• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

۵؍ باتیں: آپ کی زندگی کو آسان بنا سکتی ہیں

Updated: January 24, 2024, 2:35 PM IST | Odhani Desk | Mumbai

کسی بھی کام کو مسلسل انجام نہ دیں، اس سے آپ کی توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے۔ درست طریقہ یہ ہے کہ کوئی بھی کام ۲۵؍ منٹ تک کریں اور پھر ۵؍ منٹ کا وقفہ لیں۔ اس کے بعد اسی کام میں دوبارہ مصروف ہو جائیں۔ اس طریقے سے آپ کا ذہن بوجھل نہیں ہوگا۔

List your tasks and prioritize the important ones. Photo: INN
اپنے کاموں کی فہرست بنائیں اور اہم کاموں کو ترجیح دیں۔ تصویر : آئی این این

خواتین بیک وقت کئی ذمہ داریاں سنبھالتی ہیں۔ اپنے کام کو بحسن و بخوبی انجام دینے کے لئے انہیں کافی جدوجہد کرنی پڑتی ہیں۔ چند چھوٹی چھوٹی باتوں کا خیال رکھ کر وہ اپنی زندگی کو آسان بنا سکتی ہیں۔ خواتین اکثر اِن باتوں کو نظرانداز کر دیتی ہیں جس کی وجہ سے انہیں پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس مضمون میں ۵؍ باتوں کے بارے میں بتایا جا رہا ہے جو کارآمد ثابت ہوں گی:
(۱) اہم کاموں کی فہرست بنائیں 
 روزانہ آپ کو کون کون سے کام انجام دینے ہیں ؟ اس کی فہرست بنا لیں۔ اہم کاموں کو سب سے پہلے لکھیں۔ کون سا کام کیوں ضروری ہے؟ اس بارے میں چھوٹا سا نوٹ بھی لکھ دیں تاکہ آپ کو یاد رہیں۔ اس فہرست کو اپنی نظروں کے سامنے لگائیں۔ اس طریقے سے آپ کے ذہن پر کسی بھی کام کو یاد رکھنے کا بوجھ نہیں رہتا۔ 
(۲) توجہ ہٹانے والی سرگرمیوں سے دور رہیں 
 خواتین اکثر کسی کام کو کرنے کیلئے سوچتی ہیں اور اسی وقت موبائل فون پر کوئی نوٹیفکیشن آجاتا ہے تو اس کو چیک کرنے میں مصروف ہو جاتی ہیں۔ بعض دفعہ موبائل فون پر آدھا گھنٹہ گزر جاتا ہے۔ پھر انہیں اچانک یاد آتا ہے کہ فلاں کام کرنا تھا مگر اب دیر ہوچکی ہے یا کام کا بوجھ بڑھ جاتا ہے۔ اس صورتحال سے نمٹنے کے لئے آپ کو ذہنی انتشار کا سبب بننے والی چیزوں سے دوری اختیار کرنی ہوگی۔ کام کے دوران موبائل فون کو اپنی پہنچ سے دور رکھیں یا نوٹیفکیشن آف کر دیں۔ اگر موبائل فون پر ہی کوئی کام ہے تو صرف اپنا کام کرکے رکھ دیں۔ آپ اس طریقے پر عمل کرکے دیکھئے آپ کا کافی وقت بچ جائے گا اور کئی کام مکمل ہو جائیں گے۔ 
 اس کے علاوہ، خواتین کو اکثر بہت زیادہ باتیں کرنے کی عادت ہوتی ہیں۔ اس عادت کی وجہ سے کئی کام ادھورے رہ جاتے ہیں۔ اپنی اس عادت سے پیچھا چھڑا لیں۔ 
(۳) ۵؍ منٹ کا وقفہ
 کسی بھی کام کو مسلسل انجام نہ دیں، اس سے آپ کی توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے۔ درست طریقہ یہ ہے کہ کوئی کام بھی ۲۵؍ منٹ تک کریں اور پھر ۵؍ منٹ کا وقفہ لیں۔ اس کے بعد اسی کام میں دوبارہ مصروف ہو جائیں۔ اس طریقے سے آپ کا ذہن بوجھل نہیں ہوگا بلکہ آپ کم وقت میں زیادہ کام انجام دے پائیں گی۔ خواتین اکثر مسلسل گھر کی صفائی کرتی ہیں۔ یہ طریقہ غلط ہے۔ اس دوران ۵، ۵؍ منٹ کا وقفہ لیں، فرق آپ خود محسوس کریں گی۔ 
(۴) ’ناں ‘ کہنا سیکھیں 
 خواتین مسلسل کام کرتی رہتی ہیں۔ اس دوران اگر کوئی نیا کام آجائے تو اسے انکار کرنے کے بجائے بخوشی قبول کر لیتی ہیں۔ ایسا بالکل نہ کریں۔ خود پر کام کا بوجھ نہ ڈالیں۔ گھر کے کام مل بانٹ کر یں۔ 
(۵) منظم منصوبہ بندی
 اپنے وقت کا درست استعمال کریں۔ اکثر دیکھا جاتا ہے ہمارے اطراف کے گھروں میں صبح دیر سے اٹھتے ہیں۔ اس کی وجہ سے پورے دن کے معمولات بگڑ جاتے ہیں۔ بہتر ہے اپنی زندگی کو منظم کریں۔ صبح جلدی اٹھیں اور گھر والوں کو بھی جلد اٹھنے کی تلقین کریں۔ اس طرح دوپہر تک آپ کے گھر کے تقریباً سارے کام ہو جائیں گے۔ دوپہر سے شام تک کوئی ہنر سیکھیں، بچوں کی پڑھائی میں مدد کریں یا کوئی کورس جوائن کر لیں۔ 
چند توجہ طلب باتیں 
ہر کام میں سنجیدگی اہمیت رکھتی ہے۔ لہٰذا وقت کے حوالے سے سب سے پہلے سنجیدہ ہو جائیں کیونکہ اس کے بعد ہی ہر کام وقت پر ہو گا۔ 
کسی کام کے چھوٹ جانے پر افسوس نہ کریں بلکہ اگلے دن کا انتظار کریں اور نئے جوش و جذبے کے ساتھ اس کام کو انجام دیں۔ 
ایک وقت میں ایک کام پر ہی توجہ دی جائے۔ اگرچہ بنیادی اصول یہ ہے کہ ایک وقت میں ایک کام ہی کیا جائے ورنہ عدم توجہی سے کام کا حرج ہوتا ہے لیکن بعض اوقات ایک وقت میں دو کام آسانی سے ہو جاتے ہیں۔ ایسی صورت میں اس وقت کو ہاتھ سے جانے نہ دینا چاہئے۔ 
کسی بھی کام کو سرانجام دینے میں جو سب سے سستا اور آسان طریقہ ہو اور جس سے آپ کا وقت بچ سکتا ہو، وہ اختیار کریں۔ مثلاً اگر کوئی کام کسی کو دو منٹ فون کرنے سے ہو سکتا ہے تو فوراً فون کرکے وہ کام کر لیں۔ 
دوسروں کی منفی تنقید پر اپنا وقت ضائع نہ کریں۔ البتہ تنقید کا مقصد آپ کی اصلاح کرنا ہے تو اسے بخوشی قبول کریں اور وہ غلطی نہ دہرائیں۔ 
مسائل پر توجہ دے کر وقت اور توانائی، دونوں ضائع نہ کریں۔ مسئلے کے حل پر توجہ دیں۔ 
دوسروں کی زندگی کے بارے میں جاننے میں اپنا وقت برباد نہ کریں۔ اپنی زندگی پر توجہ دیں اور اس کے معیار کو بہتر بنانے کی کوشش کریں۔ 
اہم بات، اپنے گھر والوں کو وقت دیں۔ زندگی بہت مختصر ہے اور وقت تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے جو ہنسی خوشی گزاریں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK