Inquilab Logo Happiest Places to Work

عیدالاضحی: ابھی سے یہ کام کر لیجئے، کافی سہولت ہوگی

Updated: June 02, 2025, 1:55 PM IST | Syed Shamshad B. Ahmad Ali | Mumbai

ہم روزانہ اپنے گھر کی صاف صفائی کرتے ہیں۔ لیکن جب بات ہو عیدالفطر اور عیدالاضحی کی تو ہم اپنے گھر کے کونے کونے کو صاف کرتے ہیں۔ گھر کی صفائی کے ساتھ ساتھ خواتین کے ذمے کئی کام ہوتے ہیں جنہیں جلد نپٹا لئے جائیں تو عید کے دن مہمانوں کے ساتھ گزارنے کا موقع مل جاتا ہے۔

When should you prepare the items used in special Eid dishes? Image: Ay, this, this
عید کے خصوصی پکوانوں میں استعمال ہونے والے مسالوں کی پیشگی تیاریاں کرلینی چاہئے۔ تصویر: آئی این این

عیدالاضحیٰ کا چاند نظر آتے ہی خواتین تیاریوں میں مصروف ہوجاتی ہیں۔ ان کے لئے گھر کی صفائی سب سے اہم کام ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ عید سے قبل انہیں کئی کام انجام دینے ہوتے ہیں۔ اس مضمون میں ان کی رہنمائی کی جا رہی ہے:
گھر کی صاف صفائی
 ہم روزانہ اپنے گھر کی صاف صفائی کرتے ہیں۔ لیکن جب بھی کوئی مہمان ہمارے گھر آنے والا ہوتا ہے تو ہم اور زیادہ اچھے سے گھر کو صاف ستھرا رکھتے ہیں۔ اور جب بات ہو عیدالفطر اور عیدالاضحی کی تو ہم اپنے گھر کے کونے کونے کو صاف کرتے ہیں۔ دیواروں پر رنگ لگواتے ہیں۔ کہیں بھی دھول، مٹی، داغ دھبے نظر نہ آئیں اور جب مہمان ہمارے گھر آئیں تو ان کو اچھا محسوس ہو۔ اس لئے گھر کی صاف صفائی بے حد ضروری ہے۔
گھر کی سجاوٹ
 گھر کو سجانا اسے خوبصورت بنانا اور ایک اچھا ماحول بنانا ہر خاتون کی خواہش ہوتی ہے۔ عید سے پہلے ہم اپنے گھر کو سجانے کے لئے ساز و سامان خریدنے میں لگ جاتے ہیں جیسے دروازے، کھڑکیوں اور الماری کے لئے خوشنما پردے۔ پلنگ کے لئے چادر اور تکیہ کے کور۔ میز کور، خوبصورت گلدان اور گلدستہ، روشنی، غبارے اور دیواروں پر لگانے کے لئے خوبصورت فریم وغیرہ۔ گھر کی سجاوٹ کے سارے سامان ہم بازار سے خرید کر لاتے ہیں اور اپنے گھر کو سجا کر اور بھی خوبصورت بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔ آپ بھی اپنے گھر کو دیدہ زیب بنانے کی کوشش کرسکتی ہیں۔
باورچی خانہ کی تیاریاں
 جیسا کہ آپ سبھی جانتے ہیں کہ عیدالاضحی پر قربانی کا گوشت ہمیں حاصل ہوتا ہے اور اس گوشت سے ہم لذیذ پکوان بناتے ہیں جیسے بریانی، پلاؤ، کباب وغیرہ۔ کچھ ہفتہ دس دن تک ان لذیذ پکوانوں کو بنا کر کھانے کا سلسلہ چلتا رہتا ہے اور ساتھ ہی ساتھ گھر پر عید ملنے آئے ہوئے مہمانوں کو بھی ہمیں دیکھنا ہوتا ہے۔ اس لئے ان پکوانوں کو بنانے کی کچھ تیاری ہم پہلے ہی سے کرکے رکھ لیتے ہیں جیسے سب سے اہم مسالہ ادرک لہسن کا پیسٹ، برستا اور دیگر مسالے جن کی تیاری ہم پہلے ہی سے کر لیتے ہیں تاکہ ہم کم وقت میں جلد از جلد لذیذ پکوان بنا سکے۔ اسی طرح سے شیر خرما کے لئے بھی پہلے سے بھی میوہ جات ہم کاٹ کر، بھگو کر، سکھا کر رکھ لیتے ہیں تاکہ ہمارا باورچی خانہ کا کام جلد از جلد ہو اور ہم ڈنر سیٹ، کانچ کی پیالیاں، چمچے وغیرہ بھی پہلے ہی سے تیار رکھ لیتے ہیں۔ اس سے یہ فائدہ ہوتا ہے کہ باورچی خانہ کا کام جلدی ہوجاتا ہے اور ہم گھر کے افراد اور مہمانوں کے ساتھ زیادہ وقت گزار سکیں۔
نئے کپڑوں کی خریداری
 جب بھی عید یا کوئی بھی تہوار یا شادی بیاہ کے پروگرام ہو تو گھر کے ہر فرد کے لئے نئے کپڑے خریدے جاتے ہیں۔ عید والے دن بچے، بوڑھے، جوان، مرد، عورتیں سبھی خوشنما، اچھے خوبصورت کپڑے پہن کر عید مناتے ہیں۔ اس سے گھر کا ماحول اور بھی خوشگوار ہوجاتا ہے۔
گوشت کے حصے اور گوشت بانٹنا
 جانور کو ذبح کرنے کے بعد جو غریب، ضرورتمند اور مستحق لوگ ہیں دوست رشتہ دار ہیں جنہیں گوشت دینا ہے۔ ان کے نام کی پہلے ہی سے ایک لسٹ بنا لیتے ہیں کہ کن کن لوگوں کے گھر گوشت پہنچانا ہے اس سے ہمارا کام آسان ہوجاتا ہے اور تھیلیوں کا انتظام بھی پہلے ہی کر لیتے ہیں تاکہ جلد از جلد ہم گوشت لوگوں کو بانٹ سکیں۔ اور جتنی جلد سب کے گوشت پہنچ جائے اتنا اچھا تاکہ وہ لوگ کھانے پینے کی تیاری کریں۔
مل جل کر عید منائیں
 عیدالاضحی کے دن کی شروعات نماز فجر سے کریں۔ اپنے دوست احباب، رشتہ دار اور گھر کے سبھی افراد سے عید ملیں۔ قربانی کا جانور ذبح کریں۔ غریب، ضرورتمند، مستحق دوست احباب اور رشتہ داروں تک گوشت پہنچائیں اور سب کے ساتھ مل جل کر خوشی سے عید منائیں۔ مل جل کر لذیذ پکوانوں کا لطف اٹھائیں۔ رشتہ داروں کو دعوت دیں اور ان کے گھر دعوت میں جائیں۔ اور سب مل جل کر خوشی کے ساتھ اس عیدالاضحی کا خوبصورت تہوار منائیں۔
اپنا دِل صاف کریں
 ہمارے جسم کی باہری صفائی ظاہری خوبصورتی کوئی معنی نہیں رکھتی جب تک کہ اندر کی صفائی اور اندر کی خوبصورتی نہ ہو، اس لئے اپنے اخلاق اور ضمیر کو پاک صاف اور شفاف رکھیں۔ صرف اور صرف قربانی کے جانور کی قربانی نہ کریں اس عید پر اپنے اندر کی ضد، انا، حسد، غلط فہمیاں اور بدگمانیاں قربان کر دیں۔ اپنے دل کو صاف رکھیں تاکہ قربانیاں قبول ہوجائیں۔ اپنے اندر کی ساری برائیوں کو ختم کرنے کی خود کوشش کریں۔ آیئے! اس عید اپنوں کے ساتھ مل جل کر منائیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK