Inquilab Logo Happiest Places to Work

آفس کاکام کرنے کے ساتھ بچوں کو زیادہ سے زیادہ وقت کیسے دیا جا سکتا ہے؟

Updated: May 04, 2026, 8:42 PM IST | Odhani Desk | Mumbai

۹؍ گھنٹے کی آفس شفٹ مکمل کرنے کے بعد بچوں کو زیادہ وقت دینا آسان نہیں ہوتا لیکن ایک ماں ہر مشکل کو ممکن بنا سکتی ہے۔ تھوڑی سی منصوبہ بندی اور کچھ چھوٹی کوششوں کے ذریعے آپ بھی اپنے بچوں کو خو ش کرسکتی ہیں۔ اس مضمون میں ایسے ہی مفید مشورے دیئےگئے ہیں جن پر عمل کر کے آپ اپنے بچوں کے ساتھ وقت گزار سکتی ہیں۔

Time can be made for children even during office work. Photo: INN
آفس کےکام کے دوران بھی بچوں کیلئے وقت نکالا جاسکتاہے۔ تصویر: آئی این این

کام کرنے والی ماؤں کے لئے بچوں کو وقت دینا اکثر ایک چیلنج ہوتا ہے۔ اس کے باوجود خواتین پورے ۹؍ گھنٹے آفس میں گزارنے کے بعد بھی گھر اور بچوں کی ذمہ داریاں بخوبی نبھاتی ہیں۔ آفس سے واپس آ کر بچوں کی دیکھ بھال کرنا، انہیں پڑھانا اور ان کے ساتھ کھیلنا کئی بار مشکل ہو جاتا ہے۔ اس دوران ماں کو کئی مسائل کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے جس سے وہ الجھن محسوس کرتی ہیں۔ ایسے میں یہ چند چھوٹے مگر مؤثر مشورے آپ کے لئے مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ 
صبح کی شروعات کو خاص بنائیں 
آفس جانے سے پہلے تھوڑا جلدی اٹھیں اور بچوں کے ساتھ کچھ وقت گزاریں۔ یہ وقت ناشتہ کرتے ہوئے بات چیت، انہیں اسکول کیلئے تیار کرنے یا صرف پیار اور توجہ دینے کا ہو سکتا ہے۔ اچھی شروعات پورے دن کو خوشگوار بنا دیتی ہے۔ 
آنے جانے کے وقت کا صحیح استعمال کریں 
اگر آپ کا آفس گھر سے دور ہے تو سفر کے وقت کو مؤثر بنائیں۔ آپ آڈیو بکس سن سکتی ہیں یا اپنے بچوں سے فون پر بات کر سکتی ہیں۔ ان سے ان کے دن کی سرگرمیوں کے بارے میں پوچھیں اور انہیں اپنے معمولات بتائیں، اس سے تعلق مضبوط ہوتا ہے۔ 
ٹیکنالوجی کا درست استعمال کریں 
ویڈیو کال بچوں سے جڑے رہنے کا بہترین ذریعہ ہے، خاص طور پر جب آپ آفس میں ہوں۔ لنچ بریک میں یا تھوڑا وقت نکال کر بچوں سے بات کریں اور ان کی خیریت معلوم کریں۔ 
نو اسکرین ٹائم کا اصول بنائیں 
گھر پر ایک وقت مقرر کریں جب آپ اور بچے موبائل، ٹی وی یا دیگر ڈیوائسز سے دور رہیں۔ اس دوران ساتھ کھیلیں، کتابیں پڑھیں یا باتیں کریں۔ یہ آپ کے رشتے کو مضبوط بناتا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ایک اہم سوال.... کیا ہم ’اسکرین‘ کے غلام بن چکے ہیں؟

ساتھ مل کر چھوٹے کام کریں 
بچوں کو گھر کے چھوٹے چھوٹے کاموں میں شامل کریں جیسے کپڑے تہ کرنا، میز صاف کرنا یا پودوں کو پانی دینا وغیرہ۔ اس سے وہ ذمہ داری سیکھتے ہیں اور آپ کو ان کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع ملتا ہے۔ 
ویک اینڈ کو یادگار بنائیں 
ہفتے کے آخر میں بچوں کے ساتھ خاص منصوبے بنائیں جیسے پکنک، فلم دیکھنا یا پارک جانا۔ یہ وقت مکمل طور پر بچوں کے لئے رکھیں۔ 
ان کی دلچسپیوں میں حصہ لیں 
بچوں کی پسند جانیں اور ان کے ساتھ وہی سرگرمیاں کریں جو انہیں  پسند ہو جیسے پینٹنگ یا دیگر کھیل۔ اس سے وہ آپ سےزیادہ قربت محسوس کرتے ہیں۔ 
ہر دن تھوڑا وقت صرف ان کے لئے رکھیں 
روزانہ کم از کم۲۰-۱۵؍ منٹ صرف بچوں کے لئے نکالیں۔ اس وقت کے دوران ان کی بات سنیں۔ ان کے سوالوں کے جواب دیں اور انہیں مکمل توجہ دیں۔ یہ تھوڑا سا وقت بھی ان کیلئے بہت اہم ہوتا ہے۔ ان طریقوں سے آپ بچوں  کو وقت دے سکتی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK