Inquilab Logo Happiest Places to Work

ماں کی قدر کرنا دراصل اللہ کی رحمت کی قدر کرنا ہے

Updated: July 16, 2026, 3:33 PM IST | sayed Shamshad Bi Ahmed Ali | Mumbai

ایک ماں دُنیا کی سب سے عظیم اور ایک بے مثال ہستی ہوتی ہے۔ ماں کی اپنے بچوں کیلئے محبّت، قربانی اور شفقت کا کوئی بھی متبادل نہیں ہوتا۔

A mother is like a light that shows the way even in darkness. Photo: INN
ماں ایک ایسی روشنی کی طرح ہوتی ہے جو اندھیرے میں بھی راستہ دکھاتی ہے۔ تصویر: آئی این این

ایک ماں دُنیا کی سب سے عظیم اور ایک بے مثال ہستی ہوتی ہے۔ ماں کی اپنے بچوں کیلئے محبّت، قربانی اور شفقت کا کوئی بھی متبادل نہیں ہوتا۔ اگرچہ ہر انسان کی زندگی مختلف پریشانیاں اور حالات سے گزرتی ہے۔ لیکن ماں کی کمی کا احساس ایک ایسا احساس ہے جو ہر انسان کے دل کے اندر ہمیشہ ہمیشہ کیلئے موجود رہتا ہے۔

ماں کی محبّت ہماری زندگی میں صرف لفظوں تک ہی محدود نہیں ہوتی بلکہ ماں کی محبّت ہر عمل ہر کام میں نظر آتی ہے۔ ماں کا ہماری زندگی میں نہ ہونا دُنیا کا سب سے بڑا غم ہے جو تاعمر رہتا ہے۔ ماں کی محبّت خالص اور بے غرض ہوتی ہے۔ ماں اپنے بچے سے بغیر کسی مطلب کے محبّت کرتی ہے۔ ماں کے بغیر محبّت اور حفاظت کا احساس کم ہوجاتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: فائبر کے استعمال کا بڑھتا رجحان، چند باتیں جاننا ضروری

ماں صرف ایک رشتہ کا نام نہیں ہے بلکہ پیار، محبّت، تحفظ اور سکون کا دوسرا نام ہے۔ ماں اپنے بچوں کیلئے اپنی خوشیاں اپنی خواہشات قربان کر دیتی ہے۔ اور اپنے بچوں کی خوشی کو اپنی خوشی سمجھتی ہے۔ ماں کی گود ہی بچّے کیلئے دُنیا کی سب سے محفوظ جگہ ہوتی ہے جہاں بچہ خود کو پوری طرح محفوظ محسوس کرتا ہے۔

انسان کی زندگی میں ماں کی غیر موجودگی انسان کو بہت سے جذبات اتار چڑھاؤ سے گزارتی ہے۔ جب کوئی بچہ ماں کے بغیر بڑا ہوتا ہے تو اس بچّے کو اپنی چھوٹی چھوٹی خوشیوں میں بھی اپنی ماں کی کمی محسوس ہوتی ہے جو بچّے کیلئے بیان کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔ زندگی کے مشکل راستوں میں ماں کی دعائیں، نصیحتیں اور حوصلہ افزائی بہت یاد آتی ہیں۔ لیکن جب ماں نہ ہو تو انسان خود سے ہی فیصلے کرنے اور تکلیفوں کا سامنا کرنا سیکھ جاتا ہے جو اُسے وقت سے پہلے بڑا بنا دیتی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: تحفہ دینا چاہئے مگر اِن باتوں کا خیال رکھیں

آخر میں یہی کہنا چاہوں گی کہ ماں کی اہمیت کو ہم اپنے لفظوں میں بیان نہیں کرسکتے۔ ماں کی غیر موجودگی ایک انسان کو، بچّے کو زندگی کی تلخ حقیقتوں کو زیادہ گہرائی سے سمجھاتی ہے۔ ماں کی خدمت کرنا ماں کا احترام کرنا ہر بچے پر فرض ہے۔ وہ خوش نصیب ہیں جن کی مائیں حیات ہیں تو انہیں چاہئے کہ ماں کے ساتھ محبّت سے پیش آئیں، ماں کی بات سنیں، ان کے پاس بیٹھیں، ان کی خدمت کرکے ڈھیر ساری دعائیں حاصل کریں۔ آج ہم اس دُنیا میں جتنی چاہے دولت، شہرت اور کامیابیاں حاصل کرلیں لیکن  یہ ہماری ماں کی محبت کا بدل نہیں بن سکتیں۔ ماں وہ ہستی ہے جس کی ایک دعا سے بچّے کی زندگی اور تقدیر سنور سکتی ہے۔ اس لئے کہتے ہیں کہ ماں کی قدر کرنا دراصل اللہ کی رحمت کی قدر کرنا ہے۔ اس لئے اپنی ماں کی قدر کیجئے!

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK