انسان کی اچھی صحت کا انحصار اس کی غذا پر ہوتا ہے۔ کچھ لوگ زندہ رہنے کے لئے کھاتے ہیں اور کچھ کھانے کے لئے زندہ رہتے ہیں، لیکن کھانا متوازن اور صحت بخش ہو، اس کا خیال رکھنا بے حد ضروری ہے۔
EPAPER
Updated: March 31, 2026, 3:00 PM IST | Odhani Desk | Mumbai
انسان کی اچھی صحت کا انحصار اس کی غذا پر ہوتا ہے۔ کچھ لوگ زندہ رہنے کے لئے کھاتے ہیں اور کچھ کھانے کے لئے زندہ رہتے ہیں، لیکن کھانا متوازن اور صحت بخش ہو، اس کا خیال رکھنا بے حد ضروری ہے۔
انسان کی اچھی صحت کا انحصار اس کی غذا پر ہوتا ہے۔ کچھ لوگ زندہ رہنے کے لئے کھاتے ہیں اور کچھ کھانے کے لئے زندہ رہتے ہیں، لیکن کھانا متوازن اور صحت بخش ہو، اس کا خیال رکھنا بے حد ضروری ہے۔ اس کے علاوہ یہ دیکھنا بھی اہم ہے کہ جو کھانا ہم کھا رہے ہیں، اس کے ہمارے جسم اور ہماری صحت پر کیا اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ اسی طرح روزمرہ کی زندگی میں کچھ عادات بے ضرر سی ہوتی ہیں، جبکہ ہماری کچھ عادات کے صحت پر منفی یا مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ بہت سے لوگ بلاوجہ کھانے کے بھی عادی ہوتے ہیں، انہیں بھوک لگے یا نہ لگے، بس انہیں لگتا ہے کہ کچھ کھانا چاہئے، سو وہ بغیر سوچے سمجھے اس عادت کی تسکین کئے جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: عورت بھی نگراں ہے اپنی ذمہ داریوں کی...
اسی طرح کچھ اور غذائی عادات بھی مضر اثرات کی حامل ہیں، اس لئے ان سے نجات پانا ضروری ہے، یہ غذائی عادات کیا ہیں اور ہمیں کیوں انہیں ترک کردینا چاہئے، اس تحریر میں تفصیل سے جانئے:
کھانا کھانے کے فوراً بعد پھل کھانا
کھانے کے فوراً بعد پھل مت کھائیں، ایسا کرکے آپ اپنے معدہ کے افعال کو متاثر کرتے ہیں، کیونکہ معدے میں پہلے ہی سے کھانا موجود ہے، جو اُس وقت آپ کی آنتوں تک جانے کے عمل سے گزر رہا ہے۔ اس لئے کھانے کے فوراً بعد اگر کوئی پھل نوش کریں گے، تو ہاضمہ متاثر ہوگا، جس کے نتیجے میں معدے اور پیٹ کی تکالیف کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ اس لئے بہتر یہ ہی ہے کہ کھانے کے ایک گھنٹے بعد پھل نوش کئے جائیں یا پھر کھانے سے پہلے کھا لئے جائیں۔ کوئی پھل کھانے کا بہترین وقت صبح سویرے کا ہے، جب معدہ بھی خالی ہوتا ہے، جس کی وجہ سے آپ کا جسم پھل کو بآسانی ہضم کرسکتا ہے اور پورے دن کے لئے آپ کے جسم کو توانائی مہیا کرتا ہے۔ خیال رہے کہ کچھ پھل خالی پیٹ نہیں کھایا جاتا ہے۔ اس لئے پھل کھانے سے پہلے ڈائٹیشین سے مشورہ کر لینا چاہئے۔
کھانے کے بعد چائے نوشی
کھانے کے فوراً بعد اکثر لوگوں کو چائے نوشی کی عادت ہوتی ہے اور وہ چاہتے ہوئے بھی اس عادت سے چھٹکارہ نہیں پاسکتے۔ بعض افراد چائے کی پیالی تیار رکھتے ہیں کہ جیسے ہی وہ آخری لقمہ لیں، ویسے ہی وہ چائے کی چسکیاں لینا شروع کر دیں۔ وہ سوچ بھی نہیں سکتے کہ اس طرح کرکے وہ اپنے جسم اور صحت کو کتنے نقصان سے دوچار کر رہے ہیں۔ چائے میں موجود اجزاء کھانے میں موجود پروٹین کو ختم کر دیتے ہیں، بلکہ کھانا کو ہضم کرنے میں بھی مشکل پیدا کرتی ہے، جس سے قے، گیس، قبض اور اس قسم کی دیگر بیماریاں جنم لے سکتی ہیں۔ اس لئے بہتر یہ ہوگا کہ کھانے سے ایک گھنٹہ قبل چائے پی لی جائے، تو یہ عادی افراد کے لئے بہترین ثابت ہوگا اور وہ بآسانی اس عادت سے دوری اختیار کرسکیں گے۔
یہ بھی پڑھئے: اسکرین سے باہر کی حقیقی دُنیا کیسے دریافت ہو؟
کھانے کے بعد چہل قدمی
کھانے کے فوراً بعد چہل قدمی سے گریز کریں، کیونکہ ایسا کرنے سے کھائے ہوئے کھانے میں موجود ایسڈ جسم میں تیزی سے پھیلنے لگتے ہیں۔ خاص طور پر معدے پر اس کے اثرات تیزی سے پڑتے ہیں، جس سے کھانا ہضم ہونے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ اس لئے کھانے کے فوراً بعد نہیں، بلکہ آدھے گھنٹے کے وقفے کے بعد چلنا بہترین ثابت ہوتا ہے۔ اگر آپ اپنے جسم سے اضافی کیلوریز گلانے چاہتے ہیں، تب کھانے کے ایک گھنٹے بعد ہلکی پھلکی ورزش کرنا بہت اہم ہے۔
غسل کرنا
کھانے کے فوری بعد غسل کرنے سے گریز کرنا چاہئے، کیونکہ ایسا کرنے سے آپ کے ہاتھ پیروں اور جسم کے اوپری حصے میں دوران خون میں تیزی آنے لگتی ہے، جبکہ معدے کے اطراف خون کی روانی میں کمی واقع ہونے لگتی ہے، نتیجتاً کھانا دیر اور مشکل سے ہضم ہونے کی صورت میں سامنے آتا ہے۔ اس لئے غسل کرنے کا بہترین وقت کھانے سے گھنٹے قبل یا بعد کا ہوسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: بچوں کی صحت کا خیال ہے تو موبائل کا استعمال کم کروائیے
کھانے کے فوراً بعد سونا
دن کے کسی بھی وقت پیٹ بھر کھانا کھانے کے بعد سونے کا ارادہ نہ کریں، کیونکہ اس سے آپ کو آرام تو بالکل نہیں ملے گا، اس کی وجہ یہ ہے کہ جب آپ سونے کی کوشش کریں گے تو آپ کا جسم معدے میں کھانے کو ہضم کرنے کے لئے تیزی سے کام کررہا ہوگا، اس سے وزن میں اضافے کا خدشہ بھی بڑھ سکتا ہے۔ اس لئے کھانے کے کم از کم آدھے گھنٹے کے بعد سونے کا ارادہ کریں۔