سرد موسم میں اگرچہ بڑوں کی بھی آزمائش ہوتی ہے ، مگر چھوٹے بچوں کے لئےتو یہ موسم نقصان دہ بھی ہوسکتا ہے۔ بچوں کی جلد بہت حساس ہوتی ہے اور اگر سردی زیادہ ہو تو بچوں کو زیادہ حفاظت کی ضرورت ہوتی ہے۔ ملاحظہ کیجئے یہ مضمون جس میں بچوں کو سردی سے بچانے کے لئے کچھ نکات پیش کئے گئے-
موسم سرما میں بچوں کی دیکھ بھال۔ تصویر:آئی این این
بدلتے ہوئے موسم کے کچھ تقاضے ہوا کرتے ہیں۔ سرد رُتوں کی آمد پر صرف گرم کپڑے پہنے سے اس کی حشر سامانیوں سے نہیں بچا جاسکتا۔ آپ کو بچوں کو موسم کی شدت سے بچانے کے لئےاور بھی بہت کچھ کرنا ہوگا۔ مثلاً رات کو سونے سے پہلے ان کے سرسوں کے تیل سے مالش کریں اور دن کے وقت دھوپ ضرور سینکوائیں، تاکہ وہ سردی کے اثرات سے محفوظ اور صحت مند رہیں۔ یہ درست ہے کہ بہت چھوٹے بچے زیادہ اور خصوصی توجہ اور دیکھ بھال چاہتے ہیں۔
ایک ماں کے لئےیہ بہت مشکل کام ہوتا ہے کہ وہ اپنے بچے کو سرد موسم کے منفی اثرات سے اور اس موسم کے دوران درپیش بیماریوں سے بچا کر رکھے۔ اکثر مائیں سردیوں میں پریشان ہو جاتی ہیں ، کیوں کہ اس موسم میں بچے کو نسبتاً زیادہ حفاظت کی ضرورت ہوتی ہے۔ عموماً نوزائیدہ اور چھوٹے بچے آسانی سے سردیوں میں ٹھنڈ کا شکار ہو جاتے ہیں، تاہم یہ کوئی ایسا مسئلہ نہیں ہے کہ بہت زیادہ پریشان ہواجائے۔ بس ذرا درست اقدامات کر لئے جائیں تو مسئلہ آسانی سے حل ہو جاتا ہے۔مندرجہ ذیل میں اسی حوالے سے کچھ کار ٹوٹکے پیش ہیں، جن پر عمل کر کے مائیں اپنے بچو ںکو صاف ستھرا، خوش اور صحت مند رکھ سکتی ہیں۔ چونکہ بچوں میں بیماریوں کے خلاف لڑنے کی طاقت کم ہوتی ہے، اس لئےانھیں ہر موسم میں بہر حال خاص دیکھ بھال کی ضرورت ہوتی ہے۔
سردیوں میں گرم یا نیم گرم پانی سے غسل تازگی بخشتا ہے اور مزاج پر بھی خوش گوار اثرات مرتب کرتا ہے، خصوصاً بچے سردیوں میں نہانے سے کتراتے ہیں، اب یہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ انہیں روزانہ نہلائیں، تاکہ وہ صاف ستھرے رہیں۔ ایسا صابن استعمال کیجیے، جو بچوں کی جلد کی مناسبت سے تیار کیا گیا ہو۔ بچوں کی جلد کی نمی برقرار رکھنے کے لئےنہلانے کے بعد ان کے جسم کو خشک کرکے بے بی لوشن یا کولڈ کریم ضرور لگائیں، تاکہ جلد کی نمی برقرار رہ سکے اور خشک جلد پریشان نہ کرے۔ غسل کے بعد بچے کو کچھ دیر کے لئے دھوپ لگائیں تاکہ وہ ٹھنڈ کے اثرات سے محفوظ رہیں۔
