر کو سجانے کے نئے نئے طریقوں، جاب کرنے والی خواتین کو گھر اور باہر دونوں کس طرح بیلنس کریں، خوبصورت زندگی کیسے گزارا جائیں ایسے مسائل کے حل کے لئے انقلاب کا یہ خصوصی صفحہ جو اوڑھنی کہلاتا ہے، ماشاءللہ بہت خوب ہے۔ خواتین کی توقعات پر واقعی پورا اُترتا ہے۔
شاہدہ ایس وارثیہ، وسئی، پال گھر
یہ صفحہ خواتین کی روزمرہ زندگی میں درپیش مسائل کو سمجھتا ہے
’اوڑھنی‘ گزشتہ کئی برسوں سے میرے مطالعے میں ہے اور یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ جس طرح اوڑھنی عورت کے سر پر وقار کی علامت ہوتی ہے اسی طرح یہ صفحہ بھی خواتین کے فکری اور جذباتی تحفظ کا احساس دلاتا ہے۔ یہاں عورت کو نہ صرف سنا جاتا ہے بلکہ سمجھا بھی جاتا ہے۔ خاندان کی تعمیر، معاشرتی اقدار کی پاسداری، بچوں کی تربیت اور گھریلو ذمہ داریوں کی باریکیوں کو یہ صفحہ اس شعوری توازن کے ساتھ پیش کرتا ہے کہ خواتین کو رہنمائی بھی ملتی ہے اور حوصلہ بھی۔ خواتین کیلئے ’اوڑھنی‘ واقعی روزانہ ملنے والا ایسا تحفہ ہے جو دنیائے صحافت میں نایاب ہے۔ یہ انفرادیت خواتین کی توقعات کو محض پورا ہی نہیں کرتی بلکہ ان سے ایک قدم آگے بڑھ کر ان کے شعور کو جلا بخشتی ہے۔ یہ کہا جا سکتا ہے کہ ’جہانِ تازہ کی افکارِ تازہ سے ہے نمود‘ کے مصداق صفحہ ’اوڑھنی‘ خواتین کو جدید دور اور اس کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرتا ہے، ان میں مثبت فکر پیدا کرتا ہے اور ان کے شعور و خود اعتمادی میں اضافہ کرنے میں بھی ایک مثبت اور مؤثر کردار ادا کرتا ہے۔
انصاری آصفہ بدرالزماں، بھیونڈی
یہ صفحہ خاص طور پر ماؤں کے لئے مفید ہے
انقلاب کے اوڑھنی صفحہ کی اہمیت کو اگر تفصیل سے دیکھا جائے تو یہ محض ایک خواتین کا صفحہ نہیں بلکہ خاندانی، سماجی اور تربیتی شعور پیدا کرنے والا ایک مؤثر پلیٹ فارم ہے۔ اس میں گھریلو، سماجی اور نفسیاتی موضوعات کی معلومات ہوتی ہیں جو ایک بہترین خاندان کی تشکیل کے لئے ضروری ہے۔ یہ صفحہ خاص طور پر ماؤں کے لئے مفید ہے کیونکہ اس میں بچوں کی اخلاقی تربیت، اُن کی عادات، نظم و ضبط، تعلیم، مصروفیات اور کردار سازی پر عملی اور قابل فہم انداز میں بات کی جاتی ہے۔ جو ایک ماں کو شعور اور بہترین سمت دیتا ہے۔ یہ صفحہ خواتین کو سماج سے جوڑنے، خود اعتمادی بڑھانے، اچھے اور برے رویوں میں فرق سمجھا نے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ یہ عورت کو صرف گھر تک محدود نہیں رکھتا بلکہ ایک ذمہ دار شہری بننے کا پیغام دیتا ہے۔ یہ خواتین کو لکھنے، اعتماد کے ساتھ اظہار کی آزادی دیتا ہے۔ جو اُردو صحافت میں اہم خدمت ہے۔ یہ صفحہ خاص طور سے اُن خواتین کے لئے نہایت اہم ہے جو ایک اچھی ماں، سمجھ دار شریک حیات اور با خبر شہری بننا چاہتی ہیں۔
سیمیں صدف میر نوید علی، جلگاؤں