مہندی کا جادو آج بھی سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ آج بھی اسی کی مدد سے کسی بھی خاص موقع کو مزید خاص بنایاجاتا ہے۔
EPAPER
Updated: October 10, 2023, 12:18 PM IST | Odhani Desk | Mumbai
مہندی کا جادو آج بھی سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ آج بھی اسی کی مدد سے کسی بھی خاص موقع کو مزید خاص بنایاجاتا ہے۔
مہندی کا جادو آج بھی سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ آج بھی اسی کی مدد سے کسی بھی خاص موقع کو مزید خاص بنایاجاتا ہے۔ گیلی گیلی مہندی کی خوشبو اور پھر اسے ہاتھوں پر لگا کر پوری رات اس انتظار اور تجسس میں کاٹنا کہ پتہ نہیں رنگ کیسا چڑھے گا؟ یہ منفرد تجربہ اور احساس ہوتا ہےجسے لفظوں میں بیان کر نا مشکل ہے۔ یہ پہلے کے دور میں ہوتا تھا ، آج بھی ہوتا ہے۔ بچی سے لڑکی کا سفر طے کرنے والیاں بتاتی ہیں کہ مہندی لگاکر اس کے سوکھنے کے انتظار کا لطف ناقابل بیان ہے۔ بچپن میں اس کا ایک الگ ہی سرور ہوتا ہے جو بھلائے نہیں بھولتا ہے۔ عمر بھر یاد رہتا ہے۔ ویسے عمر کے ہر مرحلے میں مہندی کا رنگ بھا تا ہے۔ پرانے وقتوں میں بچیاں مہندی لگوانے کا شوق یوں پورا کرتی تھیں کہ محلے پڑوس کی کسی لڑکی کے گرد سب جمع ہوجاتی تھیں ، ایسی لڑکیوں کو ’باجی‘ کہتی تھیں۔ یہ باجیاں اگر سگی ہوتی تھیں تو بچیاں ایک دو بار مہندی لگوانے کیلئے سال بھر اُن کی بات مانتی تھیں اور بھولے سے ان کی ناراضگی مو ل نہیں لیتی تھیں۔ اگر وہ کبھی کبھار ناراض ہو جاتیں تو یہی دھمکی دیتی تھیں کہ اس بار عید پر مہندی نہیں لگاؤں گی۔ یہ دھمکی کتنی تکلیف دہ ہوتی ہے ؟ اسے بیان نہیں کیا جاسکتا، باجیاں مان جاتیں تو ٹھیک ، ورنہ انہیں منانے کیلئے دادیوں سے بھی سفارش کروائی جاتی تھی۔ اس دور میں مہندی لگانے والی باجیوں کے پاس یوٹیوب تھا اورا نسٹا گرام نہیں تھا، مہندی ڈیزائن کی کوئی کتاب نہیں تھی ، وہ اپنی سمجھ بوجھ کے مطابق ڈیزائن بنا دیتی تھیں جو اس دورکے ڈیزائن کے برعکس ہوتے تھے، موٹی موٹی اور بڑی بڑی لکیریں ہوتی تھیں لیکن اُس وقت کا یہی رواج تھا اور اگر کچھ سمجھ نہ آتا تو دادی، امی سے یا بڑی بہن سے سادہ سی ٹکی بنوا لیا کرتی تھیں۔ بہت چھوٹی تھیں تو یہی ٹکی پورے گھر والوں کو دکھاتی تھیں۔ پھر جب بچیاں بڑی ہوگئیں تو یہ دنیا بہت بدل گئی۔ بہت سی لڑکیوں نے مہندی لگانے کا فن سیکھا اور بطور شوق اسے دوسروں پر آزمایا بھی۔ یہ سب کچھ ہوگیا مگر مہندی کی مقبولیت میں کمی نہیں آئی۔ اب تو شہروں میں مہندی لگانا ایک باضابطہ پیشہ بن گیا ہے۔
وقت کے ساتھ ساتھ مہندی کے ڈیزائن میں بھی جدت آتی جارہی ہے۔ ماہرین کے مطابق اس دور کی خواتین باریک مہندی زیادہ پسند کر رہی ہیں۔ خواتین کو ہندوستانی ڈیزائن زیادہ پسند آتے ہیں جو باریک اور دکھنے میں زیادہ خوبصورت لگتے ہیں۔ عربی اور سوڈانی ڈیزائن کی بھی مقبولیت کم نہیں ہے، ان کی بھی قدرداں ہر جگہ ہیں۔