بچے کو ٹھنڈ سے محفوظ رکھنے کے لئےگرم کپڑوں کا مسلسل استعمال نہ کریں۔ اس سے پسینہ آتا ہے اور پھر پسینے میں ہوا لگتی ہے، جس کی وجہ سے اس بات کا امکان رہتا ہے کہ بچہ ٹھنڈ کا شکار ہو جائے گا۔ البتہ سردی میں خصوصاً شام یا رات کے وقت باہر جانے سے پہلے بچے کو گرم کپڑے ضرور پہنائیں، کانوں اور سر کو لپیٹ کر رکھیں اور پیروں میں موزے پہنائیں۔ یاد رکھیں سردی ہمیشہ کان اور پیروں کی وجہ سے جسم کو متاثر کرتی ہے۔
بلا شبہ سرد موسم میں بچے کو مناسب گرم ملبوسات پہنانا اچھی بات ہے، مگر یہ اس قدر گرم نہ ہوں کہ پسینہ آنے لگے۔ بچوں کی جلد کی مناسبت سے نرم گرم ملبوسات بالکل ٹھیک رہتے ہیں کیوں کہ سرد موسم میں بچے کی جلد اور بھی حساس ہو جاتی ہے۔ چلنے پھرنے والے بچوں کو ٹائٹس پہنائیں، تاکہ ان کی ٹانگیں خشک ہونے اور پھٹنے سے محفوظ رہیں۔ چھوٹے بچے عموماً سردیوں میں پتلون پہنتے ہیں، اس سے اُن کی ٹانگیں گرم رہتی ہیں اور وہ ٹھنڈ کے اثرات سے محفوظ رہتی ہیں۔ اس کے علاوہ سردیوں میں بچے کو موزے ضرور پہنائیں۔
سرد موسم اگرچہ بڑوں کی جلد کے لئےبہت پریشان کُن ہوتا ہے، مگر چھوٹے بچوں کے لئےتو یہ موسم بہت زیادہ ہی نقصان دہ ثابت ہوتا ہے۔ بچوں کی جلد بہت حساس ہوتی ہے اور اگر سردی زیادہ ہو تو بچوں کو زیادہ حفاظت کی ضرورت ہوتی ہے۔ سرد موسم جلد کو خشک کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی قدرتی لچک کو بھی متاثر کرتا ہے۔ کچھ احتیاطی تدابیر کو اپنا کر مائیں مذکورہ بالا مسائل سے بچ سکتی ہیں۔ مثلاًبچے کو نہلانے کے بعد فوراًگھر سے باہر نہیں لے کر جانا چاہئے۔ اس سے بچے کی جلد پھٹنے لگتی ہے۔ غسل دینے کے بعد بچے کے پورے جسم پر موئسچرائزر کا استعمال کریں، تاکہ بچے کے جسم میں نمی کی کمی نہ ہو، ’بے بی لوشن‘ اس سلسلے میں بہترین ہے۔ یہ بہترین موئسچرائزر ہے اور یہ بچے میں پانی کی کمی نہیں ہونے دے گا۔ سر سے پاؤں تک لوشن کا استعمال کریں اور اس دوران خیال رہے کہ لوشن بچے کی آنکھوں اورمنہ میں جانے نہ پائے۔
یہ بھی پڑھئے:اکتوبر میں ویج اور نان ویج تھالی کی لاگت میں کمی آئی
موسم سرما میں نوزائیدہ بچے کو لے کر صبح اور شام کے وقت گھر سے باہر نہ جائیں۔ ٹھنڈ سے بچانے کے لئےبچے کو تھوڑی مقدار میں شہد دیں۔ جس کمرے میں بچہ سو رہا ہو، وہاں کی تمام کھڑکیاں اور دروازے بند نہ کریں، بلکہ تازہ ہوا کے گزر کے لئےایک کھڑکی کو ضرور کھولیں اور سوتے وقت بچے کا منہ کبھی نہ ڈھانپیں۔ اس سے بچے کو سانس لینے میں دشواری پیش آسکتی ہے۔اور ہاں، مائیں خود بھی اپنا خیال رکھیں، تاکہ وہ اپنے بچوں کی خوب اچھی طرح دیکھ بھال کر سکیں اس ضمن میں انہیں چاہئے کہ وہ خشک میوہ جاتکا استعمال کریں اور گڑ سے بنی ہوئی اشیاء کھائیں۔ سوپ پئیںاور موسم سرما کے تمام پھلوں اور سبزیوں کا استعمال کریں۔