• Wed, 26 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اِیزنگ لائف: صلاحیت اور ضرورت کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے جوڑنے کا ذریعہ بننے والی ایک کارآمد ایپ

Updated: November 26, 2025, 4:27 PM IST | Azhar Mirza | Mumbai

اس ایپ کو’ ایزنگ لائف کی ٹیم‘ نے بنایا ہے ،جس میں شامل اولوالعزم مسلم نوجوانوں کا مقصدلوگوں کو آسانیاں فراہم کرکے اپنے قرب و جوار میں ملازمت اور روزگار فراہم کرنا اور چھوٹے کاروبار کو فروغ دینا ہے۔

Image of the Easing Life Android app. Picture: INN
ایزنگ لائف اینڈرائیڈ ایپ کا عکس۔ تصویر:آئی این این
’ایزنگ لائف ‘ ایک ایسی کارآمد ایپ ہے جو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے آپ کے اطراف موجود ان ہنر مند افراد کی نشاندہی کرتی ہے جس کی آپ کو ضرورت ہے۔ یہ۳؍ بنیادی سہولیات ’ایکسچینج ‘ ،’ریکروٹ‘ اور ’ہائر‘کی سہولیات فراہم کراتی ہے۔  یعنی یہ ایپ  رقم کے محفوظ لین دین( نقد کی ضرورت والے کوآن لائن ٹرانسفروالے صارف سے ملاتی ہے) اسکے ساتھ ہی صارف کو ملازمت ڈھونڈنے میں  رہبری کرتی  ہے اور سروسیز کے حصول  میں بھی مددگار و معاون  بنتی ہے۔
اس ٹیم کے لیڈر مدثر حسین سے نمائندہ انقلاب نے جب دوران گفتگو استفسار کیا کہ یہ ایپ کیونکر بنی تو انہوں نے بتایا کہ ’’سب سے پہلے تو اس ایپ کی خاص بات یہ بتادوں کہ میں اور میرے ساتھیوں نے مل کر اسے تقریباً  ڈیڑھ سال کے عرصے میں تیار کیا ہے۔چونکہ ہر آدمی چاہتا ہے کہ روزمرہ کی ضروریات پوری کرنے کیلئے اسے بار بار دروازے نہ کھٹکھٹانے پڑے، نہ ہی گھر سے باہر جاکر لمبی تلاش و جدوجہد کرنی پڑے۔ اسی ضرورت کو سامنے رکھتے ہوئے ہم نے ’ EasingLife ‘ کے نام سے یہ نیا ڈیجیٹل پلیٹ فارم متعارف کرایا ہے ۔‘‘ انہوں بات چیت کے دوران کچھ ثانیوں کیلئے توقف کیا اور پھر گویا ہوئے: مارکیٹ میں دسیوں  ایپ مل جائیں گے، لیکن اس ایپ کی انفرادیت یہ ہے کہ دیگر ایپ میں آپ اپنے قریب کے اسپتال یا ریستوران کو تلاش کرسکتے ہیں لیکن ہمارے ایپ میں آپ اپنے قریب میں موجود ڈاکٹر یا باورچی سے فوراً رابطہ کر سکتے ہیں۔ یہ ’لوکیشن کی بنیاد‘ پر ’رزلٹ‘فراہم کرتی ہے اور صارف کو اپنی ضرورت کے مطابق سروس یا مطلوبہ ہنر مند افراد کو قریبی علاقوں میں تلاش کرکے آپ سے جوڑتی ہے۔ اس کیلئے ایپ کوئی چارج بھی نہیں کرتی۔   انہوں نے مثال دے کر بتایا کہ ’’چاہے آپ کو پلمبر کی ضرورت ہو یا ٹیوشن ٹیچر کی تلاش ہو،یا پھر  آپ کو ڈرائیور مطلوب ہو یا ٹیکنیشین سے کام کرانا ، سب کچھ اس کے ذریعہ ممکن ہے ۔ ‘‘
ایزنگ لائف ٹیم کا کہنا ہے کہ’’ ہمارا بنیادی مقصد لوگوں کو آسانیاں فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کا قیمتی وقت بچانا بھی ہے یعنی اپنے گھر کے قرب و جوار کی ملازمت اور روزگار سے جوڑنا ،  اور چھوٹے کاروبار کو فروغ دینا  ہے ۔  ہم  رابطے کا ذریعہ بنتے ہیں اوراسکے بعد ’کنزیومر‘ اور ’پرووائیڈر‘پر یہ منحصر ہے کہ وہ آپس میں کس طرح کا مالی لین دین طے کرتے ہیں۔ مدثر حسین نے بتایا کہ ’’ معاشرے میں رابطے کے ذرائع تو بے شمار ہیں، مگر قریبی اور قابلِ اعتماد خدمات تک رسائی کا موثر طریقہ موجود نہیں ۔ گلی محلوں میں ضرورت مند افراد اور ہنر مند لوگ ایک دوسرے تک پہنچ نہیں پاتے، اسی ضرورت کو ’ایزنگ لائف ‘ پورا کرتی ہے۔ صارفین کے ڈیٹا کے حوالے سےانہوں نے بتایا کہ’’ہماری پرائیویسی پالیسی مارکیٹ کی مستند ایپس کی ہی طرح ہے ، لیکن  ہم صارف کے ڈیٹا کو مالی فائدے کیلئے استعمال نہیں کرتے۔ ‘‘
مدثر حسین نے گفتگو کے آخر میں بتایا کہ ایزنگ لائف فی الحال اینڈرائیڈ صارفین کے لئے ’پلے اسٹور‘ پر دستیاب ہے، درج ذیل یورآر ایل پر جاکر اسے ڈاؤن لوڈ کیا کیا جاسکتا ہے:
https://shorturl.at/m1eZJ
بقول مدثر ایپل صارفین کیلئے اس کے آئی او ایس ورژن پر کام جاری ہے اور یہ بھی جلد دستیاب ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK