بھارتی یادو نے یوجی سی نیٹ میں کامیابی حاصل کرکے اپنے خواب کو حقیقت میں بدل دیا،۲۰۲۱ء میں وہ یوپی پولیس میں شامل ہوئیں، ساتھ ہی اعلیٰ تعلیم کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔
سپاہی بھارتی یادوجو پروفیسر کہلائیں گی۔ تصویر: آئی این این
اگر دل میں سچی لگن ہو تو دنیا میں کچھ بھی ناممکن نہیں۔ اس بات کو خاتون پولیس سپاہی بھارتی یادو نے سچ کر دکھایا ہے۔ انہوں نے پولیس کی وردی میں فرائض انجام دیتے ہوئے تعلیم کے خواب کو کبھی نہیں چھوڑا اور اپنی محنت کے بل پر ویر بہادر سنگھ پوروانچل یونیورسٹی، جونپور میں اسسٹنٹ پروفیسر کی ملازمت حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔
بھارتی کو بچپن سے ہی پڑھائی کا شوق رہا۔ پولیس میں ملازمت حاصل کرنے کے بعد بھی انہوں نے اعلیٰ تعلیم کا سلسلہ جاری رکھا اور بالآخر اپنا خواب پورا کیا۔ بھارتی یادو کے والد دیویندر کمار یادو ایک سرکاری پرائمری اسکول میں ٹیچر ہیں، جبکہ ان کی والدہ خاتون خانہ ہیں۔ بھارتی نے دن میں ڈیوٹی اور رات میں پڑھائی کر کے یو جی سی نیٹ جیسا مشکل امتحان پاس کیا۔ جو بھارتی اب تک تھانے میں ڈیوٹی انجام دیتی رہیں، اب وہ طلبہ کو پڑھائیں گی۔
معلوم ہوکہ بھارتی یادو کو۲۰۲۱ءمیں اتر پردیش پولیس میں ملازمت ملی تھی۔ کانسٹیبل کے طور پر ان کی پہلی تعیناتی ضلع بلیا کے نرہی تھانے میں ہوئی تھی۔ مشکل حالات کے باوجود بھارتی نے اپنی پڑھائی نہیں چھوڑی۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس کی ڈیوٹی کے ساتھ پڑھائی کرنا آسان نہیں تھا، لیکن انہوں نے کبھی ہار نہیں مانی۔ بھارتی کے مطابق پولیس کی ڈیوٹی اکثر ایمرجنسی نوعیت کی ہوتی ہے۔ وہ جب کھانا بنانے لگتیں تو اسی دوران آدھی پڑھائی کر لیا کرتی تھیں۔ کبھی دن میں تو کبھی رات میں ڈیوٹی ہوتی تھی، مگر ڈیوٹی سے فارغ ہونے کے بعد بھی وہ پڑھائی میں مصروف ہو جاتیں۔بھارتی نے بتایا کہ سپاہی کی ملازمت کے دوران پڑھائی کے اوقات مقرر کرنا ممکن نہیں ہوتا، کیونکہ یہ ایک ایمرجنسی سروس ہے۔ ایسے میں پڑھائی کو منظم کرنا پڑتا ہے۔ اگر آپ موضوع پر توجہ دے کر تیاری کریں تو کامیابی ضرور ملتی ہے۔ ایک ساتھ سب کچھ کرنے کی کوشش مشکل ہو جاتی ہے۔ بھارتی نے اپنی اس کامیابی پر ایس پی اومویر سنگھ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ہمیشہ میری رہنمائی کی اور کہا کہ پڑھائی جاری رکھو۔ انہوں نے ہر وقت تعلیم کے لیے حوصلہ افزائی کی۔ ضلع بلیا کے پولیس محکمہ نے بھارتی کو ان کی کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ ایس پی اومویر سنگھ نے اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدے پر انتخاب پر مبارکباد دیتے ہوئے روشن مستقبل کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی یادو نے نہ صرف بلیا پولیس بلکہ پورے محکمہ کو فخر سے سر بلند کیا ہے۔ بھارتی نے ثابت کر دیا کہ اگر وسائل محدود بھی ہوں، مگر آپ خواب دیکھنے اور انہیں پورا کرنے کا حوصلہ رکھتے ہوں تو کامیابی خود آپ کے قدم چومتی ہے۔(بشکریہ مِنٹ)