• Thu, 04 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

دن بھر توانا رہنے اور مستعدی سے اپنے کام انجام دینے کیلئے صبح یہ پانچ عادتیں اپنائیے

Updated: September 04, 2025, 3:33 PM IST | Hafsah Thim | Mumbai

صبح کی شروعات آپ کیسے کرتے ہیں؟ اس کا اثر آپ کے دن بھر کی کارکردگی پر پڑتا ہے۔ چند صحتمند عادتیں جنہیں مستقل اپنایا جائے تو آپ پہلے سے زیادہ اچھا محسوس کرسکتے ہیں، توجہ مرکوز کرنے میں مدد مل سکتی ہے ساتھ ہی آپ کی مجموعی صحت بہتر ہوسکتی ہے۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

صبح کی شروعات آپ کیسے کرتے ہیں؟ اس کا اثر آپ کے دن بھر کی کارکردگی پر پڑتا ہے۔ چند صحتمند عادتیں جنہیں مستقل اپنایا جائے تو آپ پہلے سے زیادہ اچھا محسوس کرسکتے ہیں، توجہ مرکوز کرنے میں مدد مل سکتی ہے ساتھ ہی آپ کی مجموعی صحت بہتر ہوسکتی ہے۔ آج اس کالم میں ۵؍ آسان اور قابل عمل عادتوں کے بارے میں بتایا جا رہا ہے:
(۱)صبح کا آغاز نیم گرم لیموں پانی سے کیجئے
 صبح بیدار ہونے کے بعد آپ کے جسم کو ہائیڈریٹ کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ نیم گرم لیموں پانی نہ صرف جسم کو ہائیڈریٹ کرتا ہے بلکہ نظام ہضم کو بھی فعال کرتا ہے۔ لیموں میں وٹامن سی مدافعتی نظام کو مضبوط کرتا ہے اور الکائن اثر سے جسم میں پی ایچ لیول کو متوازن کرتا ہے۔ یہ عادت آپ کو تازگی فراہم کرنے اور جسم کے نظام کو فعال کرنے میں مؤثر ثابت ہوگی۔
(۲)پھل اور خشک میوہ جات کو ترجیح دیں
 بھاری بھرکم ناشتے یا کیفین (چائے/ کافی) سے اپنے دن کی شروعات کرنے کے بجائے ایک پیالہ تازہ کٹے ہوئے پھل کے ساتھ ایک مٹھی خشک میوہ جات کھائیں۔ پھلوں میں موجود قدرتی مٹھاس اور فائبر جسم کو ہائیڈریٹ اور توانا رکھتے ہیں۔ میوے پروٹین، صحتمند فیٹس اور مائیکرو نیوٹرینٹس کا بہترین ذریعہ ہیں جو ذہنی صحت کیلئے فائدہ مند ہے۔ ناشتے میں ان کے استعمال سے آپ کا بلڈ شوگر کنٹرول میں رہتا ہے، جسم توانا رہتا ہے اور توجہ مرکوز کرنے میں مدد ملتی ہے۔
(۳)میڈیٹیشن کیلئے وقت نکالئے
 ۵؍ سے ۱۰؍ منٹ میڈیٹیشن کیلئے نکالیں۔ اس دوران سانس لینے اور چھوڑنے کی مشقیں کریں۔ اس عمل سے آکسیجن آپ کے ذہن تک پہنچتا ہے جس سے تناؤ میں کمی آتی ہے۔ یہ مختصر سیشن آپ کی ذہنی صحت کو بہتر بناتا ہے اور آپ دن بھر اچھا محسوس کرتے ہیں۔
(۴)خود کو یقین دلایئے
 صبح کے وقت اپنے آپ سے بات کرکے آپ اپنا اعتماد بحال کرسکتے ہیں۔ اپنے آپ سے یہ باتیں کہنا ضروری ہے کہ، ’’مَیں اس کام کے قابل ہوں‘‘ اور ’’آج کا دن نتیجہ خیز اور خوشگوار گزرے گا!‘‘اس سے خود پر یقین قائم کرنے میں مدد ملے گی۔ ساتھ ہی اظہار تشکر کا جذبہ پیدا کریں۔ روزانہ تین چیزوں کا شکریہ ادا کریں۔ اس سے مثبت سوچ کو فروغ ملے گی اور مشکل وقت سے باہر آنے میں یہ معاون ثابت ہوں گی۔
(۵)ورزش کیجئے
 صبح اپنا کام شروع کرنے سے قبل ورزش کیجئے۔ لائٹ اسٹریچنگ، یوگا یا چہل قدمی کیجئے۔ یہ سرگرمیاں خون کا دوران بہتر کرنے، سخت پٹھوں کو ڈھیلا کرنے اور اینڈورفن (ہارمون) خارج کرنے میں مدد کرتی ہیں۔ ۱۰؍ سے ۱۵؍ منٹ کی گئی ورزش بھی آپ کو توانا اور جسمانی و ذہنی طور پر فٹ رکھنے میں مدد کرتی ہے۔
ان عادتوں کو اس طرح اپنایئے
(۱)صبح بیدار ہونے کے بعد نیم گرم لیموں پانی پئیں۔
(۲)اس کے بعد پھل اور خشک میوہ جات کھائیں۔
(۳)میڈیٹیشن اور بریدینگ ایکسرسائز کریں۔
(۴) مثبت محرکات کہیں اور اظہار تشکر کریں۔
(۵)۱۰؍ سے ۱۵؍ کیلئے اسٹریچنگ یا واکنگ کیجئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK