Inquilab Logo Happiest Places to Work

ملئے ۵۳؍سالہ شخص سے جس نے۷۹۲؍ آن لائن کورس مکمل کئے

Updated: November 29, 2023, 12:01 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

روی سرینیواس راؤ نے ثابت کردیا کہ سیکھنے کی کوئی عمر نہیں ہوتی۔ یہ کارنامہ راؤ نے ۲۰۲۰ء سے اب تک کے دورانیہ میں انجام دیا ہے۔

Srinivas Rao credentials, he wants to complete 1,000 online courses. Photo: INN
سرینیواس راؤ اسناد کے ساتھ، وہ ایک ہزار آن لائن کورسیز مکمل کرنا چاہتے ہیں۔ تصویر : آئی این این

ایک ایسی دنیا میں جہاں لوگ عمر کو سیکھنے کی راہ میں رکاوٹ سمجھتے ہیں وہاں  ۵۳؍ سالہ روی سرینیواس راؤ نے آن لائن لرننگ کے معاملے میں ایک انوکھا کارنامہ انجام دیا ہے۔ حصول علم کے شوق میں راؤ نے ۲۰۲۰ء  سے اب تک تقریباً ۷۹۲؍ آن لائن کورسیز مکمل کرلئے ہیں ۔ انہوں  نے قومی سطح سے لے کر عالمی سطح کے تعلیمی اداروں سے یہ کورسیز کئے ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ انہوں نے اپنے لئے ایک ہزار آن لائن کورسیز سیکھنے کا ہدف رکھا ہے۔
 تفصیلات کے مطابق راؤ نے کیمبرج ڈیجیٹل یونیورسٹی، اسٹین فورڈ یونیورسٹی ، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن، ایم آئی ٹی جیسے اداروں کے آن لائن کورسیز مکمل کئے ہیں ۔ اتنا ہی نہیں  انہوں  نے کیمبرج ڈیجیٹل یونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ بھی مکمل کیا ہے۔ انہوں نے ’ڈیجیٹل ڈسکرپشن اِن دی ہیلتھ کیئر انڈسٹری‘ کے موضوع پر اپنا تحقیقی مقالہ پیش کیا تھا۔ روی سرینیواس راؤ اپنی اس حصولیابی کے ذریعہ مشعل راہ بن گئے ہیں ، بالخصوص انہوں  نے نوجوان نسل کو پیغام دیا ہےکہ اگر سیکھنے کا شوق اور تمنا ہو تو پھر آپ دنیا کا ہر علم سیکھ سکتے ہیں۔ 
 نیو انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق ۵۳؍ سالہ روی سرینیواس راؤ بنیادی طور پر آندھرا پردیش کے پراکسم ضلع کے بوڈووری پالیم گاؤں کے رہنے والے ہیں ۔ ان کا گھرانہ کاشتکاری کے پیشہ سے منسلک ہے ۔ راؤ نے ۱۹۹۳ء میں ڈیری سائنس میں  گریجویشن مکمل کیا اور اس کے بعد وہ کیڈیلا فارما میں بطور ایم آر منسلک ہوگئے۔ بعد میں وہ ہاسپٹل مینجمنٹ کے شعبے سے جڑے اور نیلور، اونگول اور کرنول کے متعدد اسپتالوں میں اپنی خدمات انجام دیں ۔ فی الحال وہ وجئے واڑہ کے رینبو ہاسپٹل میں کلسٹر ہیڈ کے طور پر سرگرم ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ علم کا اتنا شوق رکھنے والے راؤ نے اپنے بچوں  کو بھی اعلیٰ تعلیم سے آراستہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ راؤ کے بڑے بیٹے یشونت ڈاکٹر ہیں اور بطور پیڈیاٹریشن اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں جبکہ دوسرے بیٹے کرن نے آئی آئی ٹی پٹنہ سے بی ٹیک مکمل کیا ہے اور اس وقت ڈیٹا سائنٹسٹ کے طور پر ملازمت کررہے ہیں۔ 
 راؤ نے ایک سوال کے جواب میں  بتایا کہ ’’جب میں نے آن لائن کورسیز کی پڑھائی شروع کی تو میرے بچوں نے میرا حوصلہ بڑھایا۔ انہوں نے میری رہنمائی بھی کی۔ آج میں نے جو کچھ بھی سیکھا ہے ، اس میں  میرے بچوں اور اہلیہ کا بہت تعاون حاصل رہا۔ میں  نے اب تک ۷۹۲؍ کورسیز مکمل کرلئے ہیں۔ میرا ٹارگیٹ کم ازکم ایک ہزار آن لائن کورسیز سیکھنا ہے۔ اس کے ذریعہ میں  یہ ثابت کرنا چاہتا ہوں کہ انسان کے لئے دنیا میں کچھ بھی ناممکن نہیں ہے، شرط یہ ہے کہ وہ اپنے خواب یا ہدف کے لئے وقت اور توانائی پوری توجہ کے ساتھ صرف کرے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK