ممبئی میں بڑھتی ہوئی آلودگی کی وجہ سے ہماری صحت پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔
EPAPER
Updated: November 01, 2023, 12:15 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai
ممبئی میں بڑھتی ہوئی آلودگی کی وجہ سے ہماری صحت پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔
ممبئی میں بڑھتی ہوئی آلودگی کی وجہ سے ہماری صحت پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔ آلودگی کی وجہ سے سانس لینے میں دشواری، گلے میں خراش، پھیپھڑوں کے امراض جیسے کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس کی وجہ سے آنکھوں کو بھی کئی مسائل کا سامناکرنا پڑسکتا ہے۔ آنکھوں میں پانی آنا، لال پن، سوجن یا خارش جیسے مسائل ہو سکتے ہیں۔ اس لئے ضروری ہے کہ بڑھتی ہوئی آلودگی کے دوران ہم اپنی آنکھوں کا خاص خیال رکھیں ۔ یہاں جانئے آپ اپنی اور اپنے گھر والوں کی آنکھوں کا خیال کیسے رکھ سکتی ہیں ؟
صاف پانی سے دھونا
آلودگی کی وجہ سے آنکھوں میں دھول جمع ہوسکتی ہے۔ اس کی وجہ سے آنکھوں میں جلن یا خارش ہو سکتی ہے۔ اس لئے روزانہ اپنی آنکھوں کو صاف پانی سے دھوئیں تاکہ آنکھوں میں جمع ہونے والی گردوغبار اور گندگی صاف ہو سکے۔
گندے ہاتھوں سے مت چھونا
ہم جس چیز کو بھی چھوتے ہیں ، ان پر موجود جراثیم اور دھول ہمارے ہاتھ پر لگ جاتے ہیں۔ ہاتھوں کی صفائی کے بغیر آنکھوں کو چھونے سے انفیکشن ہو سکتا ہے۔ اس لئے ہاتھوں کو صابن سے اچھی طرح صاف کریں اور باہر جاتے وقت سینی ٹائزر کا استعمال کریں۔
آنکھیں نہ رگڑیں
آنکھوں کو رگڑنے سے آنکھوں میں خشکی اور سرخی کا خطرہ رہتا ہے۔ اس لئے آنکھوں کو رگڑنے سے گریز کریں ۔ اس کے علاوہ آلودگی کی وجہ سے جمع ہونے والی دھول اور گندگی کارنیا کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔
آئی ڈراپ کا استعمال کریں
آلودگی کی وجہ سے آنکھیں خشک ہو سکتی ہیں ۔ لہٰذا، آپ اپنے ڈاکٹر سے مشورہ کرنے کے بعد آنکھوں کے قطرے یا آئی ڈراپ کا استعمال کرسکتے ہیں۔ یہ آپ کی آنکھوں کو نمی فراہم کرتا ہے اور خشکی کے مسئلے سے بھی بچاتا ہے۔ اس کے علاوہ، یہ انفیکشن کے خطرے کو بھی کم کرتا ہے۔
دھوپ کے چشمے
آلودگی سے بچنے کیلئے باہر نکلتے وقت ماسک یا اسکارف کا استعمال کریں تاکہ آپ کے پھیپھڑے محفوظ رہیں ۔ اسی طرح باہر جاتے وقت آنکھوں کو آلودگی سے بچانے کیلئے سن گلاسیز کا استعمال کریں ۔ یہ آپ کی آنکھوں کو یو وی شعاعوں کے ساتھ ساتھ دھول سے بھی بچاتا ہے جس کی وجہ سے انفیکشن کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔
ڈاکٹر کے پاس جائیں
آنکھوں کے کسی بھی مسئلے کی صورت میں فوری طور پر ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔ اگر بروقت علاج نہ کیا جائے تو مسئلہ بڑھ سکتا ہے۔ اس لئے آنکھوں میں ہونے والی کسی بھی قسم کی پریشانی کو نظر انداز نہ کریں۔
موبائل فون سے دوری
آنکھوں میں انفیکشن ہونے پر موبائل فون کا استعمال بالکل نہ کریں ، اس سے آنکھوں پر زور پڑ سکتا ہے۔ اگر موبائل فون پر کوئی ضروری کام کرنا ہے تو اتنی ہی دیر استعمال کریں۔