Inquilab Logo Happiest Places to Work

آئس واٹر فیشل: جلد کو چمکدار بنانے میں معاون

Updated: June 26, 2024, 12:39 PM IST | Odhani Desk | Mumbai

آج کل کورین گلاس اسکن پانا ایک ٹرینڈ بن گیا ہے کیونکہ اب کورین خواتین کی طرح شیشے جیسی چمکتی جلد ہر نوعمر لڑکی چاہتی ہے۔

Ice water facial is useful for oily skin. Photo: INN
آئس واٹر فیشل چکنی جلد کیلئے مفید ہے۔ تصویر : آئی این این

آج کل کورین گلاس اسکن پانا ایک ٹرینڈ بن گیا ہے کیونکہ اب کورین خواتین کی طرح شیشے جیسی چمکتی جلد ہر نوعمر لڑکی چاہتی ہے۔ میک اپ ایکسپرٹ رینو مہیشوری کورین بیوٹی سیکریٹس بنا رہی ہیں جنہیں اپنا کر آپ کورین گلاس اسکن پاسکتی ہیں۔
 آئس واٹر فیشل کرنے کا طریقہ عام فیشل جیسا نہیں ہوتا ہے بلکہ یہ ایک بیوٹی روٹین ہے جس سے جلد بہتر ہوتی ہے۔ سب سے پہلے ایک بڑا پیالہ لیں۔ اس میں ایک پیالی برف کا پانی شامل کریں۔ پھر ۴؍ سے ۵؍ آئس کیوب ڈالیں۔ پھر اس میں آپ اپنے چہرے کو ۳۰؍ سیکنڈ کے لئے ڈبوئیں۔ پھر نرم تولیے سے چہرے کو تھپتھپاتے ہوئے خشک کریں۔ اس کے بعد موئسچرائزر لگائیں۔ جب آپ کے چہرے کا درجہ حرارت کمرے کے مطابق ہوجائے تو دوبارہ ۳۰؍ سیکنڈ کے لئے چہرے کو برف کے پانی میں ڈبوئیں۔ ایسا آپ دن میں ۲؍ بار ضرور کریں۔ اس سے آپ کے چہرے پر چمک آئے گی۔ آپ برف کے پانی میں چہرے ڈبونے کے بجائے ایک کاٹن کے کپڑے میں برف لپیٹ کر چہرے پر ہلکے ہاتھوں سے رگڑ بھی سکتی ہیں۔
آئس واٹر فیشل کے فوائد
 آئس واٹر فیشل چہرے کے مسام کو کھلنے میں مدد کرتا ہے۔ جلد میں لچک پیدا ہوتی ہے۔ یہ آنکھوں کے اطراف کی سوزش کو بھی کم کرتا ہے۔ اس سے چہرے کے مسام سکڑ جاتے ہیں جس سے میک اپ لگانے میں آسانی ہوتی ہے۔ یہ چہرے کا دوران خون بہتر بنانے میں مدد کرتا ہے۔ کیل مہاسے سے نجات ملتی ہے۔ بڑھتی عمر کے اثرات کو زائل کرتا ہے۔ جلد کو سورج کی تمازت سے پہنچنے والے نقصان کا ازالہ کرتا ہے۔ چکنی جلد کے لئے مفید ہے۔
چند باتوں کا دھیان رکھیں
آئس واٹر فیشل کرنے سے قبل کچھ باتوں کو دھیان میں رکھنا بہت ضروری ہے تاکہ اس سے منفی اثر نہ پڑے۔ آئس واٹر فیشل کرنے سے پہلے اپنی جلد کو اچھی طرح سے صاف کرلیں۔ کیونکہ برف کے پانی میں چہرہ ڈبونے سے ہمارے مسام سکڑ جاتے ہیں۔ ایسی صورت میں اگر جلد پر گندگی جمی ہوگی تو وہ ہمارے مسام کے اندر جمع ہوجائے گی۔
چہرے کی صفائی کے لئے نیم گرم پانی کا استعمال کریں۔ چہرے کو اچھی طرح سے صاف کرنے کے بعد ہی اس پر ٹھنڈے پانی کا استعمال کرنا چاہئے۔
چہرے پر برف کے ٹکڑوں کو براہ راست استعمال نہ کریں۔ انہیں ہمیشہ کسی نرم کپڑے میں لپیٹ کر ہی چہرے پر رگڑیں۔
چہرے کو ایک بار میں ۳۰؍ سیکنڈ سے زیادہ برف کے پانی میں ڈبو کر نہ رکھیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK