Inquilab Logo Happiest Places to Work

دوسروں کیلئے جینا چاہئے مگر خود کو فراموش کرکے نہیں

Updated: May 26, 2025, 4:21 PM IST | Qamar-un-Nisa Shahid Syed | Mumbai

زندگی کے ہر میدان میں عورت کامیاب رہی ہے اور عام زندگی میں بچوں کی پرورش اور دیگر کاموں کے ذریعے بھی اس نے خود کو ثابت کیا ہے مگر تمام ذمہ داریوں کو بخوبی نبھاتے ہوئے اس نے خود کو نظر انداز کیا۔ بالخصوص صحت کو۔ بہتر ہوگا کہ اپنی اہمیت کو سمجھتے ہوئے اپنی جسمانی و ذہنی صحت کیلئے بھی وقت نکالئے۔

Women should take time to build themselves, understanding their importance. Photo: INN
خواتین اپنی اہمیت کو سمجھتے ہوئے اپنی تعمیر کے لئے وقت نکالیں۔ تصویر: آئی این این

اللہ تبارک و تعالیٰ نے دنیا کی تخلیق آدمؑ اور حواؑ کے ذریعے کی۔ دنیا کی رنگینیوں اور نسل آدم کے آگے بڑھنے کا سلسلہ شروع ہوا۔ اللہ نے انسانوں کو مخصوص مقصد کیلئے پیدا کیا اور انسان کو حقوق العباد اور حقوق اللہ، ان فرائض سے جوڑ دیا۔ اللہ نے کائنات کے تمام کاموں کی تقسیم قرآن مجید کے ذریعے ہم تک پہنچائی۔ دین اسلام میں عورت کو اعلیٰ مقام سے نوازا اور ماں کے روپ میں جنت اس کے قدموں تلے رکھ دی۔ دنیا میں عورت کی زندگی مختلف مرحلوں میں گزرتی ہے، کہیں وہ بیٹی ہے، کہیں بہن بن کر بھائی کے ساتھ محبت اور شفقت سے مسرت بھری زندگی گزارتی ہے، اور شریک حیات بن کر اپنے شوہر کی خدمت میں لگ جاتی ہے۔ ماں بن کر اس کی زندگی کا ایک نیا روپ شروع ہوتا ہے جہاں وہ قربانیاں پیش کرتی ہیں۔
 آج کے ترقی یافتہ دور میں زندگی کے ہر قدم پر عورت شانہ بشانہ مرد کے تمام کاموں میں برابر کی شریک حیات ہے۔ گھر کے کاموں سے لے کر دفتر تک پہنچ چکی ہے۔ کلپنا چاؤلہ موجودہ دور ایسی مثال ہے جس نے خلاء میں عورتوں کو سرخرو کیا۔ آپریشن سیندور کے ذریعے کرنل صوفیہ قریشی نے بتایا کہ عورت اس عہدے پر بھی پہنچ سکتی ہے۔ زندگی کے ہر میدان میں عورت کامیاب رہی ہے اور عام زندگی میں بچوں کی پرورش اور دیگر کاموں کے ذریعے بھی اس نے خود کو ثابت کیا ہے مگر تمام ذمہ داریوں کو بخوبی نبھاتے ہوئے اس نے خود کو نظر انداز کیا۔ اپنی تمام خواہشوں کو پرے رکھ کر دوسروں کیلئے جیتے ہوئے اپنی زندگی میں آگے بڑھتی رہی، یہ وہی عورت ہے جس نے مرد کی ترقی میں اس کا ساتھ دیا، بچوں کی پرورش سے لے کر اس کی کامیابی تک۔ ایک عورت کئی مسائل سے گزر کر دنیا میں خود کو ثابت کرتی ہے اور کبھی پیچھے نہیں ہٹتی مگر تحقیق کہتی ہے کہ زندگی کے ہر میدان میں عورت نے اتار چڑھاؤ کا بخوبی سامنا کیا اور اپنی صحت کو یکسر نظر انداز کردیا۔
 آج اس کی عمر کی حد محدود ہوگئی ہے۔ عورتیں ڈپریشن، شوگر، تھائیرائیڈ اور ایسے متعدد امراض میں مبتلا ہیں اور دواؤں پر منحصر ہوگئی ہیں۔ وہ یہ بھول گئی ہے کہ جب وہ صحت مند رہے گی، تبھی دنیا کو فتح کرسکے گی، تبھی نسلوں کو پروان چڑھا سکے گی۔
 خواتین اپنی صحت کا خیال رکھنے کے لئے ان باتوں پر توجہ دیں:
(۱) اپنے لئے وقت نکالئے
 بعض اوقات ملازمت پیشہ خاتون اتنی مصروف ہوتی ہے کہ اسے اپنی صحت اور کھانے پینے پر دھیان نہیں ہوتا جس کے نتیجے میں کچھ وقت کے بعد ہی اس کی صحت گرنے لگتی ہے۔ اور پھر وہ دواؤں پر منحصر ہوجاتی ہے۔ اس لئے خواتین کو چاہئے کہ اپنے لئے وقت نکالیں اور باقاعدگی سے اپنا چیک اَپ کرواتا رہیں۔ کم از کم مہینے میں ایک مرتبہ ڈاکٹر کے پاس روٹین چیک اَپ کے لئے جائیں۔
(۲) جسمانی صحت کا خیال
 زندگی کی بھاگ دوڑ یونہی جاری رہے گی۔ وقت اور منصوبوں کے ذریعے تمام کاموں کو بخوبی انجام دیجئے۔ اپنی صحت کا خیال رکھئے۔ یہ سب سے بڑی نعمت ہے۔ یہ نعمت جب چھن جاتی ہے، تب احساس ہوتا ہے۔ لہٰذا روزانہ کم از کم ۳۰؍ منٹ ورزش کریں اور صحت بخش غذا کھائیں۔
(۳) اپنی طاقت سے زیادہ کام
 بعض اوقات خواتین اتنی مصروف ہوتی ہیں کہ وہ تمام کام انجام نہ دینے کی طاقت نہ رکھنے کے باوجود کام کرتی رہتی ہیں۔ اپنی تھکن کو بھی نظر انداز کردیتی ہیں۔ انہیں اپنی صحت کے ساتھ کھلواڑ نہیں کرنا چاہئے بلکہ اتنا ہی کام کرنا چاہئے جتنا کرسکتی ہیں۔ ساتھ ہی مدد مانگنے سے کبھی بھی ہچکچانا نہیں چاہئے اور کسی کام کو ’نہ‘ بھی کہنا چاہئے۔
(۵) منفی سوچ سے دوری
 بعض اوقات خود اعتمادی کی کمی کے سبب خواتین دوسروں کو خوش کرنے کیلئے دوسروں کی سوچ کے مطابق خود کو ڈھالتی ہیں اور اس عمل میں اپنے آپ کو کھو دیتی ہیں۔ دوسروں کے مثبت اثرات اپنے اندر جذب کیجئے، اور منفی سوچ سے دوری اختیار کرتے ہوئے اپنے آپ کو ہشاش بشاش رکھئے۔ اپنی شخصیت سازی پر توجہ دیجئے۔
(۶) عبادت اور ورزش کا معمول
 زندگی میں سکون دینے والا ایک اہم ذریعہ ہے عبادت۔ اور ورزش کے ذریعے اپنی صحت کو بہتر بنانے کی کوشش کیجئے۔
(۷) اپنی اہمیت کو سمجھئے
 اپنی اہمیت کو سمجھتے ہوئے اپنی تعمیر کیلئے وقت نکالئے۔ اللہ نے مختصر زندگی دی ہے جسے بہتر طریقے سے گزاریئے۔ دوسروں کیلئے جینا چاہئے لیکن اپنے آپ کو فراموش نہیں کرنا چاہئے۔ مثالی بننے کی کوشش کیجئے۔ اپنے بچوں، پڑوسیوں اور اطراف کے لوگوں کیلئے مثال بنئے۔ ہاؤس وائف ہیں تو کیا ہوا، اپنے کاموں کے ذریعے دنیا کو متاثر کیجئے۔ ہمیشہ خوش رہئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK