Inquilab Logo Happiest Places to Work

یہ چھ غذائیں بالوں کا جھڑنا روکتی ہیں

Updated: August 14, 2025, 3:54 PM IST | Hafsah Thim | Mumbai

اس کالم میں نیوٹریشنسٹ اور ڈائٹیشین حفصہ تھیم صحت کے بارے میں مناسب رہنمائی کریں گی۔ یہ کالم ہر ہفتے جمعرات کو شائع ہو رہا ہے۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

اگر گزشتہ کچھ ہفتوں سے آپ یہ مشاہدہ کر رہے ہیں کہ آپ کے بال ضرورت سے زیادہ گر رہے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ کے جسم کو غذائیت کی ضرورت ہے۔ آپ کیا کھاتے ہیں؟ اس کا براہِ راست تعلق بالوں کی صحت پر پڑتا ہے۔ آج اس کالم میں ۶؍ غذاؤں کا ذکر کیا جا رہا ہے جن کے استعمال سے بال صحتمند رہتے ہیں:
(۱) آملہ
 آملہ وٹامن سی اور اینٹی آکسیڈنٹس کا بہترین ذریعہ ہیں جو کولیجن کی افزائش کو بڑھانے اور سَر میں خون کا دوران بہتر کرنے میں مدد کرتے ہیں۔ جس سے بال جڑ سے مضبوط ہوتے ہیں اور ان کی لمبائی میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔
٭ثابت آملہ کھائیں، اس کا جوس پئیں یا اس کی چٹنی اور اچار بنا کر کھائیں۔
(۲)کدو کے بیج
 کدو کے بیج میں زنک، میگنیشیم اور اومیگا تھری فیٹی ایسڈز وافر مقدارمیں پائے جاتے ہیں۔ یہ غذائی اجزاء بالوں کو پتلے اور خشک ہونے سے بچاتے ہیں۔
٭شام کے ناشتے میں ایک مٹھی کدو کے بیج کھائیں۔ آپ اس کا استعمال سلاد اور اسموتھی میں بھی کرسکتی ہیں۔
(۳)سوہانجنا کی پتیاں
 سوہانجنا (مورنگا) میں آئرن، کیلشیم اور امینو ایسڈز وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں جو بالوں کی صحت کے لئے اہم سمجھے جاتے ہیں۔ آئرن سر میں آکسیجن پہنچانے میں مدد کرتا ہے جس سے بالوں کا ٹوٹنا کم ہوتا ہے۔
٭دال اور سوپ میں سوہانجنا کی پتیاں شامل کی جاسکتی ہیں۔ ان پتیوں کو ہلکا فرائی کرکے بھی کھایا جاسکتا ہے۔ اسموتھی میں مورنگا پاؤڈر بھی شامل کرکے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
(۴)انڈا
 انڈا پروٹین اور بائیوٹین کا بہترین ذریعہ ہیں۔ یہ دونوں غذائی اجزاء بالوں کو مضبوطی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ پروٹین کی کمی سے بال بے جان ہوجاتے ہیں۔
٭روزانہ ناشتے میں اُبلے ہوئے انڈے کھائیں۔ آملیٹ یا ایگ سلاد بھی کھا سکتے ہیں۔
(۵)کڑی پتہ
 کڑی پتے میں بیٹا کیروٹین اور اینٹی آکسیڈنٹس وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ یہ غذائی اجزاء بالوں کو پتلا اور قبل از سفید ہونے سے روکتے ہیں۔
٭دال، کڑھی اور چٹنی میں کڑی پتہ شامل کریں۔
(۶)میتھی دانہ
 میتھی دانے میں پروٹین، آئرن اور نیکوٹین ایسڈ کثیر مقدار میں پائے جاتے ہیں جو بالوں کے غدود کو مضبوط کرتے ہیں اور بال کی افزائش بھی اچھی ہوتی ہے۔
٭ایک سے ۲؍ بڑے چمچے میتھی دانوں کو رات بھر بھیگنے دیں اور صبح انہیں کھا لیں۔ آپ انہیں پیس کر سالن میں بھی استعمال کرسکتی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK