Inquilab Logo Happiest Places to Work

گھر چھوٹا ہو یا بڑا، آپ کے سلیقے کی تصویر ہوتا ہے!

Updated: August 14, 2025, 3:57 PM IST | Agency | Mumbai

ہر خاتون کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کا گھر خوبصورت ہو اور وہ اسے ہمیشہ سجا سنوار رکھے لیکن کیا محض خواہش کرنا کافی ہے؟ خواتین سمجھداری اور نفاست سے اپنے گھر کو خوبصورت بنا سکتی ہیں۔ یہ صرف مہمان کی آمد پر نہ ہو بلکہ روزانہ کا معمول ہو۔ اس مضمون میں چند طریقے بتائے جا رہے ہیں۔

You can also brighten up your home by changing the arrangement of the equipment in it. Photo: INN
گھر میں موجود ساز و سامان کی ترتیب میں تبدیلی لا کر بھی آپ اسے رونق بخش سکتی ہیں۔ تصویر: آئی این این

بلاشبہ گھر چھوٹا ہو یا بڑا، چیزوں کی مناسب ترتیب سے اسے خوبصورت بنایا جاسکتا ہے۔ یہ حقیقت ہے کہ ایک ہی ترتیب کو روزانہ دیکھ دیکھ کر انسان بور ہوجاتا ہے۔ جس کی وجہ سے بعض اوقات اکتاہٹ ہونے لگتی ہے، جس کی وجہ سے گھریلو ماحول میں بھی کوئی کشش محسوس نہیں ہوتی جبکہ آپ اپنی خدا داد صلاحیتوں سے گھر میں موجود ساز و سامان کی ترتیب بدل کر اس میں نیا پن بآسانی پیدا کرسکتی ہیں۔
 خوبصورت گھر ہر عورت کا خواب ہوتا ہے، جسے سجانا، سنوارنا بہرحال عورت کی ذمہ داری ہے، تاہم اس کے لئے تھوڑی محنت کی ضرورت ہے۔ مثال کے طور پر گھر کا فرنیچر پرانا ہوگیا ہے اور آپ کم بجٹ کی وجہ سے اسے بدلنے کی استطاعت نہیں رکھتیں تو مایوس نہ ہوں بلکہ اس فرنیچر کی ترتیب بدل کر کمرے کے ماحول کو پُرکشش بناسکتی ہیں۔ اگر گھر میں فرنیچر کے ساتھ ساتھ دوسری استعمال کی چیزوں کو بھی مناسب طریقے سے ترتیب دے دیا جائے تو اول تو اس سے گھر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا دوسرے چیزوں کو استعمال کرنے میں بھی آسانی ہوگی۔ گھر کی آرائش کے لئے ضروری نہیں کہ آپ اسے قیمتی چیزوں سے سجایا جائے بلکہ کم قیمت کی آرائشی اشیاء بھی خرید کر بھی سجایا جاسکتا ہے۔
 کچھ خواتین کے لئے بہت بڑے گھر یا کسی کمرے کو بعض اوقات سجانا تھوڑا مشکل ہوتا ہے، یوں وہ کشمکش میں مبتلا ہوجاتی ہیں۔ چھوٹے کمرے کی آرائش بڑے کمرے سے آسان ہوتی ہے لیکن چھوٹے کمرے میں زیادہ سامان نہ رکھیں اور دیواروں پر بھی شوخ رنگ نہ کریں، تاہم روشنی کا ایسا نظام ہوکہ کمرے کی تنگی کا احساس نہ ہو۔ کمرے کی مناسبت سے فرنیچر ہمیشہ ہلکا پھلکا استعمال کریں تاکہ اس کی ترتیب کے وقت ادھر اُدھر کرنے میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ کم جگہ میں ایک سینٹر ٹیبل کافی ہوتی ہے۔
 قالین بغیر پھولوں والا استعمال کریں، کیونکہ اس سے فرش کشادہ نظر آتا ہے اور کمرے میں تنگی کا احساس نہیں ہوتا۔ ہلکے رنگ کے قالین کا انتخاب کریں۔ کمرے میں فرنیچر اور دیگر سامان کی ترتیب اس انداز سے کریں کہ آپ کو چلنے پھرنے میں کوئی دشواری پیش نہ آئے۔
 سجاوٹ کے دوران اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ صوفوں اور کرسیوں کے درمیان سینٹر یا سائیڈ ٹیبل اتنے فاصلے پر ہوکہ بیٹھے ہوئے افراد کا ہاتھ بآسانی میز تک پہنچ جائے اور کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ کمرے کے پردوں اور قالین کے رنگ میں ہم آہنگی بھی کمرے کی دلکشی اور خوبصورتی میں اضافہ کرتی ہے۔
 اگر آپ کے صوفے یا کرسیوں کا رنگ پردوں اور دیواروں کے رنگ سے مطابقت نہیں کررہا ہے تو اس پر پردوں سے ہم آہنگ اور دیواروں کے رنگ میچ کرتے ہوئے کپڑے کے کور چڑھا لیں یا صوفے کی گدیوں پر ان رنگوں سے مطابقت کرنا ہوتا کپڑا لگوالیں۔ اس سلسلے میں مہنگے کپڑے کے انتخاب سے زیادہ میچنگ پر توجہ دینا لازمی ہے۔
 آپ تھوڑی سی محنت اور کوشش سے گھر میں موجود چیزوں کو مناسب طریقے سے ترتیب دے سکتی ہیں اور گھر میں موجود معمولی چیزوں کو بہتر طریقے سے ترتیب دے کر جاذبیت پیدا کرسکتی ہیں۔ اس کے برعکس اگر آپ کے گھر میں بہت مہنگا سامان موجود ہے لیکن آپ نے اس کو بہتر طریقے سے ترتیب نہیں دیا تو یہ چیز آپ کے گھر کی خوبصورتی پر منفی اثر ڈالے گی۔ اسی کے ساتھ گھر کی صاف صفائی بھی اہمیت رکھتی ہے۔ گھر اگر قیمتی سامان سے سجا ہوا ہو مگر اس پر دھول جمی ہو تو پوری محنت رائیگاں ہوسکتی ہے۔ اس لئے گھر کو نفاست سے سجانے کے ساتھ ساتھ اس کی صاف صفائی پر خاص توجہ دیں۔
 چھوٹےبڑے شو پیس کو صاف کرنا ایک مشکل کام ہوتا ہے اس لئے انہیں ہمیشہ شو کیس میں سجانا چاہئے۔ البتہ ہفتہ یا ۱۵؍ دن میں ان کی ڈسٹنگ ہونی چاہئے تاکہ ان کی چمک برقرار رہے۔ اسی کے ساتھ گھر میں غیر ضروری اشیاء اکٹھا کرنے سے گریز کریں۔ کیونکہ اس طرح گھر میں غیر ضروری اشیاء کا ڈھیر لگ جاتا ہے جو دیکھنے میں خراب لگتا ہے۔ اس سے آپ کے گھر کا لُک بگڑ جاتا ہے۔ گھر میں جتنی کم چیزیں ہوں گی اتنا گھر دلکش نظر آئے گا۔
 گھر کو صاف ستھرا رکھنے کے لئے ایک عادت ضرور اپنانی چاہئے وہ یہ ہے کہ ہر چیز کو اس کی جگہ پر رکھنا۔ جی ہاں! یہ عادت گھر میں سبھی کو اپنانی چاہئے تاکہ گھر بکھرا بکھرا نہ رہے۔ اس کے علاوہ گھر کے ایک گوشہ میں پودے لگائیں، اس سے گھر کی جاذبیت میں اضافہ ہوجاتا ہے۔ رنگ برنگے پھولوں والے پودے لگائیں تاکہ یہ دیکھنے والے پر اچھا تاثر چھوڑے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK