• Fri, 26 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

وقت بے وقت کھانے کی عادت سے یوں پیچھا چھڑائیں

Updated: September 23, 2025, 4:11 PM IST | Odhani Desk | Mumbai

آپ زیادہ کھانا کھانے کی عادت میں مبتلا ہیں تو اس سے نجات حاصل کرنے کے لئے یہ تدابیر آزمائیے۔

Set meal times and eat at the appointed time. Photo: INN
کھانے کے اوقات طے کریںا ور مقررہ وقت پر کھائیں۔ تصویر: آئی این این

آپ زیادہ کھانا کھانے کی عادت میں مبتلا ہیں تو اس سے نجات حاصل کرنے کے لئے یہ تدابیر آزمائیے:
اپنی بھوک پر قابو پائیں۔ بھوک لگتے ہی کھانے کی طرف نہ دوڑیں، بلکہ کچھ دیر توقف کریں، تاکہ آپ کو کچھ خالی پیٹ رہنے کی عادت ہو۔ زیادہ وقت کھائے بغیر گزارنے کی کوشش کریں اور اس وقت میں خود کو بے چینی سے بچانے کے لئے دوسرے مشاغل میں مصروف رکھیں، ورزش یا چہل قدمی کریں، اس سے آپ کو دو فوائد حاصل ہوں گے۔ ایک تو آپ کا وقت مصروف گزرے گا دوسرا آپ کے وزن میں بھی کمی آئے گی اور آپ خود کو ہلکا پھلکا اور پرسکون محسوس کریں گی۔
 دن میں تین مرتبہ کھانا کھائیں اور ساتھ ہی پھلوں اور کچی سبزیوں کا استعمال بھی کرتی رہیں۔ اگر آپ ایک وقت بھی کھانا چھوڑیں گی تو اس سے بار بار بھوک کا احساس ہوگا اور آپ پھر سے زیادہ کھانا شروع کردیں گے۔ اس لئے کھانا وقت پر کھانے کی کوشش کریں لیکن کھانے کی مقدار کم رکھیں۔
 موٹاپے میں مبتلا افراد عموماً کھانا چھوڑ دیتے ہیں یعنی ڈائٹنگ کرتے ہیں مگر اسنیکس کا استعمال بہت زیادہ کرتے ہیں جس کی وجہ سے ڈائٹنگ کا کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔ ویسے بھی زیادہ دیر تک چلنے والی ڈائٹنگ بھوک کو بہت زیادہ بڑھا دیتی ہے۔ جس کی وجہ سے بعد میں زیادہ کھانے کی عادت پڑ جاتی ہے۔ بہتر ہوگا کہ ڈائٹنگ کرنے کے بجائے متوازن غذا کھائیں اور اتنا کھائیں جتنی بھوک ہو، اس سے زیادہ کھانا نقصاندہ ہوسکتا ہے۔
 ورزش کی عادت کو بھی اپنائیں، ورزش نہ صرف صحت بخش طریقے سے وزن کم کرتی ہے، بلکہ موٹاپے سے بھی نجات دلاتی ہے۔ یہ ڈپریشن کو بھی کم کرتی ہے اور مکمل صحتمند بناتی ہے۔ جس سے بے چینی میں کمی واقع ہوتی ہے اور اس کی وجہ سے مزاج پر قدرتی اثرات مرتب ہوتے ہیں، جس سے کھانے کی عادت میں کمی آجاتی ہے۔
 کھانے کے درمیان وقفہ رکھیں۔ اگر آپ نے کچھ دیر پہلے ہی کھانا کھایا ہے اور آپ کے جسم کو پھر کھانے کی طلب محسوس ہو رہی ہو، تو دوبارہ مت کھائیں بلکہ کھانا اس وقت کھائیں جب آپ کے جسم کو اس کی ضرورت ہو اور پہلے کا کھایا ہوا ہضم ہو چکا ہو۔ اس سے آپ کے بار بار کھانے کی عادت میں کافی حد تک کمی آئے گی۔
 اپنے آپ کو مصروف رکھیں، کیونکہ اکثر فارغ بیٹھنے والے بسیار خوری میں زیادہ مبتلا ہوتے ہیں۔ اس لئے ناگزیر ہے کہ کوئی مثبت سرگرمی اپنا لیں، تاکہ دھیان دوسری طرف بھی بٹے اور کھانے کی طلب کم ہو۔
 بسیار خوری کی عادت سے زیادہ تھکاوٹ محسوس ہوتی ہے۔ اسے دور کرنے کے لئے تھکاوٹ میں کمی کے بجائے مزید اضافہ ہو جاتا ہے۔ اگر آپ کو مسلسل تھکاوٹ محسوس ہوتی ہے، تو مزید کچھ کھانے کے بجائے نیند کا سہارا لیں۔ اس سے آپ کی توانائی بھی ضائع ہونے سے بچ جائے گی اور آپ کو مزید کھانے کی طلب بھی نہیں ہو گی۔
 مذکورہ بالا طریقے اپنا کر بسیار خوری یعنی وقت بے وقت کھانے کی عادت اور اس کے مضر اثرات سے بچ سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK