• Fri, 12 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

”آئی شو اسپیڈ“ نے لائیو اسٹریم پر روبوٹ انفلوئنسر ”رِز بوٹ“ کو مبینہ طور پر مکا مارا، مقدمہ درج

Updated: December 11, 2025, 8:01 PM IST | Washington

رزبوٹ کی مالک کمپنی ’سوشل روبوٹکس‘ نے آئی شو اسپیڈ پر ۱۰ لاکھ ڈالر کا مقدمہ دائر کیا اور الزام لگایا کہ یوٹیوبر نے محض تفریح کیلئے جان بوجھ کر جدید اور سینسرز سے لیس روبوٹ کو نقصان پہنچایا۔

IShowSpeed and Rizzbot. Photo: X
آئی شو اسپیڈ اور رزبوٹ۔ تصویر: ایکس

مشہور امریکی یوٹیوبر ”آئی شو اسپیڈ“ IShowSpeed پر لائیو اسٹریم کے دوران روبوٹک انفلوینسر ”رِزبوٹ“ (Rizzbot) کو مبینہ طور پر مکا مارنے، اسے پٹخنے اور گلا گھونٹنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق، یہ واقعہ ستمبر میں پیش آیا جس کے بعد اس روبوٹ کی مالک کمپنی ’سوشل روبوٹکس‘ نے یوٹیوبر پر ۱۰ لاکھ ڈالر کا مقدمہ دائر کیا ہے۔ نومبر میں دائر کئے گئے اس مقدمے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ آئی شو اسپیڈ، جن کا اصل نام ڈیرن جیسن واٹکنز جونیئر ہے، نے محض تفریح کیلئے جان بوجھ کر جدید اور سینسرز سے لیس روبوٹ کو نقصان پہنچایا۔

درخواست کے مطابق، آئی شو اسپیڈ بخوبی جانتے تھے کہ ایک روبوٹ کے ساتھ اس طرح کا برتاو کرنا مناسب نہیں ہے۔ کمپنی نے الزام لگایا کہ یوٹیوبر کی پرتشدد کارروائی نے رِز بوٹ کے سسٹم کو ”ناقابل تلافی نقصان“ پہنچایا ہے۔ سوشل روبوٹکس کا کہنا ہے کہ روبوٹ کے سر پر نصب کیمرے اب کام نہیں کر رہے ہیں، گردن کے پیچھے کے اہم سینسر پورٹس ”بے کار“ ہو چکے ہیں اور یونٹ اب غیر مستحکم ہے اور مناسب طریقے سے چل نہیں سکتا۔ مقدمے میں یوٹیوبر کا وائرل ہونے والا ویڈیو خود ایک مرکزی ثبوت بن کر سامنے آیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق، ستمبر میں آئی شو اسپیڈ، طنز و روسٹ اور لوگوں کو انگلی دکھانے کیلئے مشہور روبوٹ رِز بوٹ کے ساتھ لائیو اسٹریم کر رہے تھے۔ گفتگو کے دوران، روبوٹ انہیں طعنے دے رہا تھا جس کی وجہ سے آئی شو اسپیڈ ناراض ہوگئے۔ وہ روبوٹ پر جسمانی طور پر حملہ آور ہوئے اور انہوں نے روبوٹ کو صوفے پر پٹخا اور مختصر طور پر اس کا گلا گھونٹ کر جواب دیا۔

یہ بھی پڑھئے: کولکاتا: گیتا پاٹھ کی تقریب میں نان ویج فروخت کرنے پر مسلم دکانداروں پر مبینہ طور پر حملہ کیا گیا

واضح رہے کہ آئی شو اسپیڈ کے پانچ کروڑ سے زیادہ فالوورز ہیں۔ ان کے فٹبال پر مبنی لائیو اسٹریمز میں مشہور فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اور زلاٹن ابراہیمووچ جیسے ستارے دکھائی دیئے ہیں۔ جبکہ رِز بوٹ کے سوشل میڈیا پر دس لاکھ سے زیادہ فالوورز ہیں۔ اس نے سوشل میڈیا کے اولین ”روبوٹ انفلوینسرز“ میں سے ایک ہونے کی وجہ سے شہرت حاصل کی۔ وہ اپنی بے ادب شخصیت اور مبالغہ آمیز انداز کیلئے مقبول ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK