عیدالاضحیٰ کو ۲؍ دن باقی رہ گئے ہیں۔ بیشتر خواتین کی تیاریاں شروع ہوچکی ہوں گی۔ جن گھروں میں قربانی ہوتی ہے وہاں خواتین کی ذمہ داریاں بڑھ جاتی ہے۔ قربانی کا گوشت سنبھالنا، بانٹنا اور پھر پکانا اور آنے جانے والوں کی خاطر مدارت کرنا، خواتین کے اہم کام ہوتے ہیں۔
عید کے پکوانوں کیلئے مسالے پہلے تیار کرلیں۔ تصویر: آئی این این
عیدالاضحیٰ کو ۲؍ دن باقی رہ گئے ہیں۔ بیشتر خواتین کی تیاریاں شروع ہوچکی ہوں گی۔ جن گھروں میں قربانی ہوتی ہے وہاں خواتین کی ذمہ داریاں بڑھ جاتی ہے۔ قربانی کا گوشت سنبھالنا، بانٹنا اور پھر پکانا اور آنے جانے والوں کی خاطر مدارت کرنا، خواتین کے اہم کام ہوتے ہیں۔ اگر آپ یہ تمام کام خوش اسلوبی سے انجام دینا چاہتی ہیں تو پہلے سے تیاری کر لیں۔ سب سے پہلے گھر کی تفصیلی صفائی کرلیں۔ عید کی مناسبت سے سجاوٹ کریں۔ عیدالاضحی کے موقع پر باورچی خانہ کے امور زیادہ توجہ چاہتے ہیں۔ اس لئے گوشت کے لئے علاحدہ برتن نکال لیں۔ پہلے سے لسٹ بنا لیں کہ آپ کو کس کس کو گوشت تقسیم کرنا ہے۔ ایک دن پہلے بازار سے شاپر بیگ لا کر رکھیں اور ان پر نام کی چٹ لگا لیں۔ قربانی کے گوشت کے عموماً تین حصے ہوتے ہیں، ایک اپنے گھر کے لئے، ایک رشتے داروں کے لئے اور ایک ضرورتمندوں کے لئے۔ گوشت کی تقسیم اسی طرح ہی کریں۔ ضرورتمندوں کو فراموش نہ کریں۔
چونکہ بیشتر گھروں میں قربانی کے گوشت فریج میں محفوظ کئے جاتے ہیں اس لئے عید سے قبل فریج کی صفائی کرلیں۔ کیونکہ فریج کی صفائی اور دیکھ بھال کا خیال نہ رکھا جائے تو نہ صرف بدبو پیدا ہوتی ہے بلکہ گوشت بھی جلد خراب ہوسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: بچوں کو مطمئن، پُرسکون اور بااعتماد بنانے کی ضرورت
فریج کی اندرونی صفائی کے لئے نیم گرم پانی میں ہلکا صابن، لیموں کا رس اور تھوڑا سا بیکنگ سوڈا شامل کرکے نرم کپڑے سے صفائی کی جائے۔ یہ طریقہ نہ صرف داغ دھبے ختم کرتا ہے بلکہ اندر موجود جراثیم اور ناگوار بو کو بھی کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ صفائی کے بعد خشک کپڑے سے فریج کو اچھی طرح صاف کرنا ضروری ہے تاکہ نمی باقی نہ رہے۔
گوشت کو فریج میں رکھنے سے پہلے اچھی طرح دھو کر پانی خشک کرلیا جائے اور پھر چھوٹے چھوٹے پیکٹس میں تقسیم کرکے رکھا جائے۔ اس طرح ضرورت کے مطابق گوشت نکالنا آسان رہتا ہے اور بار بار پورا گوشت باہر نکالنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔ گوشت کو ایئر ٹائٹ زیپ لاک بیگز یا ڈبوں میں رکھنا زیادہ بہتر سمجھا جاتا ہے کیونکہ اس سے خون یا بو فریج میں نہیں پھیلتی۔
قربانی کے گوشت سے لذیذ پکوان تیار کئے جاتے ہیں۔ اس لئے ابھی سے پکوانوں کی تیاری کرلیں۔ جیسے کہ بریانی، قورمہ، نہاری وغیرہ کے مسالے تیار کئے جاسکتے ہیں۔ پیاز فرائی کرکے رکھی جاسکتی ہے۔ ادرک لہسن خرید کر چھیل لیں اور علاحدہ علاحدہ پیس کر انہیں ہوا بند ڈبے میں محفوظ کرلیں۔ اس سے عید کے دن مختلف پکوان تیار کرنے میں آسانی ہوگی۔
یہ بھی پڑھئے: جس نے نعمت کی قدر نہ کی، اُس نے خود کو خسارے میں ڈال لیا
چونکہ عید کے موقع پر آس پڑوس اور رشتہ دار ملنے کے لئے آتے ہیں اس لئے ان کی خاطر مدارت کے لئے بھی پیشگی کی تیاریاں کرلیں۔ دسترخوان، پلیٹ، چمچے، گلاس اور دیگر برتن نکال لیں۔ کون کون سے پکوان بننے والے ہیں وہ پہلے سے طے کرلیں۔ پکوانوں کی ابتدائی تیاری سے وہ جلد تیار ہوجائیں گے اور آپ کو مہمانوں کے ساتھ بیٹھنے کا بھی موقع مل جائے گا۔ چونکہ بقرعید کے موقع پر گوشت کے مختلف پکوانوں کا لطف اٹھایا جاتا ہے، اس لئے بہتر ہوگا کہ اعتدال کا دامن تھامیں تاکہ خوشی کے اس موقع کو صحت بخش انداز میں منایا جاسکے۔
گھر کے ساتھ ساتھ اطراف کی صاف صفائی پر توجہ دیں۔ آس پاس فنائل کا چھڑکاؤ کریں تاکہ مکھی مچھر دور رہیں۔ ساتھ ہی اسٹیٹس لگاتے وقت محتاط رہیں۔ دکھاوے سے گریز کریں تاکہ کسی کی دل آزاری نہ ہو۔