یہاں ۳۰؍نومبر کوکھڑک واسلہ میں واقع نیشنل ڈیفنس اکیڈمی (این ڈی اے) کے ۱۴۹؍ویں کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد کی گئی۔
دیپک کنڈپال۔ تصویر:آئی این این
یہاں ۳۰؍نومبر کوکھڑک واسلہ میں واقع نیشنل ڈیفنس اکیڈمی (این ڈی اے) کے ۱۴۹؍ویں کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد کی گئی۔ اس موقع پر تاریخ رقم ہوئی اور پہلی بار کوئی خاتون کیڈیٹ برونز میڈل کی حقدار بنی۔ اس پریڈ میں بحریہ کے سربراہ ایڈمرل دنیش کے ترپاٹھی خصوصی مہمان کے طور پر شریک ہوئے۔ این ڈی اے سے پاس ہونیوالے ۳۲۸؍کیڈیٹس اب بری فوج، فضائیہ اور بحریہ میں افسرکے طور پر تعینات ہوں گے۔ اس پریڈ کی کمان کیڈیٹ سدھارتھ سنگھ کے ہاتھوں میں تھی۔
رپورٹ کے مطابق یہ پریڈ پونے کے کھڑک واسلا کے کھیتراپال پریڈ گراؤنڈ میں منعقد ہوئی۔ اس سے ایک دن قبل ہونے والی کانووکیشن تقریب میں۳۲۸؍ کیڈٹس میں اسناد تقسیم کی گئیں۔۳۲۸؍ میں سے ۲۱۶؍ کیڈیٹس نے جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) سے بیچلرز ڈگری حاصل کی ہے۔ان میں ۷۲؍ کیڈیٹس سائنس اسٹریم، ۹۲؍ کیڈٹس کمپیوٹر سائنس اور ۵۲؍ کیڈیٹس آرٹس اسٹریم سے گریجویٹ ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ دوست ممالک سے۱۸؍ کیڈیٹس نے بھی ڈگری حاصل کی ہے۔ بحریہ اور فضائیہ کے۱۱۲؍ کیڈیٹس نے۳؍ سالہ بی ٹیک کورس مکمل کرلیا ہے۔ انہیں ایک سال مزید تربیت کیلئے اپنی اپنی اعلیٰ اکیڈمی میں جانا ہوگا۔ ان میں بحریہ کے کیڈیٹس ایزمالا انڈین نیول اکیڈمی جائیں گے جبکہ فضائیہ کے کیڈیٹس ایئر فورس اکیڈمی حیدرآباد کا رخ کریں گے۔ اعلیٰ تربیت مکمل ہونے کے بعد انہیں بی ٹیک ڈگری تفویض کی جائے گی۔
مہمان خصوصی ایڈمرل دنیش کے ترپاٹھی نےکیڈیٹس سے خطاب میں کہا کہ’’این ڈی اے سے نکلنے والی یہ خواتین کیڈٹس کا دوسرا بیچ ہے۔ وہ ہمارے مرد کیڈٹس کے ساتھ کندھے سے کندھا ملاکر کھڑی ہیں۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’ ایوارڈ آپ کی قابلیت کو نہیں، آپ کی ڈیوٹی آپ کو پہچان دیتی ہے۔ اس لئے ایوارڈ پر نہیں، اپنی ذمہ داری پر توجہ دیں۔‘‘خیال رہے کہ این ڈی اے سے خواتین کیڈیٹس کا پہلا بَیچ مئی ۲۰۲۴ء میں پاس آؤٹ ہوا تھا۔ ۲۰۲۱ء میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد یو پی ایس سی نے این ڈی اے میں خواتین کے داخلے کی اجازت دی تھی۔
ڈرائیور کے بیٹے نے جیتا گولڈ میڈل
اتراکھنڈ کے باگیشور کے رہنے والے دیپک کنڈپال نے پاسنگ آؤٹ پریڈ میںگولڈ میڈل حاصل کیا۔ ان کے والد جیول چندر کنڈپال ٹیکسی ڈرائیور ہیں اور والدہ گیتا کنڈپال گھریلو خاتون ہیں۔ دیپک نے آٹھویں تک تعلیم اپنے گاؤں ڈُنگلوٹ میں حاصل کی، نویں سے بارہویں تک جواہر نووودیہ ودیالے، گگارےگول میں حاصل کی۔ بارہویں میں ضلع میں ٹاپ کیا اور بعد میں نئی دہلی میں ڈگری کیساتھ این ڈی اے کی کوچنگ حاصل کی اور ۲۰۲۲ء میں یہ امتحان کامیاب کرکے این ڈی اے میں داخلہ حاصل کیا۔
سدھی جین: پہلی خاتون کیڈٹ جسےبرونز میڈل ملا
سدھی جین۔ تصویر: آئی این این
یہ خاتون کیڈیٹ یوپی کے بدایوں سے تعلق رکھتی ہیں۔ ان کی والدہ تُرُپتی جین اور والد نکھل کمار جین دونوں اسکول ٹیچر ہیں۔ سدھی کوپریسیڈنٹ برونز میڈل سےنوازا گیا، یہ اعزاز حاصل کرنے والی وہ پہلی خاتون کیڈیٹ بن گئی ہیں۔این ڈی اے میں داخلے سے قبل سدھی جے ای ای کی تیاری کررہی تھی، ان کی رینک بھی اچھی تھی، لیکن سدھی نے انجینئرنگ چھوڑ کر فوج کا انتخاب کیا۔این ڈی اے پاس ہونے کے بعد سدھی مزید ایک سال کی تربیت کیلئے ایئر فورس اکیڈمی، حیدرآباد جائیں گی۔