والدین کی مصروفیات زندگی کا حصہ ہیں اور ان سے مکمل طور پر بچنا ممکن نہیں، لیکن بچوں کے ساتھ تعلقات کو مضبوط رکھنے کے لئے شعوری کوشش ضرور کی جا سکتی ہے۔
EPAPER
Updated: June 23, 2026, 4:52 PM IST | Huma Ziya Ur Rahman | Mumbai
والدین کی مصروفیات زندگی کا حصہ ہیں اور ان سے مکمل طور پر بچنا ممکن نہیں، لیکن بچوں کے ساتھ تعلقات کو مضبوط رکھنے کے لئے شعوری کوشش ضرور کی جا سکتی ہے۔
والدین کو اپنے بچوں کے ساتھ مضبوط تعلق قائم کرنے کیلئے غیر معمولی وقت نکالنے کی ضرورت نہیں۔ چند سادہ مگر مؤثر عادات اپنا کر وہ اپنی مصروف زندگی کے باوجود بچوں کے ساتھ ایک گہرا، خوشگوار اور پائیدار تعلق قائم کر سکتے ہیں:
روزانہ دس منٹ بچے کیلئے مختص
اگر والدین روزانہ صرف ۱۰؍ منٹ اپنے بچے کے لئے مخصوص کر لیں تو اس سے تعلقات میں حیرت انگیز تبدیلی آسکتی ہے۔ اس دوران پوری توجہ بچے پر دیں۔ اس سے بات کی جائے، اس کے دن کے بارے میں پوچھا جائے، اس کی کامیابیوں اور مشکلات کو سنا جائے اور اس کی دلچسپیوں میں شریک ہوا جائے۔ یہ چند منٹ بچے کیلئے یہ پیغام ہوتے ہیں کہ وہ والدین کی زندگی میں اہم مقام رکھتا ہے۔ اس سے بچے کا اعتماد بڑھتا ہے اور وہ جذباتی طور پر زیادہ محفوظ محسوس کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: اصل مقصد یہی ہے کہ جشن یا خوشی دل سے منائی جائے
بچے کی بات توجہ سے سنیں
جب بچہ کوئی بات کرے تو اسے پوری توجہ دی جائے۔ اس کی بات درمیان میں کاٹنے، فوراً مشورہ دینے یا تنقید کرنے کے بجائے پہلے اسے مکمل طور پر سننا چاہئے۔ بعض اوقات بچے صرف یہ چاہتے ہیں کہ کوئی ان کی بات سمجھے اور ان کے جذبات کو اہمیت دے۔ اس سے بچہ اپنی خوشیوں، خوف، پریشانیوں اور خوابوں کے بارے میں والدین سے کھل کر گفتگو کرتا ہے۔
سونے سے پہلےمطالعہ کی عادت
سونے سے پہلے کا وقت بچے کیلئے دن کا سب سے پُرسکون اور حساس وقت ہوتا ہے۔ اگر والدین اس وقت کو بچے کے ساتھ گزاریں اور اسے کوئی کہانی سنائیں یا کتاب پڑھ کر سنائیں تو اس کے مثبت اثرات بہت گہرے ہوتے ہیں۔ کہانیاں بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دیتی ہیں، ان کے تخیل کو وسعت دیتی ہیں اور انہیں زندگی کے اہم اسباق سکھاتی ہیں۔
روزانہ کچھ وقت بچوں کے ساتھ کھیلیں
جب والدین بچوں کے ساتھ کھیلتے ہیں تو بچے بے حد خوش ہوتے ہیں۔ وہ خود کو والدین کے قریب محسوس کرتے ہیں اور ان کے دل میں اعتماد پیدا ہوتا ہے۔ کھیل کے دوران بچے اپنی شخصیت کے مختلف پہلوؤں کا اظہار کرتے ہیں اور والدین کو ان کی سوچ اور جذبات کو سمجھنے کا موقع ملتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: بعض لپ اسٹک لگانے سے ہونٹ سیاہ ہوتے ہیں، خریدتے وقت اِن باتوں کا خیال رکھیں
محبت کا اظہار کرنا سیکھیں
والدین اپنے بچوں سے بے پناہ محبت کرتے ہیں لیکن اکثر اسے الفاظ یا رویوں کے ذریعے ظاہر نہیں کر پاتے۔ بچوں کو یہ سننے کی ضرورت ہوتی ہے کہ ان کے والدین انہیں پسند کرتے ہیں، ان پر فخر کرتے ہیں اور ان سے محبت کرتے ہیں۔ ان کی کامیابیوں کی تعریف کیجئے، ان کی کوششوں کو سراہئے، انہیں گلے لگائیے اور ان کے ساتھ محبت بھرے الفاظ استعمال کیجئے۔
موبائل فون سے زیادہ بچوں کو ترجیح دیں
آج بہت سے والدین جسمانی طور پر تو گھر میں موجود ہوتے ہیں لیکن ذہنی طور پر موبائل فون میں مصروف رہتے ہیں۔ اس لئے گھر میں کچھ اوقات ایسے مقرر کئے جائیں جب موبائل فون مکمل طور پر ایک طرف رکھ دیئے جائیں۔ بچے والدین کے وقت اور توجہ کو محبت کی علامت سمجھتے ہیں، اس لئے انہیں یہ احساس دلانا ضروری ہے کہ وہ کسی بھی اسکرین سے زیادہ اہم ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: نئی نسل کو تلقین کرنے سے پہلے خود بزرگوں کا احترام کریں
یاد رکھئے، بچے اپنے والدین کی محبت، توجہ اور موجودگی کے طلبگار ہوتے ہیں۔ آج جو وقت، شفقت اور رہنمائی آپ اپنے بچوں کو دیں گے، وہی کل ان کے روشن مستقبل، مضبوط کردار اور کامیاب زندگی کی بنیاد بنے گی۔ ایک مضبوط خاندان ہی ایک مضبوط معاشرے کی بنیاد ہے، اور اس بنیاد کی تعمیر کا آغاز والدین کے اپنے بچوں کیلئے نکالے گئے چند مخلص لمحوں سے ہوتا ہے۔