Inquilab Logo

عید کی آمد آمد ہے، مکان کی آرائش و زیبائش ضروری ہے

Updated: April 03, 2024, 12:11 PM IST | Odhani Desk | Mumbai

آپ کا مکان جیسا بھی ہو، چھوٹا ہو یا بڑ ا اسے اپنے حساب سے سجایئے سنواریئے ، عید پر ایسا کیسے ہوسکتا ہے کہ آپ اور اہل خانہ تو خوب بنیں سنوریں ، چمکتے دمکتے اور زرق برق جوڑے پہنیں لیکن آپ کا مکان ہی یوں  ہی پڑا رہے، انواع واقسام کے پکوان کی خوشبو بھی اسی وقت بھلی معلوم ہوگی جب مکان سلیقے سے سجا ہوگا۔

The decoration of the house reflects your elegance and skill. Photo: INN
مکان کی سجاوٹ سے آپ کی سلیقہ مندی اور مہارت کا اظہار ہوتا ہے۔ تصویر : آئی این این

عید پر مکان کوسجا نا ضروری تصور کیا جا تا ہے۔ آپ کا مکان جیسا بھی ہو، چھوٹا ہو یا بڑ ا اسے اپنے حساب سے سجایئے سنواریئے، چار چاند لگائیے۔ عید پر ایسا کیسے ہوسکتا ہے کہ آپ اور اہل خانہ تو خوب بنیں سنوریں  ، چمکتے دمکتے اورزرق برق جوڑے پہنیں  لیکن آپ کا مکان ہی یوں   ہی پڑا رہے۔ کھنڈر بنار ہے۔ مزے مزے کےپکوان کی خوشبو بھی اسی وقت بھلی معلوم ہوگی جب مکان سلیقے سے سجا ہوگا لہٰذا عید کے دن کو رنگین اور یادگار بنانے کیلئے خود بھی بنئے سنوریئے اور اہل خانہ کو بھی سنوارئیے اور مکان کو بھی آراستہ کیجئے۔ 
عید میں شاید ہی کوئی ایسی خاتون ہو جسے اپنے مکان کو سجانے اور اسے خوب سے خوب تر بنانے کی فکر نہ رہتی ہولیکن بہت سی خواتین کے ساتھ ایسابھی ہوتا ہے کہ جب وہ اپنے مکان کی سجاوٹ اور اس کی ترتیب میں تبدیلی کے بارے میں سو چتی ہیں تو بہت سارے خیالات ان کے ذہن میں آتے ہیں جن سے وہ پریشان ہوجاتی ہیں، اس وقت ان کی سمجھ ہی میں نہیں آتا کہ کس طرح مکان کو سجایا جائے؟ ذیل میں مکان کو سجانے کے کچھ طریقےبتائے جارہے ہیں جن سے عید کا پرمسرت موقع کو بہت خاص بنایا جاسکتا ہے۔ 
عام طور پر رمضان کے دوسرے عشرے ہی میں مکان کی صفائی شر وع کردی جاتی ہے۔ تیسرے عشرے تک پرانے کپڑے، صوفے اور گدے وغیرہ کی صفائی مکمل ہوجاتی ہے، ا  کی گرد صاف کرلی جاتی ہے۔ پرانے فرنیچر کی ترتیب بدل دی جاتی ہے۔ خرا ب کپڑے چھانٹ دیئے جاتے ہیں۔ آخری عشرے میں مکان کی آرائش و زیبائش کی جاتی ہے۔ اسے بنایا سنوار ا جاتا ہے۔ 
 ڈرائنگ روم کی صفائی 
 عید پر کی جانے والی صفائی اور سجاوٹ بالکل مختلف ہوتی ہے۔ سب سے پہلے ڈرائنگ روم کی سجاوٹ کو مدنظر رکھا جاتا ہے، کیونکہ یہ مہمانوں کی نشست و برخاست کا اہم مرکز ہوتا ہے۔ کوشش کیجئے کہ ڈرائنگ روم میں یک رنگی کی جگہ دو رنگی آرائش ہو۔ پردے اور صوفوں کا رنگ کارپٹ سے ملتا جلتا ہے تو صوفوں اور پردوں کا رنگ بدل دیجئے۔ ایک جیسے گہرے اور ہلکے رنگ بھی بھلے معلوم ہوتے ہیں اور کنٹراس جو بھی کیجئے، اس میں ماہرین کی مدد لیجئے۔ اسی طرح ڈرائنگ روم میں  کرسیاں کچھ فاصلے پر رکھئے۔ ڈرائنگ بہت چھوٹا سا ہے تو اس میں آپ کارپٹ کے اوپرفلور کشنز رکھئے تو بہت دلکش لگے گا۔ 
صوفوں، پردوں اور کمرے کے رنگ میں ہم آہنگی
 صوفوں، پردوں اور کمرے کے رنگ میں ہم آہنگی بھلی لگتی ہے۔ ڈرائنگ روم یا کمروں کیلئے شو پیس آپ کے ذوق کے ترجمان ہونے چاہئیں۔ فرنیچر کمرے کی گنجائش کے مطابق ہی ترتیب دیجئے۔ آپ سلیقہ مندی کا مظاہرہ کریں  گی تو گلدان کے ساتھ ساتھ ٹشو بکس اور ایش ٹرے بھی ڈرائنگ روم کی رونق بڑھائیں گے۔ اسی طرح لیمپ، سینری اوروال کلاک کو بھی آرائش کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔ کسی بھی کمرے کی آرائش سے قبل اس کی صفائی ستھرائی خوب اچھی طرح کرلیجئے۔ جالے وغیرہ اتاردیجئے۔ کشن اور پردے نئے ہیں تو انہیں پریس کرلیجئے یا دھوکر پریس کرلیجئے۔ انہیں کہیں  حفاظت سے رکھ دیجئے، ایسی جگہ رکھئے جہاں بچے نہ پہنچیں۔ ان کی حفاظت کیجئے ۔ عید کے دن انہیں ان کی جگہ پر رکھ دیجئے۔ 
قدرتی اور فطری سجاوٹ
 گھر کی آرائش کیلئے عام طور پر مصنوعی یا حقیقی بیل بوٹے، پودے، گلدان، سینریاں، فانوس، لیمپ اور کچھ منفرد اشیاء بھی بھلی معلوم ہوتی ہیں لیکن مکان کی آرائش میں قدرتی اور فطری سجاوٹ طبیعت پرخوشگوار اثرات مرتب کرتی ہے۔ پیڑ پودے، بیل بوٹے، پھول پتی، خوشبو، قدرتی روشنی اور ہوا انسان کو مسحور کردیتی ہے۔ عید پر آرائش کرتے وقت مکان کیلئے قدرتی اور حقیقی اشیاء کا انتخاب کیجئے۔ 
 یہ تجر بہ بھی کرسکتےہیں 
آپ جابجا مختلف سدا بہار پھولوں کے گملے بھی رکھ سکتی ہیں۔ آپ اپنے ہاتھ سے بنی ہوئی چھوٹی چھوٹی چیزوں سے بھی مکان کی سجاوٹ کر سکتی ہیں، مثلا گھر میں اکثر اچار اور جام وغیرہ کی جو شیشیاں خالی ہو جاتی ہیں آپ ان میں پانی بھر کے منی پلانٹ کی چھوٹی چھوٹی شاخیں کاٹ کر لگائیے اور ان بوتلوں کو تار کی مدد سے یا تو دیوار پر لٹکا دیجئے یا پھر ٹیبل یا ریک پر رکھ دیجئے۔ 
کچن کی صفائی ستھرائی لازم ہے 
عید کے موقع پر کچن کو نہ بھولئے، اس کی صفائی ستھرائی سب سے اہم ہے، کیونکہ یہ آپ ہی کیلئے نہیں بلکہ اہل خانہ کی صحت کیلئے بھی ضروری ہے۔ اس لئے کچن کی بھی صفائی ستھرا ئی کیجئے۔ اس کے بغیر گھر کی صفائی نامکمل ہے۔ 
 اگر آپ ان باتوں کا خیال رکھتے ہوئے سجاوٹ کریں گی تو آپ کا سادہ اور چھوٹا سا مکان بھی دیکھنے والے کو بہت خوبصورت لگے گا اور آپ کو اپنے پکوان کی خوشبو بھی بھلی لگے گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK