Inquilab Logo Happiest Places to Work

اصل مقصد یہی ہے کہ جشن یا خوشی دل سے منائی جائے

Updated: June 23, 2026, 4:06 PM IST | Sayyeda Naushad Begum | Mumbai

سالگرہ پارٹی معاشرتی اور جذباتی نقطۂ نظر سے اہم اسلئے بھی مانی جاتی ہے کہ جس کی سالگرہ منائی جارہی ہے خصوصاً بچے کو گھر اور خاندان کے افراد پیار اور اپنا پن بخشتے ہیں جس سے ان کی خود اعتمادی میں اضافہ ہوتا ہے۔

Birthday. Photo: INN
برتھ ڈے۔ تصویر: آئی این این

سالگرہ کی پارٹیوں کو ایک مثبت اور خوشگوار موقع کے طور پر دیکھنا چاہئے۔ جہاں آپ اپنے پیاروں کے ساتھ خوشیاں بانٹ سکتے ہیں۔ اسے محض ایک تقریب سمجھنے کے بجائے، زندگی کے نئے سال کا جشن، دوستوں اور خاندان کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کرنے کا ایک بہترین موقع ماننا چاہئے۔

سالگرہ کی پارٹیوں کو مؤثر اور تناؤ سے پاک بنانے کے لئے درج ذیل باتوں کا خیال رکھیں:

مثبت نقطۂ نظر

خوشی اور شکر گزاری: اس دن کو زندگی کی نعمتوں کا شکریہ ادا کرنے اور آنے والے سال کے لئے مثبت اہداف طے کرنے کا موقع بنائیں۔

مقابلہ بازی سے گریز: پارٹی کو دوسروں کو متاثر کرنے کے بجائے اپنی اور مہمانوں کی خوشی کے لئے منظم کریں۔

لچکدار رویہ: اگر کچھ انتظامات منصوبے کے مطابق نہ ہوں تو پریشان ہونے کے بجائے خوشی کے لمحات سے لطف اندوز ہوں۔

یہ بھی پڑھئے: بعض لپ اسٹک لگانے سے ہونٹ سیاہ ہوتے ہیں، خریدتے وقت اِن باتوں کا خیال رکھیں

منصوبہ بندی اور نظم و ضبط

بجٹ کا تعین: پہلے سے طے شدہ بجٹ کے اندر رہتے ہوئے منصوبہ بندی کریں تاکہ بعد میں مالی پریشانی کا سامنا کرنا نہ پڑے۔

مہمانوں کی فہرست: اپنے قریبی دوستوں اور اہل خانہ کو مدعو کریں تاکہ ماحول پرسکون اور اپنائیت سے بھرپور ہو۔

وقت اور مقام: مہمانوں کی سہولت کے مطابق وقت جیسے (ویک اینڈ) اور مقام کا انتخاب کریں۔

سالگرہ کی پارٹیوں پر دورِ حاضر میں بڑھ چڑھ کر فضول خرچی کی جاتی ہے اور محض دکھاوے کی خاطر پانی کی طرح پیسہ خرچ کرنا قطعی غلط رسم ہے۔ خوشی منانے اور دکھاوے میں فرق ہوتا ہے۔ یادیں اہم ہیں بجٹ نہیں۔ سالگرہ کا اصل مقصد اپنوں کے ساتھ خوشیاں بانٹنا، اُن کے ساتھ اچھا وقت گزارنا اور نئے سال کی شروعات کے لئے دعائیں اور نیک خواہشات لینا مقصد ہے۔ اس لئے مہنگے ہوٹل یا لاکھوں کا خرچ کرنا ضروری نہیں۔

دکھاوے یا نمائش کا چلن: آج کل سوشل میڈیا پر تصویریں ڈالنا اور معاشرے میں اسٹیٹس دکھانے کیلئے افراد بھاری بھرکم اخراجات کرنے سے گریز نہیں کرتے۔ ایسا خرچ خوشی کم اور تناؤ زیادہ دیتا ہے۔ اس لئے حتی الامکان اس سے بچیں۔ مالی اعانت، مستقبل کی ضرورتیں ان تمام باتوں کو ترجیح دیں۔ جو پیسہ صرف چند گھنٹوں کی پارٹیوں میں صرف کر دیا جاتا ہے اُس کا استعمال کسی اچھے مقصد، تعلیم یا مشکل وقت کے لئے بچت کی شکل میں بھی کیا جاسکتا ہے۔

قرض کا بوجھ خود پر نہ لادیں: بعض اوقات لوگ دوسروں کی دیکھا دیکھی میں اپنی حیثیت سے زائد قرض لے کر پارٹیاں کرتے ہیں۔ یہ مکمل طور پر بے جا اور نقصان دہ ہے۔ ایک بہتر متبادل یہ بھی ہوسکتا ہے کہ سادگی سے جشن منائیں۔ گھر پر ہی خاندان اور قریبی دوستوں کے ساتھ مل کر پسندیدہ کھانا بنائیں اور خوشگوار وقت گزاریں۔

نیک کام: فضول خرچی کے بجائے ان پیسوں سے یتیم خانے میں کھانا تقسیم کیا جاسکتا ہے یا ضرورت مند بچوں کی پڑھائی میں مدد کی جاسکتی ہے۔ اس سے ملنے والی دعائیں اور ذہنی سکون کسی بھی مہنگی پارٹی سے بڑھ کر ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: عمارت

خود کیلئے کفالت: ان پیسوں سے اچھی کتابیں خرید کر مطالعہ کریں۔ کوئی نیا ہنر سیکھیں یا اپنی صحت کے لئے منصوبہ بندی کریں۔

اصل مقصد یہی ہے کہ جشن یا خوشی دل سے منائی جاتی ہے۔ جیب کی نمائش کے لئے نہیں۔ اپنی قابلیت اور حیثیت کے مطابق سادگی اور خوبصورتی سے منائی گئی سالگرہ پارٹی ہمیشہ خوبصورت تاثر عطا کرتی ہے۔ یہ تو امیروں کے بنائے ہوئے رسم و رواج ہے ورنہ غریب بستیوں میں جاکر دیکھیں تو اُن بچوں کو دو وقت کا کھانا نصیب نہیں ہوتا۔ سالگرہ پارٹی کہاں سے کریں گے۔ کسی شاعرنے کہا ہے؎

یہ تو ایک رسم ِ جہاں ہے جو ادا ہوتی ہے

ورنہ سورج کی کہاں سالگرہ ہوتی ہے

سالگرہ منانے کا اصل مقصد خوشیاں بانٹنا

سالگرہ پارٹی صرف کیک کاٹنے یا دعوت تک محدود نہیں ہوتی۔ یہ زندگی کا جشن منانے، اپنوں کے ساتھ خوشیاں بانٹنے اور مثبت یادوں کو محفوظ رکھنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ سالگرہ پارٹی معاشرتی اور جذباتی نقطۂ نظر سے اہم اس لئے بھی مانی جاتی ہے کہ جس کی سالگرہ منائی جارہی ہے خصوصاً بچے کو گھرا ور خاندان کے افراد پیار اور اپنا پن بخشتے ہیں جس سے ان کی خوداعتمادی میں اضافہ ہوتا ہے۔ چونکہ دورِ حاضر میں ہر انسان کی زندگی بڑی مصروف ہوتی ہے اور اس مصروف زندگی میں عزیز و اقارب، دوست احباب اور رشتے داروں سے ملاقاتیں بہت کم ہوتی ہیں۔ تو یہ ایک بہترین موقع ہوتا ہے۔ اور اس طرح رشتے مضبوط بنتے ہیں۔ مثبت اور خوشگوار یادیں، ایک ساتھ گزارے گئے یہ پل زندگی بھر کے لئے خوشنما یادیں بن جاتی ہیں۔ بچے اپنے رشتے داروں سے واقف ہوجاتے ہیں۔ میل جول بڑھتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: سالگرہ منانا چاہتے ہیں تو منائیں مگر اُسے بامقصد بنائیں

زیست کا جشن یہ شکر گزاری کے اظہار کا دن ہوتا ہے کہ ہم نے خوشیوں اور مسرت کے ساتھ ایک اور سال پورا کرلیا۔ اور آنے والے نئے سال کی مثبت شروعات، نیک خواہشات کے ساتھ کرنے کا ارادہ کر لیتے ہیں۔ بچوں میں معاشرے سے لگاؤ پیدا ہوتا ہے۔ پارٹیوں میں شامل ہونے سے مل جل کر کام کرنے اور گفتگو کے آداب جیسی خوبیوں اور صفات میں اضافہ ہوتا ہے۔

خدا کرے کہ یہ دن بار بار آتا رہے

اور اپنے ساتھ خوشی کا خزانہ لاتا رہے!

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK