Inquilab Logo Happiest Places to Work

گھر کی صفائی کرتے وقت صحت کو نظر انداز نہ کریں

Updated: October 30, 2023, 1:09 PM IST | Odhani Desk | Don`t Neglect Health When Cleaning The Houseؔ

اکثر خواتین گھر کی صفائی کے بعد تھکان، سردرد اور کمزوری محسوس کرنے لگتی ہیں۔ اگر صفائی کے دوران آپ کھانا نہیں کھاتی ہیں اس سے آپ کے پیٹ میں تیزابیت ہوسکتی ہے۔

Do not stop eating or drinking during the cleanse as this may cause weakness. Photo: INN
صفائی کے دوران کھانا پینا بالکل نہ چھوڑیں اس سےکمزوری ہوسکتی ہے۔ تصویر:آئی این این

اکثر خواتین گھر کی صفائی کے بعد تھکان، سردرد اور کمزوری محسوس کرنے لگتی ہیں۔ اگر صفائی کے دوران آپ کھانا نہیں کھاتی ہیں اس سے آپ کے پیٹ میں تیزابیت ہوسکتی ہے۔ کھانا نہ کھانے کی وجہ سے جسم کا میٹابولزم سست ہو جاتا ہے جس سے آپ کی طبیعت بوجھل ہو جاتی ہے۔ خواتین کو چاہئے کہ وہ صفائی کے دوران اپنی صحت کو نظر انداز نہ کریں اور وقتاً فوقتاً کھاتے رہیں۔
ناشتہ یقینی بنائیں 
 ناشتہ دن بھر جسم کو توانا رکھنے میں مدد کرتا ہے۔ ناشتے میں آپ غذائیت سے بھرپور غذا جیسے اپما، پوہا یا جئی کھا سکتی ہیں۔ بھیگے ہوئے کالے چنے کو تیل میں ہلکا فرائی کرکے بھی کھایا جا سکتا ہے جو غذائیت سے بھرپور ناشتہ ثابت ہوگا۔ بھاری بھرکم یا تلے ہوئے اسنیکس جیسے پکوڑے، سینڈوِچ وغیرہ سے پرہیز کریں۔
آہستہ آہستہ کھاتی رہیں 
 بادام پروٹین اور صحتمند چکنائی سمیت بہت سے ضروری غذائی اجزاء کا قدرتی ذریعہ ہیں۔ ۴؍ سے ۵؍ بادام رات بھر بھگو دیں اور صبح ان کو چھیل کر دودھ کے ساتھ اچھی طرح چبا کر کھائیں ۔ کام کے دوران وقتاً فوقتاً مٹھی بھر مونگ پھلی کھائیں۔ آپ دن میں ایک بار مٹھی بھر مونگ پھلی کو گڑ کے ساتھ کھا سکتی ہیں ۔ کام کے درمیان مختصر وقفہ لیں ، اس دوران آپ بھنے ہوئے مکھانے کھا سکتی ہیں ۔ دن میں تین وقت کا کھانا ضرور کھائیں لیکن ضرورت سے زیادہ کھانے سے گریز کریں کیونکہ اس سے سستی پیدا ہوسکتی ہے اور کام وہیں رک جائے گا۔ کھانا ہلکا ہو تو بہتر ہے۔
مناسب مقدار میں پانی پئیں 
 کام کے دوران جسم کو ہائیڈریٹ رکھنا بہت ضروری ہے۔ صفائی کے دوران اپنے پاس پانی کی بوتل رکھیں ۔ آدھے لیموں کا رس، ایک چٹکی نمک اور ایک چمچہ چینی پانی میں ملا کر گھونٹ گھونٹ پینے سے آپ تروتازہ محسوس کریں گی اور سر درد بھی نہیں ہوگا۔ یہ ایک قسم کا انرجی ڈرنک ہے، جو توانائی کو برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ اسی طرح پھلوں کے جوس اور سبزیوں سے بھی کئی قسم کے انرجی ڈرنکس تیار کئے جا سکتے ہیں۔
ان سے پرہیز کریں 
 چند خواتین صفائی کرنے والے دن سے ایک دن پہلے تھوڑا زیادہ کھانا بنا لیتی ہیں تاکہ اگلے دن وہی کھا سکیں اور پوری توجہ گھر کی صفائی پر مرکوز کر دیتی ہیں ۔ لیکن باسی کھانا آپ کو بیمار کر سکتا ہے۔ باسی کھانے کی وجہ پیٹ میں درد، فوڈ پوائزننگ وغیرہ جیسے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں ۔ اس لئے بھلے آپ کھچڑی یا روٹی چٹنی بنائیں لیکن کھانا تازہ ہونا چاہئے۔ اس کے علاوہ صرف گھر کا بنا ہوا کھانا کھائیں۔
کام تھوڑا آسان ہو جائے گا
 کھانے کے بعد بہت سے برتن سنک میں ڈھیر ہو جاتے ہیں ۔ اب گھر کی صفائی کے دوران برتن دھونا ایک مسئلہ بن جاتا ہے۔ اس لئے کھانا ایسا بنائیں کہ کھانا پکانے میں کم سے کم برتن استعمال کریں ، جیسا کہ آپ ’’وَن پاٹ ڈش‘‘ آزما سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ آپ ڈسپوزیبل پلیٹیں اور پیالے استعمال کر سکتی ہیں اس طرح آپ برتن دھونے سے بچ جائیں گی۔ 
صفائی کا خیال رکھیں 
 گھر کی صفائی کرتے وقت ہمارے ہاتھوں پر دھول مٹی جم جاتی ہے۔ ناخنوں میں بھی گندگی جمع ہوجاتی ہے۔ یہاں تک کہ ہاتھ دھونے کے باوجود وہ جراثیم سے پاک نہیں ہوتے ہیں۔ اس لئے صفائی کرتے وقت چمچے سے کھانا کھائیں۔ ہاتھوں کو گندگی سے پاک رکھنے کے لئے آپ گلوز کا استعمال کرسکتی ہیں۔
 سارے کمرے ایک ساتھ صاف نہ کریں۔ جس کمرے میں کھانے پینے کی چیزیں رکھ رہی ہیں وہاں دسٹنگ نہ کریں ۔ بہتر ہوگا کہ وہ کمرہ سب سے آخر میں صاف کریں۔ کھانے پینے کی اشیاء کو اچھی طرح ڈھانک کریں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK