آئی پی ایس ٹرینیزنے سپر اسٹار عامر خان سے ملاقات کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی جس کے بعد عامر خان نے انہیں اپنے گھر میں دعوت دی تھی۔
EPAPER
Updated: July 28, 2025, 8:05 PM IST | Mumbai
آئی پی ایس ٹرینیزنے سپر اسٹار عامر خان سے ملاقات کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی جس کے بعد عامر خان نے انہیں اپنے گھر میں دعوت دی تھی۔
عامر خان کی رہائش گاہ سےاتوار کو ایک بس اور کئی گاڑیوں میں کم از کم ۲۵؍ آئی پی ایس افسران کو نکلتے ہوئے دیکھا گیاتھا۔ اس کا ویڈیو منظر عام پر آنے کےبعد طرح طرح کی قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں تاہم پیر کو عام خان کی ٹیم نے اس سلسلے میں مطلع صاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’آئی پی ایس کے موجودہ بیچ کے ٹرینی افسران عامر خان سے ملاقات کرنا چاہتے تھے۔ انہوں نےا س کی درخواست کی تھی جس پر خود اداکار نےانہیں اپنی رہائش گاہ پر مدعو کیاتھا۔ ‘‘
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب عامر خان نے ٹرینی آئی پی ایس افسران سے ملاقات کی ہے۔ ۱۹۹۹ء میں ریلیز ہونےوالی کلاسیکل فلم ’’سرفروش‘‘ کے بعد سے عامر خان زیر تربیت آئی پی ایس افسران کیلئے متاثر کن شخصیت بن گئے ہیں۔ اس فلم میں انہوں نے سخت اور اصول پسند آئی پی ایس افسر کا کردار نبھایاتھا۔ اس کےبعد سے ہی وہ کم وبیش ہر سال آئی پی ایس کیڈر کیلئے منتخب ہونے والے افسران سے ملاقات کرتے ہیں اور حب الوطنی، عوامی خدمت اور قوم کی تعمیر کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے مذکورہ فلم میں اپنے سفر پر بھی روشنی ڈالتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: امیتابھ بچن نے اپنے بلاگ پر ’’شعلے‘‘ کے ٹکٹ کی تصویر شیئر کی، کہا قیمت ۲۰؍ روپے تھی
اس بار یہ ملاقات ممکنہ طورپر اس لئے منظر عام پر آگئی کہ ان کی فلم ’’ستارے زمین پر‘‘ کی مقبولیت کی وجہ سے مسلسل خبروں میں ہیں۔ ’’ستارے زمین پر‘‘ ۶۵؍ کروڑ روپے کا کاروبار کرچکی ہے۔ فلم کی ریلیز کے بعد سے عامر خان کئی انٹرویوز دے چکے ہیں جبکہ آئندہ ماہ ۱۴؍ سے ۲۴؍ اگست کے درمیان وہ انڈین فلم فیسٹیول آف ملبورن میں مہمان خصوصی کے طورپر بھی نظر آئیں گے۔ فیسٹیول میں ان کےفلمی سفر کا احاطہ کرتے ہوئے بالی ووڈ کیلئے ان کے تعاون اور خدمات کا احاطہ کرتے ہوئے انہیں اعزاز بھی بخشا جائےگا۔ اس دوران خاص توجہ تازہ فلم ستارے زمین پر ہی رہے گی۔