Inquilab Logo Happiest Places to Work

عیدالاضحی: گھر کی سجاوٹ اِس انداز میں کیجئے

Updated: June 05, 2025, 12:30 PM IST | Odhani Desk | Mumbai

سادہ آئیڈیاز پر عمل کرکے آپ اپنے گھر کو خوبصورت اور نفاست سے بھرپور بناسکتی ہیں۔ ہوسکتا ہے کہ ضرورت سے زیادہ سجاوٹ آپ کو اچھی لگتی ہو لیکن یہی بات آپ کے مہمانوں کیلئے یقین کے ساتھ نہیں کہی جاسکتی، لہٰذا سجاوٹ میں سادگی اور سنجیدگی کے اصولوں کو اپنائیں۔ سادگی اور نفاست والا گھر سب کو بھاتا ہے۔

Prefer light colors in home decoration. Dark colors often feel heavy on the eyes. Photo: INN
گھر کی سجاوٹ میں ہلکے رنگوں کو ترجیح دیں۔ گہرے رنگ اکثر اوقات آنکھوں کو بوجھل محسوس ہوتے ہیں۔ تصویر: آئی این این

عیدالفطر یا عیدالاضحی گھر کی صفائی ستھرائی اور آرائش تو بہرحال ضروری ہے۔ عام طور پر خواتین کا خیال ہے کہ کم بجٹ میں گھر کی آرائش نہیں کی جاسکتی۔ اس کام کے لئے ہزاروں روپے کی سرمایہ کاری درکار ہے۔ بزرگوں کا مقولہ مدنظر رکھئے کہ چادر دیکھ کر پاؤں پھیلانے سے آپ پریشان نہیں ہوتے۔ ذیل میں اسی خیال سے چند تجاویز دی جا رہی ہیں ان میں سے کچھ تو ممکن ہے آپ کی آزمودہ بھی ہوں اور ہوسکتا ہے آپ نے انہیں کبھی اہمیت نہ دی ہو مگر یہ ہیں کام کی چیزیں:
چند چھوٹی چھوٹی تبدیلیاں
 عید کے لئے گھر سجاتے وقت روپے پیسے خرچ میں احتیاط کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ آپ کوئی نئی تصویر دیوار پر آویزاں نہ کریں۔ ڈائننگ ٹیبل اگر لکڑی کے مٹیریل کی ہے تو اس پر پالش کروا لیں یا فرش کے وسطی حصے پر بچھے غالیچے یا قالین کو ڈرائی کلین کروا لیں، غرضیکہ چھوٹی چھوٹی باتوں سے گھر کے ماحول اور آرائش کے نقطہ نظر میں تبدیلیاں لائی جاسکتی ہیں۔
دیوان خانہ کی سجاوٹ
 اگر فرنیچر سادہ ہے تو کوئی بات نہیں، آپ ان کے کور تبدیل کرسکتی ہیں۔ کور کا رنگ وہائٹ اور ہاف وہائٹ بہت اچھا لگے گا۔ صوفے کے چھوٹے کشنز کے غلاف بھی تبدیل کئے جاسکتے ہیں اور یہ مہنگا سودا نہیں ہے۔ بہت اعلیٰ مگر سوتی کپڑے پر کڑھائی کئے ہوئے بلاک پرنٹنگ کے نمونوں سے آراستہ کورز آپ خود ڈیزائن کیجئے۔ پرنٹر کے پاس جا کر بلاکس کا انتخاب کیجئے۔ کپڑا خرید کے انتہائی منفرد اسلوب سے اپنا دیوان خانہ سجا لیجئے جو آپ ہی کے لئے نہیں ہر مہمان کیلئے بہت خاص جگہ ہوتی ہے۔
سادگی کی اہمیت
 سادہ آئیڈیاز پر عمل کرکے آپ اپنے گھر کو خوبصورت اور نفاست سے بھرپور بناسکتی ہیں۔ ہوسکتا ہے کہ ضرورت سے زیادہ سجاوٹ آپ کو اچھی لگتی ہو لیکن یہی بات آپ کے مہمانوں کیلئے یقین کے ساتھ نہیں کہی جاسکتی، لہٰذا سجاوٹ میں سادگی اور سنجیدگی کے اصولوں کو اپنائیں۔ سادگی اور نفاست والا گھر سب کو بھاتا ہے۔ ساتھ ہی گھر کی سجاوٹ میں ہلکے رنگوں کو ترجیح دیں۔ گہرے رنگ اکثر اوقات آنکھوں کو بوجھل محسوس ہوتے ہیں۔
کچن کی سیٹنگ
 بقر عید کے موقع پر باورچی خانے کا سب سے زیادہ استعمال ہوتا ہے۔ اس لئے اس کی سجاوٹ بہت زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔ آپ کچن کی سیٹنگ تبدیل کرسکتی ہیں۔ خاص عید کے موقع پر استعمال ہونے والے ڈنر سیٹ کو خوبصورت سے سجائیں۔ ڈنر سیٹ سے ملتا جلتا میز پوش خرید کر لے آئیں یا خود کی ڈیزائن کریں اور خوبصورتی کے ساتھ پلیٹوں کے ساتھ رکھیں۔ اس دوران رنگ کا خاص خیال رکھیں۔ رنگ ملتا جلتا یا کنٹراسٹ ہو تو بہت خوبصورت لگتا ہے۔
روشنی کا درست استعمال
 کمرے میں روشنی کا خاطر خواہ انتظام ہونا چاہئے۔ اس کے علاوہ، سورج کی تیز روشنی سے بچاؤ کے لئے پردوں یا بلائنڈز کا ہونا بھی ضروری ہے۔ اگر کمرے میں قدرتی روشنی کم آتی ہو تو لیمپس کا استعمال اچھی طرح کریں یا پھر کمرے میں شیشے اس طرح لگائیں کہ وہ روشنی کو کمرے میں منعکس کریں اور گھر یا کمرہ روشن لگے۔
پھولوں سے سجاوٹ
 ہم دل و جان کی گہرائیوں اور خلوص کے ساتھ اپنے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ کیا آپ جانتی ہیں کہ ہمارے گھروں کی چھوٹی چھوٹی آرائشی اشیاء بھی ہمارے جذبوں کی ترجمانی کرتی ہیں مثلاً عید کی رونق بڑھانے کے لئے تازہ پھولوں سے سجے گلدستے یا اعلیٰ تراش خراش اور بناوٹ سے آراستہ مصنوعی پھولوں کے واز اور خوشبو بکھیرتی موم بتیاں ہماری خوشیوں کی عکاسی کرتی ہیں۔
پردے کا انتخاب
 پردے کا کلاسک انداز دنیا بھر میں پسند کیا جاتا ہے۔ آج کل ماڈرن طرز کے رنگز اور راڈ والے پردے پسند کئے جا رہے ہیں۔ کچھ لوگ اب بھی پردوں پر جھالریں لگوانا پسند کرتے ہیں اور پردے بھی ریشمی، جالی دار یا جیکارڈ کے علاوہ ہزاروں ساخت میں دستیاب ہوتے ہیں۔ ہمارا مشورہ مانیں تو پرانے پردوں کی ڈرائی کلیننگ ضرور کروا لیا کریں اور ایک پردہ اضافی بنوا لیں۔ ہر عید پر کمرے کو نئی شکل دینے کے لئے تھوڑی سی بچت اور بڑی سمجھداری کا مظاہرہ کیا کریں۔ پھر آپ ہی کا گھر آپ سے پہچانا نہ جائے گا یعنی اتنا دلکش اور بالکل نیا نیا سا لگے گا۔
غیر ضروری اشیاء ہٹا دیں
 گھر کی سجاوٹ کرتے وقت غیر ضروری اشیاء کو ہٹا دیں۔ اس سے گھر کشادہ محسوس ہوگا۔ اگر آپ گھر کی غیر ضروری اشیاء کو پھینکنا نہیں چاہتی ہیں تو انہیں پلنگ کے اندر موجود جگہ یا ٹنکی کے پاس موجود جگہ پر رکھا جاسکتا ہے۔ عید کے بعد واپس استعمال میں لایا جاسکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK