ہم اکثر ظاہری خوشیوں کے پیچھے بھاگتے ہیں۔ روپیوں کو ہی اصل دولت سمجھتے ہیں جبکہ ہماری زندگی میں کئی چیزیں ایسی ہیں جو اصل دولت ہیں جنہیں تلاش کرنا چاہئے اور ان کی قدر کرنی چاہئے۔ مخلص دوست اور محبت کرنے والے عزیز کا شمار بھی اِس میں ہوتا ہے جنہیں ہم اکثر فراموش کر دیتے ہیں۔
اگر آپ کی زندگی میں بے لوث محبت کرنے والے اپنے ہیں تو ان کی اہمیت سمجھئے۔ تصویر: آئی این این
ہماری زندگی میں روپیوں کی بہت زیادہ اہمیت ہے۔ ہمیں لگتا ہے کہ دولت ہوگی تو زندگی کی ہر سہولت حاصل کی جاسکتی ہے لیکن ایسا ہرگز نہیں ہے۔ ہماری زندگی میں کئی چیزیں ایسی ہیں جو اصل دولت ہیں جن پر ہم توجہ نہیں دیتے۔ اس مضمون میں اُن کا ذکر کیا جارہا ہے جن کی ہمیں قدر کرنی چاہئے۔
والدین
ہمارے پیدا ہوتے ہی جو سب سے پہلے رشتہ ہمارا بنتا ہے وہ ہمارے والدین کے ساتھ بنتا ہے۔ والدین وہ انسان ہوتے ہیں جو ہماری ہر خوشی اور غم کا خیال رکھتے ہیں۔ ہماری پرورش کرتے ہیں اور ہماری ہر ضرورت کو پورا کرتے ہیں۔ اس دنیا میں والدین کی جگہ کوئی بھی کبھی بھی نہیں لے سکتا اور نہ اُن کی کمی کو کبھی بھی کوئی بھی پورا کرسکتا ہے۔ والدین اِس زندگی کی سب سے قیمتی دولت ہے، انہیں کبھی فراموش نہ کریں۔ ان کی خدمت میں کبھی کمی نہ آنے دیں۔
دوست
ہماری زندگی میں دوست ہی ایک ایسا انسان ہوتا ہے جس سے ہمارا خون کا کوئی رشتہ نہیں ہوتا۔ دوست ایک دوسرے کی عزت اور بھروسہ کرتے ہیں۔ دوست سے ہم وہ ساری باتیں کرسکتے ہیں جو ہم کبھی اپنے گھر والوں سے بھی کر نہیں پاتے۔ دوستی کا احساس ایک میٹھا احساس ہے۔ دوست ہماری ہر خوشی اور غم میں شامل رہتا ہے۔ دوست بہت انمول ہوتے ہیں ان کی قدر کیجئے۔
محبت کرنے والے عزیز
اِس دُنیا میں ہمارے والدین ہی ہم سے سچی محبت کرتے ہیں۔ اس دُنیا میں جہاں دیکھو وہاں فریب دھوکہ ہی دھوکہ ہے۔ سارے چہرے بناوٹی اور نقلی ہیں۔ دُنیا کے لوگوں کا پیار بناوٹی اور نقلی ہے۔ اگر ہمارا کوئی عزیز یا رشتہ ہم سے محبت کرتا ہے تو اس نعمت کی قدر کیجئے۔
خوشی
ہر انسان کی زندگی میں خوشی اور غم آتے جاتے رہتے ہیں نہ ہی خوشی مستقل رہتی ہے اور نہ ہی غم۔ وقت اور حالات ہماری زندگی بدلتے رہتے ہیں۔ لیکن بعض دفعہ ہم غم کو خود پر اتنا حاوی کر لیتے ہیں کہ اپنی زندگی میں موجود چھوٹی چھوٹی خوشیوں کو دیکھ ہی نہیں پاتے۔ دراصل یہ چھوٹی چھوٹی خوشیاں ہی ہمیں زندگی میں آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتی ہیں۔ اس لئے ان خوشیوں کو تلاش کریں اور ان انمول دولت کو فراموش نہ کریں۔
صحت
اچھی صحت بہت ہی انمول دولت ہے۔ اچھی صحت انسان کی زندگی میں بہت ہی اہم رول ادا کرتی ہے۔ اچھی صحت رکھنے کے لئے ہم ہر اُس چیز کا دھیان رکھتے ہیں جیسے کھانے پینے کا، ورزش کا، نیند کا۔ اگر آپ صحتمند ہیں تو اس دولت کی قدر کریں۔
ایماندار افراد
اِس دُنیا میں بہت کم لوگ ایسے ملیں گے جو کہ ایماندار ہوں گے۔ آج کل تو دنیا میں ہر جگہ بے ایمانی، فریب ہی فریب دیکھنے کو ملتا ہے۔ وفا دار لوگوں کو ڈھونڈنا بہت ہی مشکل کام ہے۔ اگر آپ کے عزیز، رشتہ دار یا آس پاس ایسے لوگ موجود ہیں تو ان کی قدر کیجئے۔
سکون
ہماری زندگی میں سکون کا ہونا بے حد ضروری ہے۔ اگر سکون نہ ہو تو ہمارا دماغ پریشان رہتا ہے۔ انسان کی زندگی میں ہر چیز اور ہر کام اُس کے مطابق ہو تو وہ خوش رہتا ہے۔ سکون میں رہتا ہے۔ انسان کی زندگی میں اتار چڑھاؤ اور پریشانی آتی رہتی ہے۔ زندگی میں اگر سب کچھ ٹھیک ہے اور آپ پُرسکون ہیں تو اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیجئے اور اس انمول دولت کی قدر کیجئے۔
وقت
وقت اس ریت کی طرح ہوتا ہے جو ہمارے ہاتھ سے مٹھی سے ریت کی طرح پھسلتا جا رہا ہے۔ ہم جتنا چاہے کوشش کرے مٹھی بند کرلیں، روک لیں ہم اُسے روک نہیں سکتے۔ وہ ہاتھوں سے پھسل ہی جاتا ہے۔ وقت کا بھی یہی حال ہے۔ موجودہ دور میں ہم سے بیشتر لوگ وقت کی کمی کا رونا روتے ہیں۔ لیکن اگر آپ کا شمار ان لوگوں میں ہوتا ہے جو روزانہ اپنے لئے کچھ وقت نکالنے میں کامیاب ہوپاتے ہیں تو یقین جانئے یہ بیش قیمتی دولت ہے۔ اس انمول دولت کا درست استعمال کیجئے۔
نیند
اگر آپ بستر پر لیٹتے ہی نیند کی آغوش میں چلے جاتے ہیں تو جان لیجئے یہ بیش قیمتی دولت ہے۔ اس نعمت کا شکر ادا کیجئے۔
اگر ہم میں سے کسی کے پاس ان ساری چیزوں میں سے سبھی چیزیں آپ کے پاس ہیں تو آپ دنیا کے خوش قسمت انسان ہیں۔ انہیں سنبھال کر رکھیں کیونکہ یہ چیزیں اگر کھو گئی تو آپ اِسے دوبارہ چاہ کر بھی، لاکھوں روپے دینے کے بعد بھی اِسے خرید نہیں سکتے۔ اسلئے ان کی عزت کریں اور ان کا خیال رکھیں۔ خوش رہیں اور خوشیاں بانٹیں۔