• Thu, 08 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اَگنی ویروں کی مستقل ملازمت کیلئےشرائط میں تبدیلی

Updated: January 07, 2026, 2:29 PM IST | Inquilab News Network/Agency | Mumbai

۴؍سالہ میعاد کے بعد اگنی ویرسبکدوش ہوجاتے ہیں لیکن ان میں ۲۵؍ فیصدکیلئے مستقل ملازمت کا متبادل ہوتا ہے، انہیں امتحان اور فزیکل ٹیسٹ میں کامیابی کے ساتھ شرائط و ضوابط پر کھرا اترنا ہوگا، جس کی بنیاد پر وہ مستقل ملازمت کے حقدار بن سکتے ہیں۔

A batch of Agniveers during a training program. Picture: INN
اگنی ویروں کے ایک بیچ کی ٹریننگ پروگرام کے وقت کی۔ تصویر: آئی این این
ہندوستاتی فوج نے اگنی ویروں کی مستقل تقرری سے متعلق نیا اصول نافذ کیا ہے، جس کے تحت مستقل تقرری سے پہلے شادی کرنے والے امیدوار سلیکشن سے باہر ہو جائیں گے۔اگنی ویر اسکیم کے تحت فوج میں شامل لاکھوں نوجوانوں کا ایک ہی خواب ہوتا ہے کہ چار سال سروس کرنے کے بعد ملکی فوج میں مستقل فوجی بنیں۔ اب ایسے نوجوانوں کے لئے فوج کی جانب سے ایک نیا اور اہم اصول سامنے آیا ہے، جو راست طور پر ان کی ذاتی زندگی سے جڑا ہوا ہے کیونکہ اس میں شادی کے حوالے سے واضح ہدایات دی گئی ہیں۔
فوج نے طے کیا ہے کہ جو اگنی ویر مستقل فوجی بننا چاہتے ہیں، وہ اس وقت تک شادی نہیں کر سکتے جب تک انہیں مستقل تقرری نہ مل جائے۔ اگر کوئی اگنی ویر اس عمل کے دوران یا مستقل فوجی بننے سے پہلے شادی کر لیتا ہے تو اسے مستقل سروس کے لئے  نااہل قرار دیا جائے گا۔ ایسے اگنی ویر نہ تو درخواست دے سکیں گے اور نہ ہی سلیکشن پروسیس کا حصہ بن سکیں گے۔
اس نئے اصول کے سامنے آنے کے بعد اگنی ویروں کے درمیان کئی سوال اُٹھنے لگے، سب سے بڑا سوال یہ کہ وہ شادی کب کر سکتے ہیں تاکہ ان کا مستقل فوجی بننے کا خواب بھی پورا ہو سکے اور ذاتی زندگی بھی متاثر نہ ہو۔ اس بارے میں فوج نے صورتحال واضح کر دی ہے۔ نئے قانون کے مطابق اگنی ویر صرف اس وقت شادی کر سکتے ہیں جب انہیں مستقل فوجی کے طور پر تقرری مل جائے۔ یعنی جب تک مستقل تقرری کا حتمی نتیجہ نہ آ جائے، تب تک شادی سے پرہیز کرنا ہوگا۔ البتہ اس میں زیادہ طویل انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔ چار سال کی سروس مکمل ہونے کے بعد تقریباً۴؍ سے۶؍ماہ میں مستقل تقرری کا پورا عمل مکمل ہو جائے گا۔
خیال رہے کہ اگنی ویر اسکیم۲۰۲۲ء میں شروع کی گئی ہے۔ اس کے تحت بھرتی ہونے والے پہلے بیچ کی چار سالہ سروس اب مکمل ہونے والی ہے۔ جون اور جولائی۲۰۲۶ء کے آس پاس۲۰۲۲ء بیچ کے اگنی ویروں کی مدتِ خدمت ختم ہو جائے گی۔ خیال ہے کہ پہلے بیچ میں تقریباً۲۰؍ہزار نوجوان شامل تھے، جو اب سروس سے ریٹائر ہوں گے۔ ان میں سے تقریباً۲۵؍ فیصد نوجوانوں کو مستقل فوجی بننے کا موقع ملے گا۔ سلیکشن جسمانی صلاحیت، تحریری امتحان اور دیگر معیارات کی بنیاد پر ہوگا۔ یہ پورا عمل میرٹ اور کارکردگی پر مبنی ہوگا۔ جو اگنی ویر کامیاب ہوں گے انہیں مستقل تقرری دی جائے گی۔
اگرچہ یہ عمل سروس ختم ہوتے ہی مکمل نہیں ہو جاتا، اگنی ویر کو درخواست دینی ہوگی اور پورا سلیکشن پروسیس تقریباً۴؍ سے۶؍ ماہ تک چل سکتا ہے۔ اسی دوران فوج نے واضح کر دیا ہے کہ حتمی فہرست جاری ہونے تک کوئی بھی اگنی ویر شادی نہ کرے۔
رپورٹس کے مطابق اگر کوئی اگنی ویر اس دوران شادی کرتا ہے تو اسے مستقل تقرری کی دوڑ سے باہر کر دیا جائے گا اور اس کی درخواست قبول نہیں کی جائے گی، چاہے وہ کتنا ہی اہل کیوں نہ ہو۔ اس لئے  اگنی ویروں کو یہ اصول سنجیدگی سے سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
البتہ جو اگنی ویر مستقل فوجی کے طور پر منتخب ہو جائیں گے، انہیں تقرری ملنے کے بعد شادی کی پوری اجازت ہوگی۔ ایک بار مستقل فوج میں شامل ہو جانے کے بعد وہ اپنی سہولت اور خواہش کے مطابق شادی کر سکتے ہیں، اس وقت ان پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK