Inquilab Logo

مالیگاؤں کےنوجوان نے آسٹریلوی یونیورسٹی سے ۲؍ماسٹرز پروگرام میں امتیازی کامیابی حاصل کی

Updated: March 17, 2021, 11:32 AM IST | Mukhtar Adeel

ہائی اسکول تک اردو میڈیم سے تعلیم حاصل کرنے والے ۲۶؍سالہ عبداللہ خان نےاعلیٰ تعلیم حاصل کرتے ہوئے ملازمت بھی کی اور ثابت کردیا کہ لگن ہوتو سب کچھ ممکن ہے

Abdullah Khan Malegaon
عبداللہ خان مالیگاؤں

مالیگاؤں کے ۲۶؍ سالہ نوجوان نے آسٹریلیا میں اپنے شہر اور ملک کا نام روشن کیا ہے۔ عبداللہ  عبدالعظیم خان نے آسٹریلیا کے برسبین شہر میں واقع جیمس کک  یونیورسٹی سے بیک وقت دو ماسٹرز پروگرام امتیازی نمبرات سے مکمل کئے ہیں۔ قابل ذکر بات یہ بھی ہے کہ عبداللہ کی ابتدائی تا ہائی اسکول تعلیم اردو میڈیم  سے ہوئی ہے، اس تناظر سے دیکھیں تو ان کی یہ حصولیابی اردو میڈیم کے طلبہ کے لئے بھی ترغیب وتحریک سے بھرپور ہے۔
   تفصیلات کے مطابق  عبداللہ خان نے ماسٹر آف انجینئرنگ (ایم  ای) اور ماسٹر آف بزنس ایڈمنسٹریشن (ایم بی اے) کورسیز امتیازی نمبرات  سے کامیاب کئے ہیں۔   ان کی اس شاندار کامیابی پر جہاں  اہل خانہ و رشتہ دار نے فخر و مسرت کا اظہار کیا وہیں اہل مالیگاؤں بھی خوش ہیں۔
  عبداللہ خان کے والد عبدالعظیم خان جو بامبے ہائیکورٹ کے معروف و منجھے ہوئے وکیل ہیں نے انقلاب سے بات چیت کے دوران  پرمسرت لہجے میں بتایا کہ ’’میرے  فرزند  عبداللہ خان نے امسال آسٹریلیا کی سرکاری یونیورسٹی سے بیک وقت ماسٹر آف انجینئرنگ اور ماسٹر آف بزنس ایڈمنسٹریشن  میں امتیازی درجہ میں کامیابی حاصل کرکے  ملک اور قوم و ملت کا نام روشن کیا ہے۔‘‘
 معلوم ہوکہ انجینئر عبداللہ خان نے ابتدائی تعلیم  مالیگاؤں میں ہی اردو  میڈیم سے حاصل کی ہے۔ انہوں نے پری پرائمری  (شیخ عبدالودود اسکول) تعلیم سے لے کر ہائی اسکول و جونیئر کالج (اے ٹی ٹی ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج)تک  ہمیشہ فرسٹ کلاس سے کامیابی حاصل کی ہے۔ بارہویں کے  دوران ہی بیرون ملک اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا خواب دیکھا اور ڈاکٹر ڈی وائے پاٹل کالج آف انجینئرنگ پونے  سے بیچلر  آف انجینئرنگ(بی ای) کرنے کے بعدعبداللہ نے آسٹریلوی یونیورسٹی کا کا داخلہ امتحان دیا اور کامیاب رہے۔  قابل ذکر ہے کہ عبداللہ اپنی کارکردگی کے دَم پر ۳۰؍ فیصد مفت اسکالر شپ  کے بھی حقدار بنے اور یوں انہوں نے بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے کے خواب کو حقیقت میں بدلا اور وہاں پہنچ کر دونوں ہی کورسیز کی پڑھائی دلجمعی سے کی اور فائنل ایئر میں امتیازی نمبرات سے کامیاب ہوئے۔  اتنا ہی نہیں ماسٹر آف انجینئرنگ اور ماسٹر آف بزنس ایڈمنسٹریشن کی تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ عبداللہ خان نے وہاں  ملازمت بھی کی  تاکہ والدین پر اخراجات کا زیادہ بوجھ نہ ہو۔ اس طرح  انہوں  نے یہ بھی ثابت کردیا کہ اگر لگن اور سچی محنت ہو تو کام اور تعلیم دونوں ایکساتھ ممکن ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK