کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ملازمین گھر ہی سے کام کر رہے ہیں۔ گھر سے کام کرنے سے ہمارے جسم اور ذہن، دونوں پر زیادہ دباؤ پڑتا ہے۔ ایسے میں انزائٹی (ذہنی تناؤ) کا مسئلہ ہوسکتا ہے، لیکن چند باتوں کا دھیان رکھ کر آپ ’ورک فرام ہوم‘ کے دوران بھی خود کو ذہنی تناؤ سے محفوظ رکھ سکتے ہیں
ورک فرام ہوم ۔ تصویر : آئی این این
’ورک فرام ہوم‘ سننے میں تو اچھا لگتا ہے لیکن گھر سے کام کرنا اتنا بھی آسان نہیں ہیں، خاص کر ایسے ماحول میں۔ ۲۱؍ ویں صدی میں ہوش سنبھالنے والی نسل نے شاید ہی ایسا پہلے کبھی محسوس کیا ہو۔ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ملازمین گھر ہی سے کام کر رہے ہیں۔ گھر سے کام کرنے سے ہمارے جسم اور ذہن، دونوں پر زیادہ دباؤ پڑتا ہے۔ ایسے میں انزائٹی (ذہنی تناؤ) کا مسئلہ ہوسکتا ہے، لیکن چند باتوں کا دھیان رکھ کر آپ ’ورک فرام ہوم‘ کے دوران بھی خود کو ذہنی تناؤ سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔ ذیل میں چند کارآمد باتیں بتائی جا رہی ہیں جن پر عمل کرکے آپ یقیناً بہتر محسوس کریں گے:
بند کمرے میں کام کرنا ہے مشکل
آپ نے بھی کئی لوگوں سے سنا ہوگا کہ مَیں تو دن بھر بند کمرے میں نہیں سکتا۔ دراصل، جب ہم دفتر جاتے ہیں تو ہمارا روز کا معمول طے ہوتا ہے۔ روزانہ ہم گھر سے باہر کھولی ہوا میں نکلتے ہیں، سانس لیتے ہیں۔ کئی لوگوں سے ملتے ہیں، بات کرتے ہیں لیکن جب ہم گھر سے کام کرتے ہیں تو پورا دن ایک بند کمرے میں بیٹھ کر نکال دیتے ہیں۔ ایسے میں ہماری ذہنی صحت پر اثر پڑتا ہے۔
معمولات میں تبدیلی نہ کریں
زیادہ تر لوگ اکثر یہی کرتے ہیں۔ گھر سے کام کرنے کا یہ مطلب بالکل نہیں ہے کہ آپ صبح دیر سے اٹھیں اور رات کو دیر سے سوئیں۔ ایسا کرنے سے آپ کی ’باڈی سائیکل‘ پر اثر پڑے گا اور آپ خود کو بیمار محسوس کریں گے۔ جس سے آپ کی ذہنی صحت پر بھی اثر پڑ سکتا ہے۔ اس لئے بھلے آپ گھر سے کام کر رہے ہو لیکن وقت پر ناشتہ اور کھانا ضرور کھائیں۔ اپنے معمولات پر عمل کریں۔
ہلکی پھلکی ایکسرسائز
بند کمرے میں لگاتار کام کرنا مشکل ہوتا ہے۔ جیسے آپ دفتر میں کام کے دوران بریک لیتے ہیں ویسے ہی گھر سے بھی کام کے دوران وقفے وقفے سے بریک لینا ضروری ہے۔ کام کے درمیان میں اٹھ کر لیونگ روم میں جائیں اور کمر، گردن اور آنکھوں کی ایکسرسائز کریں تاکہ آپ کے دماغ کو بریک ملنے کے ساتھ ہی جسم کو بھی آرام مل سکے۔
اپنا پسندیدہ کام کریں
گھر سے کام کرنے کا فائدہ یہ ہے کہ آپ کا دفتر آنے جانے کا وقت بچ جاتا ہے اس لئے کام کو صحیح طریقے سے مینج کرکے اپنی دلچسپیوں کو بھی وقت دیں، ایسا کرنے سے آپ کو خوشی ملے گی۔ باقی دن جب آپ دفتر سے کام کرتے ہیں تو پسندیدہ کاموں کے لئے وقت نہیں ملتا اس لئے ورک فرام ہوم کے دوران اپنے لئے وقت نکالیں۔ اس سے آپ کا کام بھی ہو جائے گا اور آپ ذہنی طور سکون محسوس بھی کریں گے۔
پانی خوب پئیں
دفتر میں تو ہمارے ٹیبل پر پانی کی بوتل رکھی ہوتی ہے، لنچ کے لئے وقت طے ہوتا ہے، لیکن گھر پر اکثر لوگ لاپروائی برتتے ہیں اور کھانا کھانے اور پانی پینے پر دھیان نہیں دیتے۔ جس سے جسم میں پانی کی کمی ہو جاتی ہے جو جسمانی اور ذہنی صحت کے لئے نقصاندہ ہے۔ اس لئے اپنے پاس پانی کی بوتل رکھیں۔ آپ چاہیں تو آلارم یا ریمائنڈر بھی لگا سکتے ہیں۔ اور کھانے بھی وقت کھائیں۔
وٹامن ڈی بھی ضروری
اکثر لوگوں کی شکایت ہوتی ہے کہ آفس جانے کے چکر میں دھوپ نہیں مل پاتی کیونکہ صبح ۱۰؍ کام بھی نمٹانا ہوتا ہے اور وقت پر دفتر بھی پہنچنا ہوتا ہے۔ اس لئے ورک فرام ہوم کے وقت دھوپ ضرور سینکیں۔ تقریباً سبھی کو معلوم ہوگا کہ دھوپ سے وٹامن ڈی ملتی ہے جو ذہنی اور جسمانی صحت کے لئے بے حد ضروری ہے۔ دراصل، وٹامن ڈی اینڈوفرن اور سیروٹونین نامی کیمیکل خار کرتا ہے جو موڈ کو اچھا بنانے میں مددگار ہوتا ہے۔
دوسروں سے بات کرنا بند نہ کریں
گھر والوں کے ساتھ باتیں کریں، بچوں کو تھوڑا وقت دیں۔ موبائل فون کے ذریعے اپنے رشتہ داروں، دوستوں اور دفتر کے ساتھی سے جڑے رہیں۔ اس طرح آپ کو بوریت محسوس نہیں ہوں گی اور آپ کو موڈ بھی اچھا رہے گا۔ یہ نہیں کہ گھر سے کام کر رہے ہیں تو ایک دم خاموش ہو کر کریں۔
میڈیٹیشن ہے فائدہ مند
تناؤ دور کرنے کے لئے میڈیٹیشن کو آسان اور اچھا طریقہ مانا گیا ہے۔ کام کے درمیان میں وقفہ لے کر میڈیٹیشن کریں۔ ایسا کرنے سے مزاج خوشگوار رہے گا اور کام کرنے میں من بھی لگے گا۔
چائے کافی پر روک
گھر پر رہنے کا یہ مطلب نہیں ہے کہ آپ تھوڑی تھوڑی دیر میں چائے پیتے رہیں۔ چائے اور کافی میں کیفین ہوتا ہے جو ذہنی صحت کے لئے نقصان دہ ہوتا ہے۔ اس لئے ان استعمال کم کریں۔ اس کی جگہ آپ چھاچھ یا لسّی پی سکتے ہیں۔ اس طرح سستی دور بھگا کر، گھر پر کام کرنے کے دوران بھی آپ صحت بخش رہ سکتے ہیں