• Sat, 07 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

برائیڈل جیولری: آج کل جدید طرز کے زیورات کی دھوم ہے

Updated: November 28, 2024, 1:27 PM IST | Mumbai

زیورات کے بغیر دلہن کی تیاری کا تصور ناممکن ہے۔ اگر یہ زیورات نفیس اور دلکش ڈیزائن پر مبنی ہوں تو دلہن کی خوبصورتی کو چار چاند لگا دیتے ہیں۔

A headband adorning the head gives any bride a princess-like beauty. Photo: INN.
سر پر سجی ماتھا پٹی کسی بھی دلہن کو شہزادیوں جیسا حسن عطا کرتی ہے۔ تصویر: آئی این این۔

عروسی لباس کے ساتھ زیورات کا درست انتخاب، اور انہیں جدید فیشن سے ہم آہنگ کرنا بے حد ضروری ہے۔ زیورات کے بغیر دلہن کی تیاری کا تصور ناممکن ہے۔ اگر یہ زیورات نفیس اور دلکش ڈیزائن پر مبنی ہوں تو دلہن کی خوبصورتی کو چار چاند لگا دیتے ہیں۔ جیولری ٹرینڈ کی بات کی جائے تو ان دنوں جدید طرز کے پسند کئے جا رہے ہیں اور ان مقبول ہونے والے ڈیزائن میں آپ کے لئے کیا خاص ہے آئیے جانتے ہیں:
ماتھا پٹی
سر پر سجی ماتھا پٹی کسی بھی دلہن کو شہزادیوں جیسا حسن عطا کرتی ہے اور اگر ٹرینڈ کی بات کی جائے تو ماتھا پٹی، مانگ ٹیکے سے زیادہ مقبول ہے۔ کچھ عرصہ قبل دلہنیں بارات کے موقع کے لئے بھی مانگ ٹیکے کا انتخاب کرتی تھیں، جن میں کندن پر بنا چاند نما مانگ ڈیزائن خاصا مقبول تھا۔ تاہم، اب مانگ ٹیکا دلہن کی جیولری سے نکل کر بہنوں اور کزنز کی جیولری کا بھی لازمی انتخاب نظر آتا ہے جبکہ دلہنیں بارات کے لئے زیادہ تر مانگ ٹیکا کے ساتھ ماتھا پٹی کا استعمال کرتی ہیں۔ آج کل کندن اور موتیوں کے علاوہ ڈائمنڈ لگے ماتھا پٹی کافی پسند کئے جارہے ہیں جو شاہانہ انداز بخشتے ہیں۔
سائیڈ ماتھا پٹی
ان دنوں دلہنیں وَن سائیڈڈ مانگ ٹیکا پسند کر رہی ہیں، مانگ ٹیکے کا یہ انداز زیورات میں ایک نیا اضافہ ہے۔ یہ خوبصورت زیور تین لڑیوں سے جڑا ہوتا ہے، جو مانگ ٹیکے کے ساتھ بالوںکے رُخ جاتی ہوئی کشادہ پیشانی پر چودہویں کے چاند کی طرح دمکتی نظر آتی ہیں۔ فیشن ماہرین کے مطابق عام طور پر وَن سائیڈڈ مانگ ٹیکا لمبا اور بیضوی چہرہ رکھنے والی خواتین پر بے حد سوٹ کرتا ہے جبکہ گو ل چہرے اور کشادہ پیشانی رکھنے والی خواتین مغلیہ طرز پر بنی مانگ ٹیکا سے جُڑی ماتھا پٹی کا انتخاب کرسکتی ہیں، جو ان کے خاص دن کی رعنائی میں اضافہ کرسکتی ہے۔ یہ زیور سونے میں بھی بنوایا جاتا ہے۔
گلے کے زیور
گلے میں پہننے والی جیولری کا ڈیزائن ہر بدلتے سال اور موسم میں تبدیلی چاہتا ہے۔ اب دلہنیں ایک سے زائد گلے کے زیورات پہننے کے بجائے کسی ایک خوبصورت جیولری سیٹ کا انتخاب کرتی ہیں۔ یہ زیورات سونے کے بھی پہننے جاتے ہیں۔ تاہم، عام طور پرکندن، موتیوں یا پھر سات لڑیوں والےہارعروسی زیور ات کے طور پر تیار کئے جاتے ہیں۔ آپ اگر ٹرینڈ کو فالو کرنا چاہتی ہیں تو اپنی شادی کے لئے اسٹیٹمنٹ اسٹائل کی جیولری تیار کروائیںلیکن اس بات کا خیال رکھیں کہ عروسی زیورات کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ بھاری زیورات ہوں، انہیں ایسا ہونا چاہئے کہ وہ آپ پر سوٹ کریں۔
ہاتھوں اور پیروں کے زیورات
ہاتھوں اور پیروں کے زیورات کی بات آتے ہی چوڑیاں، بریسلیٹ، انگوٹھیاں ، اینکلیٹ اور پائل کا تصور ذہن میں آتا ہے۔ ان زیورات کے لئے عموماً کندن کا انتخاب کیا جاتا ہے، جو دلہن کی سج دھج میں نمایاں دلکشی کا سبب بنتا ہے۔ کلائیوں میں سجی چوڑیوں کی بات کی جائے تو اِن دنوں نگینے سے سجے کڑے پہنے جا رہے ہیں جس پر دلہا دلہن کا نام بھی درج ہوتا ہے۔ یہ دیکھنے میں بہت خوبصورت لگتا ہے۔ آپ بھی سادہ چوڑیوں اور چند خوبصورت کڑوں کے ہمراہ بینگلز کا انتخاب کرلیں۔ دلہنوں کو اکثر چاندی کی پائل پہنائی جاتی ہیں۔ بازار میں چاندی کی پائل کی بے شمار ڈیزائنیں دستیاب ہیں۔ البتہ مینا کاری والی چاندی کی پائل زیادہ پسند کی جاتی ہیں۔
نتھ
نتھ، ناک میں پہنا جانے والا ایک ایسا زیور ہے جس کو پہننے کے بعد دلہن کے چہرے پر ایک خاص دلکشی پیدا ہوجاتی ہے۔ دلہنوں کی اکثریت آج بھی نتھ کا استعمال شوق سے کرتی ہے۔ چھوٹی سائز کی موتیوں والی نتھ سے لے کر تھوڑے بڑے سائز کی کندن نتھ تک سبھی اپنے آپ میں کمال ہوتے ہیں۔ آپ اپنی ساخت کے مطابق ان کا انتخاب کریں۔ البتہ بہت بڑی نتھ پہننے سے گریز کریں اس سے آپ کا لُک خراب ہوسکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK